بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ربیع الثانی ۱۴۴۱ھ

نقدونظر ربیع الثانی ۱۴۴۱ھ

 

شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمۃ اللہ علیہ 

تالیف: مولانا عرفان الحق حقانی۔ صفحات: ۴۱۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: مؤتمر المصنفین جامعہ دارالعلوم حقانیہ، اکوڑہ خٹک، خیبرپختون خوا۔
زیرِ تبصرہ کتاب حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمۃ اللہ علیہ کے تذکرہ و سوانح پر مشتمل ہے۔ حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمۃ اللہ علیہ حضرت مولانا احمد علی لاہوری قدس سرہٗ کے تلمیذ ومسترشد، دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مہتمم واُستاذِ حدیث ، جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر، سابق رکن قومی اسمبلی وسینیٹ، ہزاروں فضلائے حقانیہ ومجاہدینِ افغانستان کے محبوب استاذ، مربی وسرپرست تھے۔ آپ نے ۲۳؍ صفر ۱۴۴۰ھ مطابق ۲؍ نومبر ۲۰۱۸ء بروز جمعہ راولپنڈی میں سفاک دہشت گردوں کے ہاتھوںشہادت کی خلعتِ فاخرہ زیب تن کی تھی۔ آپؒ ہمارے ان اکابر میں سے تھے، جن کی ساری زندگی محنتوں، مجاہدوں اور اعلائے کلمۃ اللہ کی کوششوں میں گزری ہے۔ اشاعتِ دین کا کوئی ایسا کام اور ایسا راستہ نہیں جو آپ نے اختیار نہ کیا ہو۔ درس وتدریس، جہاد، تحریکات، ادب وتاریخ، تصوف، دینی، قومی، ملی اور سیاسی ہر موضوع پر آپ کی وسیع اور روشن خدمات ہیں۔ 
مولانا عرفان الحق حقانی صاحب -جو حضرت مولانا سمیع الحق شہید رحمۃ اللہ علیہ کے بھتیجے، داماد اور دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے استاذ ہیں- نے حضرت شہیدؒ کی سوانحِ حیات مرتب کی ہے، جس میں حضرت شہیدؒ کی زندگی کے مختلف گوشوں اور ہمہ جہت خدمات پر روشنی ڈالی ہے۔ 
یہ کتاب ’’عند ذکر الصالحین تنزل الرحمۃ ‘‘ کا مصداق اور ایک تاریخی دستاویز ہے۔ حضرت شہیدؒ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ اُمید ہے کہ قارئین اس مشعل سے راہنمائی پائیں گے۔ کتاب کا کاغذ اور طباعت وغیرہ عمدہ ہے۔

آؤ !معرفت پائیں

ابنِ صدیق۔ صفحات: ۳۳۲۔ قیمت:درج نہیں۔ ناشر: الخلیل پبلشنگ ہاؤس، راولپنڈی ۔
زیرِ تبصرہ کتاب ’’آؤ! معرفت پائیں‘‘ میں قرآن کریم کی آیات پر عنوان قائم کرکے ان کا ترجمہ اور تشریح کی گئی ہے، اسی طرح ’’اسماء الحسنی‘‘ میں سے بھی ہرہر اسم کی تشریح کی گئی ہے۔ کتاب کو بارہ عنوانات پر تقسیم کیا گیا ہے:
۱:-حیاۃِ طیبہ، ۲:-قرآن مجید، اسماء الحسنیٰ، ۳:-قصص القرآن، ۴:-حدیث حجت ہے،  ۵:-گناہ کے نقصانات، ۶:-گناہ کے نقصانات دنیا میں، ۷:- گناہ کے نقصانات آخرت میں، ۸:-تشخصِ اقوام کے اُصول، ۹:-مثنوی سے استفادہ، ۱۰:-مسلمان کا مقام اور کام، ۱۱:-اللہ تعالیٰ ہمارا مقصد ہے۔
کتاب کی جلد بندی، طباعت اور کاغذ عمدہ ہے۔ بہرحال اس کتاب کا مطالعہ فائدہ سے خالی نہیں۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین