بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ، ربیع الاول 1442ھ

نقدونظر ، ربیع الاول 1442ھ

 

ترجمہ اور ترکیب سیکھیں

مولوی واصف احمد مالیگانوی۔ صفحات: ۱۹۱۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عزیزیہ، دکان نمبر: ۱۷، سلام کتب مارکیٹ، بالمقابل جامعہ بنوری ٹاؤن، کراچی
اس کتاب کے مؤلف مولوی واصف احمد دارالعلوم دیوبند کے متعلم ہیں، انہوں نے اس کتاب میں قواعد اور اصطلاحات کے بیان کے ساتھ بطور خاص ترجمہ اور ترکیبِ نحوی کے سکھانے پر توجہ کو مرکوز کیا ہے، اس لیے کہ عام طور پر ان دوچیزوں میں طالب علم کمزورہوتاہے۔ کتاب کے شروع میں اکابر علمائے کرام کی تصدیقات و تقریظات کتاب کی ثقاہت کی بین دلیل ہیں۔

آپ ترکیبِ نحوی کیسے کریں؟

حضرت مولانا حسین احمد صاحب ہردواری۔ صفحات: ۶۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عزیزیہ، دکان نمبر: ۱۷، سلام کتب مارکیٹ، بالمقابل جامعہ بنوری ٹاؤن، کراچی
زیرِتبصرہ کتاب کا یہ جدید ایڈیشن ہے۔ عربی عبارات پر صحیح اعراب پڑھنے اور ترکیبِ نحوی سیکھنے کے لیے یہ عمدہ کتاب ہے، جس کا مطالعہ کرنے سے ترکیبِ نحوی کرنا اور عبارت پر صحیح اعراب پڑھنا آسان ہوجائے گا۔

درسی سیرتِ نبوی

مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی صاحب۔ صفحات: ۱۶۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ ختم نبوت، نوشہرہ، K.P.K 
زیرِ تبصرہ کتاب ’’درسی سیرتِ نبوی‘‘ کے کل پچاسی اسباق بنائے گئے ہیں۔ ہر سبق کے آخر میں ’’مشق‘‘ کے عنوان سے سوالات ترتیب دیئے گئے ہیں، تاکہ اس سبق کا خلاصہ سوال وجواب کی صورت میں ذہن نشین ہوجائے۔ یہ کتاب دینی مدارس، مکاتب، اسکول و کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے علاوہ عام مسلمانوں کے لیے بھی عشق ومحبت سے معمور سیرتِ نبوی علی صاحبہا الصلوۃ والسلام پر مشتمل مختصر اسباق کا دلآویز مجموعہ ہے۔

کلیاتِ انوری (جلد اول)

حضرت مولانا محمد انوری لائل پوری رحمۃ اللہ علیہ ۔ ترتیب و حواشی: صاحبزادہ محمد راشد انوری، نبیرہ حضرت مولانا محمد انوری لائل پوریؒ۔ صفحات: ۶۲۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: محمد راشد انوری، بلال انٹرپرائزز، نزد جامع مسجد ناظم آباد نمبر ۲، کراچی
حضرت مولانا محمد انوری لائل پوری رحمۃ اللہ علیہ شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن قدس سرہٗ کے خادم و خلیفہ مجاز ، حضرت علامہ سید انور شاہ کشمیری نور اللہ مرقدہٗ کے تلمیذ اور حضرت مولانا شاہ عبد القادر برد اللہ مضجعہٗ کے خلیفہ تھے، جنہوں نے مندرجہ ذیل رسائل تحریر کیے: سیرتِ خاتم الانبیاء، العجالۃ، داڑھی سے متعلق شرعی فیصلہ، أحادیث الحبیب المتبرکۃ، چہل حدیث، اربعین، حنفی مسلک کی احادیث ، الصلوۃ یعنی نماز مترجم، فضائلِ مکہ مکرمہ، ملفوظاتِ حضرت رائے پوریؒ، مکتوباتِ بزرگاں، میری پہلی حاضری۔ان تمام رسائل کو جدید کمپوزنگ، خوبصورت ٹائٹل، عمدہ کاغذکے ساتھ دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ امید ہے صاحبِ ذوق حضرات اس کتاب کی قدر افزائی کریں گے۔

دعوت الی الحق

مولانا عبد المنان معاویہ صاحب۔ صفحات: ۲۲۷۔ قیمت: ۵۰۰۔ ناشر: ادارہ تصنیف و تالیف ، الٰہ آباد، تحصیل لیاقت پور، ضلع رحیم یارخان
زیرِ تبصرہ کتاب ’’دعوت الی الحق‘‘ (بسلسلہ دفاعِ اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ) کے مؤلف، کئی کتابوں کے مرتب و مؤلف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تحریر کا عمدہ سلیقہ ودیعت فرمایا ہے، خصوصاً دفاعِ صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے بارہ میں تو آپ کو اختصاص کا درجہ حاصل ہے۔ اس کتاب میں شیعہ حضرات کی طرف سے کیے گئے تقریباً ۳۵ سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے گئے ہیں۔ کتاب لائقِ مطالعہ ہے۔

مصعاد الصرف علی إرشاد الصرف

تالیف: مفتی معراج احمد مارتونگی صاحب۔ صفحات: ۲۴۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ صدیقیہ، محلہ عیسیٰ خیل، مینگورہ، سوات۔
مفتی معراج احمد صاحب جامعہ دارالعلوم کراچی کے فاضل اور عربی لغت کے ماہر ہیں۔ انہوں نے فارسی زبان میں صرف کی ابتدائی اور مشہور کتاب ’’إرشاد الصرف‘‘ کو طلبہ کی آسانی کے لیے عربی قالب میں ڈھالا ہے۔ اس کتاب کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں کہ: ۱:-ہر قاعدہ کا مختصر خلاصہ، پھر اس کی تفصیل احکام وشرائط کے ساتھ بیان کی گئی ہے۔ ۲:- قاعدہ بیان کرنے کے بعد اس کی تمارین دی گئی ہیں۔ ۳:-ملاحظہ کے عنوان کے تحت خاص خاص مضامین اور قواعد کی تسہیل بیان کی گئی ہے۔اس کے علاوہ بھی طلبہ کرام کی سہولت کے لیے کافی کام کیا گیا ہے۔ البتہ کتاب کا کاغذ اس کتاب کے شایانِ شان نہیں۔ اُمید ہے اگلا ایڈیشن اس سے بہتر ہوگا۔ اُمید ہے کہ صرفی حضرات اس کتاب کی قدر افزائی فرمائیں گے۔

’’أُولِي الْأَمْرِ مِنْکُمْ‘‘ فرقانِ حمید کی نادر اصطلاح

پروفیسر ڈاکٹر ارشاد شاکر اعوان صاحب۔ صفحات:۸۴۔ قیمت: درج نہیں۔ اہتمام: نعت اکادمی، پوسٹ بکس نمبر: ۲۵، فیصل آباد
اس کتابچہ میں مؤلف موصوف نے مذکورہ آیت ’’أُولِي الْأَمْرِ مِنْکُمْ‘‘ کی تشریح وتفسیر میں اگرچہ علماء کرام کی تفاسیر وتشریحات کا حوالہ دیاہے، جس سے بظاہر یہ تأثر دیا گیا ہے کہ یہ تمام تفاسیر غلط ہیں اور بزعمِ خویش مؤلف موصوف نے جو تفسیر لکھی ہے وہ صحیح اور معتبر ہے، حالانکہ یہ صرف پروفیسر صاحب کے اپنے خیالات ہیں، سوائے علمائے کرام پر طعن وتشنیع کرنے اور اُن کی طرف سے کی گئی تفسیر وتشریح کو غیر معتبر قرار دینے کے کوئی تحقیقی اور مستند بات اس کتابچہ میں نہیں کی گئی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ایسی کج روی اور گمراہی سے اُمتِ مسلمہ کی حفاظت فرمائے، آمین

اجتماعی اجتہاد وتصورِ اقبال اور امالی غلام محمد (قرآن وسنت کی روشنی میں)

پروفیسر ڈاکٹر ارشاد شاکر اعوان صاحب۔ صفحات: ۱۱۲۔ قیمت: ۳۸۰ روپے۔ اہتمام: نعت اکادمی، پوسٹ بکس نمبر: ۲۵، فیصل آباد
بعض حلقوں کی طرف سے یہ کہا جاتا ہے کہ علمائے کرام تقاضائے وقت سے نابلد ہیں اور انہوں نے اجتہاد کا دروازہ بند کررکھا ہے، حالانکہ دین کا کوئی ایسا مسئلہ نہیں جو علمائے کرام نے حل کرکے نہ بتلادیا ہو۔ اصل میں ان لوگوں کی غرض یہ ہے کہ لوگوں کی خواہشات جس چیز کو وقت کا تقاضا سمجھیں، علمائے کرام بلاتکلف اسی کی حلت اور جواز کا فتویٰ دے دیں، اس لیے کہا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ کو اجتہاد کرنے کا حق ہے، گویا وہ شریعت کو جانیں یا نہ جانیں، وہ جو کچھ کہیں وہ حق، سچ اور شریعت ہے، نعوذ باللّٰہ من ذٰلک۔ ایسا کرنا شریعت کو اپنی خواہشات کی لونڈی بنانے کے سوا کچھ نہیں۔
زیرِ تبصرہ کتاب کے مؤلف بھی یہی کچھ کہنا چاہتے ہیں اور قرآنی آیات کا غلط مفہوم اور مطلب اپنی خود ساختہ رائے سے کرکے اس کوقرآنی حکم ثابت کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایسے زیغ وضلال اور قرآن کریم میں اپنی خود ساختہ رائے زنی سے سب کی حفاظت فرمائے۔ آمین
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین