بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ، شعبان المعظم 1440ھ

نقدونظر ، شعبان المعظم 1440ھ


تجلیاتِ سواتی  ؒ

مولانا محمد روح اللہ نقشبندی۔ صفحات: ۲۶۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ نقشبندیہ، کراچی
زیرِتبصرہ کتاب جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے سابق ناظم تعلیمات، محدث العصر حضرت علامہ سید محمد یوسف بنوری قدس سرہٗ کے رفیق کار، سلسلہ قادریہ کی معروف روحانی شخصیت، شیخ الحدیث حضرت مولانا فضل محمد سواتی نور اللہ مرقدہٗ کے حالاتِ زندگی پر مشتمل ایک ایمان افروز تذکرہ ہے۔ اس کتاب کو آٹھ ابواب پر تقسیم کیا گیا ہے: پہلا باب:- ابتدائی حالات۔ دوسرا باب:- حضرت شیخ سواتیؒ کے ایمان افروز واقعات۔ تیسرا باب:- کشف وکرامات۔ چوتھا باب:- تبلیغی جماعت سے وابستگی اور محبت۔ پانچواں باب:- ارشادات وملفوظات۔ چھٹا باب:- عربی قصائد اور اُردو اشعار۔ ساتواں باب:- مکاتیب شریفہ۔ آٹھواں باب:- حضرت سواتیؒ کا سفر آخرت۔
کتاب کا کاغذ اعلیٰ ہے، جلد بھی اچھی ہے، لیکن پروف کی اغلاط کافی زیادہ ہیں، اور صفحات بھی کئی جگہ ڈبل آگئے ہیں۔ اُمید ہے کہ اگلے ایڈیشن میں اس کمی کو دور کردیا جائے گا۔

عسکری فقہی مسائل اور اُن کا حل

خطیب العسکر مولانا حکیم محمد عمر فاروق قریشی۔ صفحات:۲۵۶۔ قیمت: ۲۸۰ روپے۔ ناشر: حنفی مجلس عمل پاکستان۔ ملنے کا پتہ: پاکستان کتاب گھر، ٹریفک چوک، جام پور، ضلع راجن پور، پنجاب
مؤلف موصوف دارالعلوم کبیروالہ کے فاضل، جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے متخصص، کئی بزرگوں سے مجاز اور صاحبِ قلم آدمی ہیں۔ یہ کتاب دراصل ان مسائل کے جوابات کا مجموعہ ہے، جو مختلف اوقات اور حالات میں بہادر افواج کے دین سے نسبت رکھنے والے نوجوانوں اور افسران نے آپ سے دریافت کیے۔ تمام مسائل کے جوابات فقہ حنفی کی روشنی میں مدلل انداز میں دیئے گئے ہیں اور یہ مسائل طہارت اور نماز سے لے کر باب الحظر والاباحۃ تک اس کتاب میں موجود ہیں۔ عساکرِ اسلام اور افواجِ پاکستان سے وابستہ افراد کے لیے یہ کتاب نعمتِ غیرمترقبہ سے کم نہیں۔

چہل احادیث (مسائل نماز)

مولانا حافظ ظہور احمد الحسینی ۔ صفحات: ۱۴۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: خانقاہ امدادیہ، حضرو، اٹک۔
حضور اکرم a کے اس ارشاد کی بناپر کہ جو شخص میری اُمت کے دینی اُمور کے متعلق چالیس احادیث یاد کرے گا، اللہ تعالیٰ اس کو قیامت کے روز فقیہ اُٹھائے گااور میں روزِ قیامت اس کی سفارش کروں گا۔اس فضیلت کے حصول کے لیے کئی علمائے اُمت نے مختلف موضوعات کے متعلق ’’اربعین‘‘ جمع اور تالیف کی ہیں۔ 
زیرِنظر کتاب بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، جو نماز کے مسائل کے متعلق ’’اربعین ‘‘ پر مشتمل ہے۔ اس مجموعہ میں مسائلِ نماز کے لیے حدیث کو بطور دلیل اور حدیث کی تشریح کے لیے علمائے اُمت کے اقوال کو بطور توضیح پیش کیا گیا ہے۔ کتاب کے شروع میں امام ابوحنیفہؒ بطور محدث اور فقہ حنفی کا تعارف بھی لکھا گیا ہے۔ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

تذکرہ علمائے ایبٹ آباد

پروفیسر حافظ بشیر حسین حامد۔ صفحات: ۷۱۱۔ قیمت: ۹۸۰ روپے۔ ناشر: دارالکتاب، یوسف مارکیٹ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور
تاریخ نویسی کی ایک مستقل تاریخ ہے۔ بادشاہوں کی تاریخ، سیاست دانوںکی تاریخ، حکماء اور فقہاء کی تاریخ۔ اسی طرح ہردور میں علمائے اُمت کی تواریخ بھی مرتب ہوتی آئی ہیں۔ زیرِنظر کتاب ایبٹ آباد کے علماء کی تاریخ ہے، جس میں ایبٹ آباد اور اس کے مضافات کا جغرافیہ ، محلِ وقوع، مکاتب ومدارس اور کئی کتب کا تذکرہ بھی آگیا ہے۔ تاریخی اور تحقیقی ذوق رکھنے والے احباب کے لیے یہ کتاب عمدہ راہنما ہے اور ہر لائبریری کی ضرورت بھی ہے۔

تین علمی مجالات [صریرخامہ،پرکھ،تحقیق] تعارف واشاریہ

محمد شاہد حنیف۔ صفحات: ۱۱۲۔ قیمت: ۳۰۰ روپے۔ ملنے کا پتہ: کتاب سرائے اردو بازار لاہور
اللہ تبارک وتعالیٰ نے بھائی محمد شاہد حنیف صاحب کو اشاریہ سازی میں موفق اور سباق بنایا ہے، جنہوں نے گزشتہ سالوں میں کئی رسائل وجرائد کے اشاریئے مرتب کرکے دنیائے تحقیق میں ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ زیرِنظر کتاب سندھ یونیورسٹی جام شورو کے شعبہ اردو کے تین جرائد ’’صریرخامہ‘‘، ’’پرکھ‘‘ اور ’’تحقیق‘‘ کا تعارف اور ساڑھے چھ سو مصنفین کے بارہ میں سو سے زائد مقالات ونگارشات کا ۷۲ موضوعات پر مشتمل شمارہ وار مجموعہ ہے۔ امید ہے احباب اس کی قدر افزائی فرمائیں گے۔

’’تحقیق المقال فی رؤیۃ الہلال‘‘ یعنی ’’خیبرپختونخوا میں دو یا تین عیدیں کیوں؟‘‘

مولانا مفتی مطیع الرحمن صاحب (صوابی)۔ صفحات: ۶۰۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: جامع مسجد عمر بن خطابؓ، عبداللہ کالونی، دلہ زاک روڈ چوک، پشاور۔
ہمارے ملک میں رؤیت ہلال کا مسئلہ ایک اختلافی صورت اختیار کر گیا ہے۔ زیرِنظر کتاب میں مؤلف صاحب نے دونوں جانب سے ہونے والے اعتراض کو ذکر کرکے دونوں کا موقف پیش کیا ہے۔ خصوصاً اختلافِ مطالع کے معتبر ہونے اور نہ ہونے سے متعلق انتہائی مدلل انداز میں بحث کی ہے اور علمائے عرب اورپاک وہند کے فتاویٰ کی روشنی میں اسے بیان کیا ہے۔ کتاب اپنے موضوع کے حوالہ سے علمی ماخذ اور حوالہ جات کا دل کش مجموعہ ہے، جس میں خالص ایک فنی اور فقہی مسئلہ کو علمی حقائق اور ٹھوس دلائل کی روشنی میں نئے ادبی اسلوب میں ترتیب دیا ہے۔ کتاب کا کاغذ عمدہ ہے۔ طباعت دو رنگی ہے اور جلد بھی اعلیٰ ہے۔

نماز اور اُس کے ضروری مسائل

حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب، مدیر ماہنامہ الہلال مانچسٹر۔ صفحات: ۳۶۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: المنظر اپارٹمنٹ ۴۵۸، گارڈن ایسٹ، نزد لسبیلہ چوک، کراچی۔
حضور اکرم a سے نماز کے متعلق کئی روایات آئی ہیں، جن کی وجہ سے اُمت میں بظاہر نماز کے پڑھنے میں اختلاف نظر آتا ہے۔ پیشِ نظر کتاب میں کوشش کی گئی ہے کہ نماز کے وہ مسائل جنہیں غیرمقلد حضرات نے حق وباطل کا معرکہ بنارکھا ہے، انہیں نہ صرف یہ کہ قرآن وسنت اور آثارِ صحابہؓ کی روشنی میں واضح کردیا جائے، بلکہ غیرمقلد اکابرین کی تصریحات سے بھی یہ بات کھول دی جائے کہ جن لوگوں نے ان مسائل کو حق وباطل کا معرکہ بنارکھا ہے، وہ کسی فتنہ سے کم نہیں اور یہ خطرناک کھیل ہے، جس سے اُمت میں اتحاد اور اُخوت ومحبت کی بجائے انتشار وافتراق پیدا ہوتا ہے۔
اس کتاب کے مؤلف اس کے علاوہ کئی اور معقول کتب کے بھی مصنف ومؤلف ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کو تحریر اور بات کو سمجھانے کا عمدہ انداز ودیعت فرمایا ہے۔ کتاب کا کاغذ، طباعت اور جلد سب عمدہ اور اعلیٰ ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اس محنت کو منظور ومقبول فرمائے۔ آمین
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین