بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر (شوال المکرم ۱۴۴۱ھ)

نقدونظر (شوال المکرم ۱۴۴۱ھ)

 

رب کے احسانات

حضرت مولانا گل رئیس نقشبندی مجددی صاحب۔ صفحات:۱۷۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: قاسم نانوتویؒ لائبریری، جامعہ دارالہدیٰ، جامن روڈ، بنوں۔
بنوں شہر سے تعلق رکھنے والے حضرت مولانا گل رئیس نقشبندی صاحب معروف عالم دین اور سماجی شخصیت ہیں۔ سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ کے سالکین اور عوام الناس کے لیے وقتاً فوقتاً دعوتی اور اصلاحی بیانات کرتے رہتے ہیں، ان خطبات کو ان کے فرزند مولانا محمد عبداللہ حقانی نقشبندی صاحب شائع کرتے رہتے ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب ’’رب کے احسانات‘‘ اسی سلسلۂ مطبوعات کی ایک کڑی ہے۔ 
اس کتاب میں اللہ تعالیٰ کے احسانات کا تفصیلی تذکرہ اور اعمالِ حسنہ کی اہمیت وفضیلت کو بیان کیا گیا ہے۔ کتاب میں مذکور مواعظ سے مسلمانوں کو دعوتِ فکر دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ شریعت اور طریقت کا لطیف فرق بھی اس سے بخوبی سمجھاجاسکتا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کا نفع عام فرمائے اور مؤلف و معاونین کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے۔کتاب کی جلد بندی مضبوط ، کاغذ اعلیٰ ، تزئین و ترتیب بہترین ، ٹائٹل خوبصورت اور طباعت دو رنگی ہے۔ 

مکاتب حفظ وناظرہ کے مسائل اور ان کا حل

قاری محمد شفیق سواتی ومولانا راشد الاسلام یوسف زئی ۔ صفحات: ۳۳۰۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشران: مکتب تجوید القرآن ومکتب بیت القرآن، فیوچر کالونی، لانڈھی ، کراچی نمبر:۲۲
قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور اس کے محافظ خود اللہ تعالیٰ ہیں، حفاظت کے انتظام میں اللہ تبارک وتعالیٰ جس انسان کو چاہیں منتخب فرمالیں۔زیرنظر کتاب میں مکاتبِ قرآنیہ کے ذمہ داران، انتظامیہ ، مہتممین ، علمائے کرام اور قاری صاحبان سے متعلق تمام ضروری مسائل کا حل بتایا گیا ہے، ملک کے گیارہ دارالافتاؤں اور مفتیانِ کرام کے ۲۶۹ فتاویٰ کی روشنی میں ان کی تصدیقات کے ساتھ اس مجموعہ کو مرتب ومدلل کیا گیا ہے ۔ بہرحال یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے ایک منفرد کوشش ہے۔ اُمید ہے باذوق حضرات اس کتاب کی قدرافزائی فرمائیں گے۔

اخلاق العلماء والحفاظ ، اردو ترجمہ أخلاق العماء وحملۃ القرآن

ترجمہ: مولانا احسان الحق صاحب (راولپنڈی)۔ صفحات: ۲۱۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ تعلیم وتربیت راولپنڈی۔ ملنے کا پتہ: جامع مسجد الحکیم اصغر، مال روڈ، راولپنڈی
زیرتبصرہ کتاب ’’اخلاق العلماء والحفاظ‘‘ امام ابوبکر محمد بن الحسین بن عبداللہ الآجری (متوفی:۳۶۰ھ) کی عربی تصنیف ’’أخلاق العماء وحملۃ القرآن‘‘کا اردو ترجمہ ہے، جس میں انہوں نے علمائے کرام اور حفاظ کے اخلاق کو ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ نے علماء کو علم کے ذریعہ صفتِ حلم وبردباری کے ساتھ مزین فرمایا ہے، انہی کی وجہ سے حرام وحلال کی پہچان ہوتی ہے، انہیں کے دم قدم سے مقامِ حق وباطل کا امتیاز، مضر اور مفید کی تمیز اور گندے وستھرے کا پتہ چلتا ہے۔ فضیلت ان کی عظیم،مقام ان کا بہت بڑا، انبیاء کے وارث اور اولیاء کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں۔ حضرت مولانا مشتاق احمد صاحب کو یہ کتاب حاصل ہوئی ، آپ نے اردو دان طبقہ کی آسانی کے لیے مولانا احسان الحق صاحب کو اس کے اردو ترجمہ کے لیے مامور کیا، حضرت ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب دامت برکاتہم نے تقریظ لکھ کر اس کتاب کی توثیق فرمادی۔
علماء کرام اور طلبۂ عظام کو ایک بار اس کتاب کا مطالعہ کرنا بہت مفید ہوگا۔ البتہ اس کتاب کے ترجمہ کا نام اُردو کے الفاظ میں ’’علماء اور حفاظ کے اعلیٰ اخلاق‘‘ یا اس جیسا کوئی اور نام رکھ لیتے تو اصل عربی اور اردو نام میں نمایاں فرق نظر آتا۔کتاب کا کاغذ اعلیٰ اور طباعت دو رنگی ہے۔ 

آسان گھریلو ٹوٹکوں کا انسائیکلوپیڈیا

مولانا مفتی شکیل احمد نقشبندی۔ صفحات: ۳۵۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عشرہ مبشرہؓ، غزنی اسٹریٹ ، اردو بازار، لاہور
مؤلفِ کتاب مولانا مفتی شکیل احمد نقشبندی جامعہ دارالعلوم کراچی کے فاضل اور جامع مسجد مولانا عبدالحق ظفروال کے خطیب ہیں۔ آپ نے اس کتاب میں ایک ہزار سے زائد مفید، آسان اور قیمتی گھریلو ٹوٹکوں کا بہترین مجموعہ تیار کیا ہے، جو ہر گھر کی ضرورت ہے۔ 

اسلام میں حقوق العباد اور بندگی کے تقاضے

سید نذیر احمد بخاری صاحب۔ صفحات: ۴۶۱۔ قیمت: ۶۹۰ روپے۔ ناشر: سید نذیر احمد بخاری
کتاب کے مؤلف کا تعلق ذرائع ابلاغ سے رہا ہے اور بیرون ممالک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں سے بھی ان کا واسطہ رہا ہے اور ان کو بہت قریب سے دیکھا ہے،تو جس طرح وہ حقوق پامال کرتے ہیں اس سے انسان اور جانور میں فرق نہیں رہ جاتا۔ ان کو مسلمانوں سے بھی بجاطور پر شکایت ہے کہ مسلمان بھی اسلام کے فلسفۂ اخلاق سے ناواقفیت کی بناپر حقوق کی ادائیگی میں کوتاہیاں کرتے ہیں، صرف کوتاہیاں ہی نہیں، بلکہ آج کل اس کو اپنے لیے عزت اور شرافت کی بات سمجھا جاتا ہے، جو کہ دینِ اسلام کے سراسر خلاف ہے، حالانکہ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے ارشاد فرمایا: ’’بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَکَارِمَ الْأَخْلَاقِ‘‘ ۔۔۔۔ یعنی ’’میں اعلیٰ اخلاق کی تکمیل کے لیے مبعوث کیا گیا ہوں۔‘‘ خود قرآن کریم نے شہادت دی کہ: ’’وَإِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیْمٍ‘‘ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے ایک فرد نہیں، بلکہ مخلوقات میں سے ہر ہر مخلوق کے حقوق بیان فرمائے ہیں اور اسلام جس طرح حقوق کی حفاظت کی بات کرتا ہے، کوئی اور مذہب اس طرح کی بات نہیں کرتا ۔
بہرحال مؤلف نے بڑی محنت اور عرق ریزی کے ساتھ یہ کتاب مرتب کی ہے ، اور حقوق العباد اور اخلاقِ حسنہ سے متعلق کافی مواد جمع کیا ہے۔ مسلمانوں بلکہ ہر مذہب کے انسان کو چاہیے کہ اس کتاب کو پڑھے اور اپنے اندر جو عملی کوتاہی فروگزاشت ہے، اس کی اصلاح کرے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین