بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ، صفر المظفر 1443ھ

نقدونظر ، صفر المظفر 1443ھ


’’چمنستان‘‘ آسان ترجمہ وشرح گلستان

مولانا مفتی عبد الرزاق حقانی صاحب۔ صفحات: ۳۱۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:مکتبہ رشیدیہ، سرکی روڈ کوئٹہ، بلوچستان
دنیا میں کچھ لوگ اللہ تعالیٰ کے خاص اور موفق من اللہ ہوتے ہیں، ان میں ایک شیخ شرف الدین سعدی قدس سرہٗ بھی ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی اصلاح اور تربیت کے لیے خاص ملکہ اور استعداد عطا کی تھی، جس کا شاہکار آپ کی تصنیفات ہیں، ان میں دو کتابیں گلستان اور بوستان بھی ہیں، جو وفاق المدارس العربیہ کے نصاب میں شامل ہیں۔ چونکہ یہ کتابیں فارسی میں ہیں اور یہ زبان تقریباً پاکستان وہندوستان میں متروک ہوچکی ہے، اس لیے طلبہ کرام کو اس کے سمجھنے میں کافی دشواری ہوتی ہے۔ مولانا مفتی عبدالرزاق بن شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد السلام صاحب نے گلستان کا آسان ترجمہ اور تشریح کی ہے، کتاب کے ٹائٹل پر اس کتاب کی خصوصیات درج ذیل تحریر کی گئی ہیں:
۱:-آسان بامحاورہ عام فہم ترجمہ، ۲:- ہر حکایت کی مختصر تشریح، ۳:-پہلی مرتبہ ہر حکایت کی تشریح ایسے انداز میں کہ حکایت سے حاصل مقاصد، فوائد اور اسباق کا بیان، ۴:- ہر حکایت کے صیغہ جات کا مکمل حل، ۵:- ضمیمہ سوالیہ پرچہ جات سالانہ امتحان، ۶:- عام فہم ترجمہ وتشریحات کی بنا پر اساتذہ، طلبہ، طالبات اور عوام الناس سب کے لیے یکساں مفید اور نفع مند ہے۔
اس کتاب پر اکابر علمائے کرام اور مدرسین حضرات کی تقریظات اور تصدیقات ثبت ہیں، جو اس کتاب کی ثقاہت کے لیے کافی دلیل اور شاہد ہیں۔ البتہ چونکہ مؤلف کی زبان پشتو ہے، جس کی بناپر اُردو املا میں کچھ غلطیاں سامنے آئیںگی اور پروف کی بھی کچھ غلطیاں رہ گئی ہیں۔ راقم الحروف کی رائے ہے کہ اگر ایک بار کسی اردوداں سے اس کی تصحیح کرالی جائے تو یہ کتاب اور جاندار ہوجائے گی۔ کتاب کا کاغذ اوسط درجے کا ہے، البتہ ٹائٹل رنگین اور خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

مرغوب الفقہ (مکمل، ۱۴ جلدیں)

حضرت مولانا مفتی مرغوب احمد لاجپوری مدظلہٗ۔ صفحات:۴۴۸۹۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنا کلام بذریعہ وحی حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  پر نازل فرمایا، آپ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے قرآن کریم کی تشریح وتفصیل اور تبیین‘ احادیث کی صورت میں فرمائی۔ فقہائے کرام نے ‘آمدہ غیرمنصوص مسائل کے لیے قرآن وسنت میں غور کیا، قرآن وسنت سے ان مسائل کا استنباط اور اجتہاد کرکے فقہ کے عنوان سے ایک بہت بڑا ذخیرہ مسائل کا جمع کردیا اور مفتیانِ کرام نے ہر دور میں ان فقہی مسائل میں غور وفکر کرکے فتاویٰ کے نام سے کئی مجموع تیار کیے۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی زیرِ تبصرہ کتاب ’’مرغوب الفقہ‘‘ ہے جو چودہ جلدوں میں ۴۴۸۹ صفحات پر مشتمل ۱۲۷ رسائل کا مجموعہ ہے، جن کو حضرت مولانا مفتی مرغوب احمد لاجپوری دامت برکاتہم العالیہ نے تالیف کیا ہے۔ آپ اس مجموعے کے علاوہ کئی اور کتابوں کے بھی مؤلف اور مصنف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو سیال قلم عطا فرمایا ہے، آپ اپنی رائے دینے سے زیادہ اکابر کے فتاویٰ جات سے حوالہ دینا پسند کرتے ہیں، جہاں کہیں اپنی رائے دی تو واضح لکھ دیا کہ اکابر کے فتاویٰ جات میں نظر ثانی کرلیں، اگر میری رائے غلط ہو تو اس کو ٹھکرادیں۔ بہرحال اب ہرایک جلد جن رسائل پر مشتمل ہے، اس کی تفصیل لکھتے ہیں:
جلد:۱... طہارت کے متعلق سات رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۲... کتاب الصلوٰۃ، نماز کے متعلق تین مقالے اور نو رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۳... کتاب الصلوٰۃ، نماز کے متعلق مفید اور کار آمد ۱۳ فقہی رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۴ ... کتاب الجمعہ والعیدین، جمعہ اور عیدین کے موضوع پر ۱۴رسائل کا محقق ومدلل مجموعہ۔ جلد:۵ ... کتاب الجنائز، جنازہ کے موضوع پر ۸ رسائل اور مقالہ کا محقق ومدلل مجموعہ۔ جلد:۶ ... کتاب الصوم، رؤیت ہلال اور روزہ کے متعلق ۱۰ رسائل اور ایک مقالہ کا مجموعہ۔ جلد:۷ ... کتاب الحج، ۱۰ بہترین تحقیقی رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۸ ... زکوٰۃ، اضحیہ، نکاح: زکوٰۃ، قربانی اور نکاح کے متعلق نو رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۹ ... کتاب الحظر والاباحۃ: مفید اور کار آمد ۷ فقہی رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۱۰... کتاب العلم: علم کے موضوع پر مفید اور کار آمد ۱۳ رسائل کا مجموعہ۔ جلد: ۱۱... کتاب الذکر والدعاء: مفید اور کارآمد ۱۴ رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۱۲ ... کتاب العقائد: متفرقات عقائد اور متفرق موضوعات پر مفید اور کارآمد ۸ رسائل کا مجموعہ۔ جلد:۱۳ ... مختلف ۶ رسائل کا مجموعہ۔ جلد: ۱۴...  فقہ اور فتویٰ، سرور النجاح   ترجمہ  الایضاح   شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ زمزم پبلشرز کے کارپردازان کو جزائے خیر دے کہ وہ زرِ کثیر خرچ کرکے عمدہ سے عمدہ اور بہترین علمی معیار کی کتب طبع کراکر اُمتِ مسلمہ کی راہبری کررہے ہیں۔ یہ رسائل کا مجموعہ اس قابل ہے کہ اس کو ہر دار الافتاء، لائبریری اور ہرگھر میں جگہ دی جائے اور ان رسائل کا مطالعہ کیا جائے۔ الحمد للہ!طرزِ تحریر آسان، عام فہم اور دلائل سے مبرہن ومزین ہے۔ کاغذ، کمپوزنگ، طباعت اور جلد ہرایک چیز بہتر سے بہتر معیار کی ہے۔ البتہ پروف کی کچھ اغلاط رہ گئی ہیں، اُمید ہے اگلے ایڈیشن میں اس کی تلافی کردی جائے گی۔

حدیث اور اس کا درجہ کیسے پہچانیں؟!

مفتی منیر احمد صاحب۔ صفحات: ۲۰۳۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتا: جامعہ معہد العلوم الاسلامیہ، متصل جامع مسجد الفلاح، بلاک ایچ، شمالی ناظم آباد، کراچی
مفتی منیر احمد صاحب نے ماشاء اللہ کئی کتابیں تالیف فرمائی ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ تخصصِ فقہِ اسلامی اور تخصصِ حدیث کے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ معلومات بہم پہنچائیں، اور پھر جس مسئلہ کی تخریج اور تحقیق طلبہ سے کراتے ہیں، ان کو عام کرنے کے لیے اس کو کتابی شکل میں چھاپ دیتے ہیں، تاکہ دوسرے علماء اور طلبہ کو بھی اس سے فائدہ ہو۔ زیرِ تبصرہ کتاب ’’حدیث اور اس کا درجہ کیسے پہچانیں؟‘‘ اس میں انہوں نے حدیث تلاش کرنا، حدیث کا حکم بتانا، حدیث پر حکم لگانا، پھر احادیث کی ترتیب باعتبارِ راوی (سند)، باعتبار مروی (متن)، طریقۂ تالیف کے اعتبار سے کتبِ حدیث کی اقسام، سب کچھ اس کتاب میں جمع کردیا ہے۔
بہرحال فنِ حدیث سے اشتغال رکھنے والے علماء کرام اور طلبۂ عظام کے لیے ایک قیمتی اضافہ ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اس کتاب کو قبولیتِ عامہ عطا فرمائے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین