بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر، شعبان ورمضان 1441ھ

نقدونظر، شعبان ورمضان 1441ھ

 

 

فیضِ حسن و اشرف (سوانح حضرت مولانا فقیر محمد پشاوریؒ)

ترتیب وتالیف: حضرت مولانا نجم الحسن تھانوی۔ صفحات: ۳۰۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: دارالتصنیف جامعہ امداد العلوم الاسلامیہ، جامع مسجد درویش، پشاور
حضرت مولانا فقیر محمد نور اللہ مرقدہٗ (ولادت:۱۹۱۱ء، متوفی: ۱۹۹۱ء) حضرت مولانا مفتی محمد حسن اور حکیم الامت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی قدس اللہ سرَّہما کے تربیت یافتہ اور خلیفہ مجاز تھے۔ خشیتِ الٰہی اور خوفِ خدا سے کثرت سے آہ وبکا کرتے تھے، جس کی بناپر آپ کا لقب ہی ’’بَکَّاء‘‘ پڑگیا۔ یہ کتاب ۲۷ سال پہلے تحریر کی گئی تھی، اور اب تقریباً نایاب ہوگئی تھی، اس کو نئی کمپوزنگ کے ساتھ دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔اس کتاب کو چھ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے: ۱:- ابتدائی حالات، ۲:- حضرت حکیم الامتؒ کی خدمت بابرکت میں حاضری اور بیعت واصلاحِ باطنی، ۳:- شیخین کی نظرِ عنایت وتوجہ، ۴:- مختلف واقعات، ۵:- خطوط، ۶:- ملفوظاتِ حکیم الامتؒ منتخب کردہ حضرت مولانا فقیر محمدصاحبؒ۔
اکابر علمائے کرام، اولیاء عظام اور مشائخ کے حالاتِ زندگی اس لیے شائع کیے جاتے ہیں کہ اُن کے حالاتِ زندگی ، دین میں اُن کی محنت اور زندگی بھر اس پر عمل بعد میں آنے والے افراد کے لیے مشعلِ راہ بنے۔ یہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے بہت عمدہ ہے، لیکن املائی اغلاط اس میں کچھ رہ گئی ہیں۔ امید ہے اگلے ایڈیشن میں اس کی تصحیح کرلی جائے گی۔

اُمتِ مسلمہ کی تاریخ ساز مائیں

مولانا محمد ریاض انور گجراتی۔ صفحات: ۷۶۵۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتا: مسجد صحابہ کرامؓ، احسن ٹاؤن کنگنی والا، نزد ریلوے پھاٹک، گوجرانوالہ
قرآن کریم کا ارشاد ہے: ’’ اَلنَّبِيُّ أَوْلٰی بِالْمُؤْمِنِیْنَ مِنْ أَنْفُسِہِمْ وَأَزْوَاجُہٗ أُمَّہَاتُہُمْ۔‘‘ ترجمہ: ’’ نبی سے لگاؤ ہے ایمان والوں کو زیادہ اپنی جان سے اور اس کی عورتیں ان کی مائیں ہیں۔‘‘
خطیب آلِ محمدؐ حضرت مولانا محمد ریاض انور گجراتی حفظہ اللہ تعالیٰ جامعہ نصرۃ العلوم کے فاضل، بہترین واعظ وخطیب اور لاجواب ادیب ہیں۔ ان کے فیضِ قلم سے کئی کتابیں منصہ شہود پر آچکی ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب ’’اُمتِ مسلمہ کی تاریخ ساز مائیں‘‘ میں اُمہات المؤمنین اور ازواجِ مطہرات u کے علاوہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی چاروں صاحبزادیوں، آپ کی رضاعی والدہ حضرت حلیمہ سعدیہ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی حضرت صفیہ بنت عبدالمطلب، سیدہ ام الخیر بنت صخر، سیدہ ام رومان، حضرت اسماء بنت ابی بکر، سیدہ فاطمہ بنت خطاب، سیدہ ارویٰ بنت کریز ، زوجہ حضرت عثمان ذوالنورین حضرت نائلہ، سیدہ سعدی بنت کریز، سیدہ سلافہ بنت سعد جیسی صحابیاتu کے حسین تذکروں کو اس کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 
کتاب ایسی ہے کہ ایک بار اُسے پڑھنا شروع کیا جائے تو بند کرنے کا جی نہیں چاہتا۔اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کو جزائے خیر عطا فرمائے، میں قارئین بینات سے درخواست کروں گا کہ وہ اس کتاب کو ضرور اپنے گھر کی لائبریری کا حصہ بنائیں اور گھر کی مستورات روزانہ اس کی تعلیم کرکے گھر کی بچیوں کو سنائیں، ان شاء اللہ! اس سے بچیوں کی بہت اچھی تربیت ہوگی۔

تذکرۂ اکابر ومشائخ ودارالعلوم

مفتی محمد وہاب منگلوری حقانی۔ صفحات: ۲۵۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: گورنمنٹ دارالعلوم اسلامیہ سیدو شریف، سوات۔
گورنمنٹ دارالعلوم اسلامیہ، سیدوشریف سوات کا ترجمان مجلہ ’’التنسیق‘‘ نے رجب ۱۴۴۰ھ مارچ ۲۰۱۹ء کا یہ خصوصی نمبر ’’تذکرۂ اکابر ومشائخ ودارالعلوم‘‘ بسلسلہ ختم بخاری شریف ودستار بندی فضلاء ۲ اپریل ۲۰۱۹ء نکالا ہے۔ یہ ادارہ تقریباً ستر سال سے اپنے علاقہ میں دینِ متین کی خدمت وتحفظ کا کام کررہا ہے، جس کے اساتذہ بڑے بڑے اکابر ومشائخ رہے ہیں۔ اس رسالہ کے مدیر حضرت مولانا مفتی محمد وہاب منگلوری صاحب حفظہٗ اللہ نے چاہا کہ اپنے فضلاء وطلبہ اور عام لوگوں کو ان اکابر اساتذہ سے روشناس کرایا جائے۔ اس ارادہ سے انہوں نے ایک سوال نامہ بنایا اور سب مشائخ اور ان کے اخلاف کے پاس بھیجا، کچھ نے جواب دیا اور کچھ نے توقف کیا، جن بزرگوں کے حالات انہیں دستیاب ہوئے،ان کو اس کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وادیِ سوات کے کچھ حالات بھی اس کتاب میں آگئے ہیں۔ مطالعہ کا ذوق رکھنے والے احباب کے لیے یہ کتاب عمدہ سوغات ہے۔

انوارِ حق (چار حصے)

افادات: شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد انوار الحق مدظلہٗ۔ صفحات حصہ اول:۳۰۴۔ صفحات حصہ دوم:۳۳۶۔ صفحات حصہ سوم:۳۵۲۔ صفحات حصہ چہارم:۳۶۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ۔
زیرِتبصرہ کتاب حضرت مولانا انوارالحق صاحب مدظلہٗ (مرکزی نائب صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان، ومہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ، اکوڑہ خٹک) کے علمی اور اصلاحی خطبات کا مجموعہ ہے، جسے مولانا حافظ سلمان الحق حقانی صاحب نے حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کی زیرنگرانی ترتیب دیا ہے۔ یہ خطبات حضرت مولانا انوارالحق مدظلہٗ نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مسجد میں اپنے والد بزرگوار حضرت مولانا عبدالحقؒ کی وفات کے بعد ان کے منبر ومحراب پر ارشاد فرمائے ہیں۔ حضرت موصوف کی خاندانی حیثیت، علمی اور انتظامی صلاحیتیں اہل علم میں معروف ہیں۔ زیرِنظر خطبات سے ان کی عمدہ خطابت اور وعظ ونصیحت کی شان نمایاں ہوتی ہے۔ یہ مجموعہ چار حصوں پر مشتمل دو جلدوں میں شائع ہوا ہے، چاروں جلدوں کے کل صفحات ۱۳۶۰ ہیں۔ کتاب کا ٹائٹل خوبصورت، جلد مضبوط اور کاغذ مناسب ہے۔ 
خطبات کا یہ مجموعہ اہم دینی ، اصلاحی اور علمی موضوعات پر معلومات کا بیش بہا ذخیرہ اور علماء ، خطباء ، مبلغین اور عوام الناس کے لیے یکساں مفید ہے۔ یہ گلدستہ سلسلۂ دعوت وارشاد میں ایک خوبصورت اور مفید اضافہ ہے۔ ان شاء اللہ! یہ خطبات ومواعظ ایک امام وخطیب کو کافی حد تک سیراب اور مستغنی کرسکتے ہیں۔ اُمید ہے کہ علماء وخطباء دیگر اکابرین کے مواعظ کی طرح ان مواعظ سے بھی استفادہ کریں گے ۔

’’البصائر‘‘ اردوترجمہ ’’الأشباہ والنظائر‘‘ (حصہ اول)

تالیف: العلامہ زین الدین بن ابراہیم المعروف بابن نجیم الحنفیؒ۔ اردو ترجمہ: مولانا وکیل احمد سکندرپوریؒ۔ تسہیل واضافہ عنوانات: مفتی محمد سلیم صاحب۔ صفحات: ۳۸۵۔ ناشر:شعبۂ تصنیف وتالیف: جامعہ اسلامیہ تعلیم القرآن، مسجد الفلاح، پی۔ای۔ایس۔ایچ۔ایس، بلاک۲، کراچی۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ بالمقابل بنوری ٹاؤن کراچی،و مکتبہ غزنوی ، سلام کتب مارکیٹ، بنوری ٹاؤن کراچی۔
زیرِتبصرہ کتاب ’’الأشباہ والنظائر‘‘کا اردوترجمہ ہے۔ ’’الأشباہ والنظائر‘‘اہل علم کے ہاں مشہور ومعروف کتاب ہے، جو فقہی قواعد وقوانین پر مشتمل ہے ۔ یہ کتاب برصغیر پاک وہند میں تخصص فی الفقہ والافتاء کے نصاب میں بھی شامل ہے اور اس کا ایک اہم ترین حصہ ہے۔ اصل کتاب عربی میں ہے،جس کی عبارت بھی کسی قدر مغلق ہے، اس کی افادیت کو مزید بڑھانے اور نفع عام کرنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ صدی قبل مولانا وکیل احمد سکندر پوریؒ نے اس کا اردو ترجمہ کیا تھا، مگر ترجمہ پرانی اردو میں تھا اور کہیں کہیں ناقص بھی تھا، اس لیے از سرِ نو ترجمہ پر نظرثانی کی گئی ، اور ترجمہ کے ساتھ تسہیل وتشریح کا بھی اہتمام کیا گیا، یہ سب کام حضرت مولانا قاری محمد ضیاء الحق صاحب مدظلہٗ کی زیرنگرانی سرانجام پائے۔ عربی متن بھی تصحیح شدہ شامل کیا گیا ہے۔ اس بات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ جس صفحہ پر جتنا متن ہو، اسی کا ترجمہ بھی ہو۔ تاحال ترجمہ کا پہلا حصہ طبع ہوا ہے، دوسرا حصہ بھی عنقریب شائع ہونے والا ہے۔ کتاب کا کاغذاعلیٰ، ٹائٹل دیدہ زیب، اور طباعت دو رنگی ہے۔ ماشاء اللہ ! کتاب ظاہری ومعنوی خوبیوں سے مزین ہے۔ اُمید ہے کہ مترجمین، مسہِّلین، مرتبین ، مصححین اور ناشر کی اس محنت وکاوش کی قدر افزائی کی جائے گی، فجزاہم اللّٰہ خیرا وأحسن الجزاء۔

مجیب الفتاویٰ

مفتی مجیب الرحمن۔ صفحات:۳۴۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: الحسنین ایجوکیشنل اینڈ ویلفئیر ٹرسٹ(رجسٹرڈ) راولپنڈی
مفتی مجیب الرحمن صاحب (بانی ومدیرجامعہ دارالعلوم محمدیہ راولپنڈی) اپنے دارالافتاء اور مختلف قومی روزنامچوں کے لیے مسائل کے جوابات لکھتے رہتے ہیں۔ زیرِنظر کتاب مفتی صاحب کے اُن فتاویٰ کا مجموعہ ہے جو روزنامہ اوصاف اور ہفت روزہ القلم میں شائع ہوئے ہیں۔ کتاب الطہارۃ، ارکانِ اربعہ(صلوٰۃ، صوم، زکوٰۃ، حج)قربانی، کتاب الحظر والاباحۃ اور متفرق مسائل کے عنوانات اِن فتاویٰ کے مرکزی موضوعات ہیں۔
ماشاء اللہ! تمام مسائل مدلل بیان کیے گئے ہیں۔ تحریری اور فقہی ذوق بھی اچھا ہے۔ اُمید ہے کہ مفتی صاحب کی اس محنت کی قدر کی جائے گی۔ کتاب کا کاغذ اعلیٰ، ٹائٹل خوبصورت اور جلد مضبوط ہے۔ 

باب الریان، فضائل واحکام رمضان

مرتبہ: حضرت مولانا قاری فتح محمد پانی پتیؒ۔ تصحیح و تخریج: مفتی احسان الحق۔ صفحات: ۹۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الحذیفہ، بالمقابل جامعہ اشرف المدارس ، گلستانِ جوہر ، کراچی
زیرنظر رسالہ رمضان المبارک اور اس کے خاص اعمال کے فضائل واحکام سے متعلق ہے، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے۔ اس رسالے کو پڑھ کر ایک مسلمان کے دل میں رمضان اور اس کے مخصوص اعمال کی اہمیت ورغبت پیدا ہوتی ہے اور ان کی درست طریقہ پر ادائیگی کی طرف رہنمائی ملتی ہے۔ رسالہ کافی عرصہ پہلے شائع ہوا تھا۔ اب مفتی احسان الحق صاحب (فاضل جامعہ بنوری ٹاؤن) نے اس کو تحقیق وتخریج کے ساتھ از سرنو شائع کیا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرتب ، محقق اور ناشر سب کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہم سب کو رمضان المبارک کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

محدثین کے مسلَّم امام سیدنا امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ 

ترتیب: مولانا علی محمد قاسمی۔ صفحات: ۹۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: جامعہ اسلامیہ کلفٹن، کراچی
فقہ کے ائمہ اربعہ‘ حدیث میں بھی مہارتِ تامہ رکھتے تھے، سلفاً وخلفاً اس میںکوئی معتبر اختلاف نہیں تھا۔ بعد کے زمانوں میں میں ظہور پذیر ایک طبقہ حضرت امام ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمہ اللہ کے خلاف یہ پروپیگنڈا کرتا ہے کہ حضرت الامام ؒ کوحدیث سے کوئی شغف ودرک نہیں تھا، اس خلافِ حقیقت اور بے بنیاد اعتراض کے جواب میں پہلے بھی بہت کچھ لکھا جاچکا ہے، زیرِنظر رسالے کے مرتب جناب مولانا علی محمد قاسمی صاحب نے بھی اس موضوع پر یہ کتابچہ لکھ کر امام صاحبؒ کے مدافعین میں اپنا نام شامل کرادیا ہے۔ مرتب موصوف نے فقہاء کرام اور محدثین عظام کی تائیدات وتصدیقات اور مکمل حوالہ جات کے ساتھ اپنا مدعا بیان کرنے میں ماشاء اللہ! اچھی محنت کی ہے اور بہترین مواد جمع کیا ہے۔ کتابچہ میں امام صاحبؒ کے حدیث میں مرتبے اور سند حدیث کی وضاحت کے لیے ۱۳ نقشے بھی دیئے گئے ہیں۔کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب، کاغذ اعلیٰ اور طباعت دو رنگی ہے۔ 

خادمانِ قرآن

مؤلف: مولانا محمد جمال۔ صفحات:۱۱۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:حافظ محمد غیور عظیم ۔ ملنے کا پتہ : نفحۃ القرآن، کراچی
زیرِتبصرہ کتابچہ قرآن کریم کی خدمت کرنے والے قراء کرام کے مختصر تعارف و تذکرہ پر مشتمل ہے۔ قراء کرام کی مختلف انواع و اقسام کے اعتبار سے عنوانات قائم کرکے ان کا تذکرہ کیا گیا ہے، مثلاً چند عنوانات یہ ہیں: قراء صحابہؓ کے القابِ قرآنیہ، مشاہیر صوفیاء قرائے کرام، مشاہیر علماء قرائے کرام، مشاہیر مفسرین خادمینِ قرآن، مشاہیر عُمیان خادمانِ قرآن ، ’’بخش‘‘ نامی مشاہیر قرائے کرام، مشاہیر شعراء قرائے کرام، خادمانِ قرآن ائمہ اربعہؒ، حفاظ الاحادیث اکابر قرائے کرام، قلیل المدت حفاظِ قرآن، طویل العمر قرائے کرام، وغیرہ۔
کتابچہ جیبی سائز ہے۔ معنوی خوبیوں کے ساتھ ساتھ ماشاء اللہ! کمپوزنگ، سیٹنگ، کاغذ ، جلد بندی اور ٹائٹل تمام چیزیں عمدہ اور اعلیٰ ہیں۔ کافی محنت سے بہترین مواد جمع کیا گیا ہے۔ قرآن کریم سے شغف رکھنے والوں اور قراء کرام کو بالخصوص اس کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین