بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ذوالقعدۃ 1444ھ

نقدونظر ذوالقعدۃ 1444ھ

 

گلدستۂ احادیث 

مفتی محمد ثناء الرحمٰن صاحب۔ صفحات :۷۲ ۔قیمت: درج نہیں ۔ ملنے کا پتہ: جامع مسجد اسلامیہ، بطحاء ٹاؤن، بلاک این، نارتھ ناظم آباد، کراچی 
علمائے امت کا ہر دور میں یہ ذوق رہا ہے کہ وہ کسی ایک موضوع پر حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  کے ذخیرۂ احادیث میں سے چالیس احادیث جمع کرتے ہیں، تاکہ حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  کی اس بارہ میں جو بشارت ہے وہ ان کو بھی حاصل ہو جائے۔ اس ذوق کو سامنے رکھتے ہوئے حضرت مولانا مفتی ثناء الرحمٰن صاحب نے چالیس احادیث عقیدہ ٔ ختمِ نبوت کے عنوان پر اور مزید چالیس احادیث نزولِ سیدنا عیسیٰ  علیہ السلام  اورحضرت سیدنا مہدی علیہ الرضوان کے عنوان پر جمع ہیں اور اُردو میں ان کا ترجمہ نقل کیا ہے۔ مقصود یہ ہے کہ مساجد کے ائمہ کرام پانچوں نمازوں میں سے کسی ایک نماز سے پہلے یا بعد میں اس مجموعہ میں سے روزانہ ایک ایک دو دو احادیث نمازی حضرات کو سنادیں ، تو ان شاء اللہ! ان کو بھی اس عقیدہ کے بارہ میں کافی آگاہی بھی ہوجائے گی اور اس سے جہاں ان کا عقیدہ مضبوط اور محفوظ ہوگا، وہاں وہ دوسروں کے عقیدہ کی حفاظت کا بھی ذریعہ بنیں گے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مولانا موصوف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہم سب کے لیے آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے، آمین ۔

فاتحِ قادیان مولانا محمد حیات رحمۃ اللہ علیہ : سوانح وافکار 

حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی مدظلہ۔ صفحات :۲۵۴۔ قیمت :درج نہیں ۔ ناشر: قاضی احسان اکیڈمی، مدرسہ تعلیم القرآن صدیقیہ، صدیق آباد، جلال پور پیر والا روڈ، بستی مٹھو، شجاع آباد 
حضرت مولانا محمد حیات رحمۃ اللہ علیہ  کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے تردیدِ قادیانیت کے لیے موفق بنایا تھا۔ آپ نے جہاں قادیانیوں سے مناظرے کیے اور ان کو شکستِ فاش دی ،اسی طرح تردیدِ قادیانیت کےلیے اپنے شاگرد وں کی عظیم جماعت بھی تیار کی، جن میں سے حضرت مولانا اللہ وسایاصاحب اور حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی صاحب اس جماعت کو اور جماعت کے مبلغین کو لے کر چل رہے ہیں ۔ حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی صاحب نے اپنے استاذ ومربی حضرت مولانا محمد حیات رحمۃ اللہ علیہ  کی سوانح ترتیب دی ہے۔ کتاب کو سات ابواب پر تقسیم کیا گیا ہے ،جس کی تفصیل یہ ہے :
بابِ اول :فاتحِ قادیان: حیات وخدمات۔ 
بابِ دوم :مسلمانوں اور قادیانیوں کے درمیان متنازع فیہ مسائل ۔
بابِ سوم: بحثِ کذب وصدق مرزا قادیانی۔ 
بابِ چہام :حیاتِ عیسیٰ علیہ السلام ۔
بابِ پنجم :بحثِ مسئلہ ختمِ نبوت ۔
بابِ ششم :ایک خط کا جواب ۔
بابِ ہفتم: متفرق مضامین ۔
یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے ایک بہترین مختصر مگر پر اثر انسائیکلوپیڈیا ہے، جو کئی جہتوں کو اپنے اندر سموئے ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ امت کے لیے اسے نافع بنائے۔

مکاتیب المشائخ 

جمع وترتیب: مولانا صاحبزادہ محمد زکریا قریشی صاحب۔ صفحات:۲۵۴۔ قیمت: درج نہیں۔
 سلسلۂ نقشبندیہ کے عظیم بزرگ مرشد العلماء والصلحاء حضرت مولانا خواجہ خان محمد قدس سرہٗ کے خلیفہ اجل شیخ المشائخ حضرت مولانا عبد الغفور قریشی  رحمۃ اللہ علیہ  تھے، جنہیں اللہ تبارک وتعالیٰ نے بہت سی خوبیوں سے نوازا تھا، آپ اپنے اکابر کی طرح خط وکتابت کے ذریعے استفادہ اورافادہ کیا کرتے تھے، اس لیے کہ خط وکتابت ہر زمانہ میں نہ صرف یہ کہ اس وقت کے حقیقی واقعات پر مشتمل ہوتی ہے، بلکہ زندگی گزارنے کے اصول اور اسرار بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہوتی ہے، جس میں بعد میں آنے والوں کے لیے ایک مستند راہنمائی ہوتی ہے، جیسا کہ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ کی خط وکتابت پر مشتمل کتاب تربیت السالک چار جلدوں پر مشتمل ہے، جو سلوک کی راہ میں پیش آنے والے اشکالات اور ان کے جوابات پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب آج بھی اہلِ سلوک کےلیے بہترین راہ نمائی کا ذریعہ ہے۔
اس کتاب میں تقریباً ۲۰۴ خطوط کو شامل کیا گیا ہے، کچھ خطوط وہ ہیں جو حضرت مولانا عبدالغفور قریشی صاحبؒ نے اپنے شیخ حضرت خواجہ احمد خان صاحبؒ کو لکھے، اور کچھ حضرت خواجہ صاحبؒ کی جانب سے مولانا عبد الغفور صاحبؒ کو لکھے گئے اور کچھ دوسرے مشائخ کے نام اور کچھ آپ کے متوسلین کے آپ کے نام لکھے گئے خطوط ہیں۔ بہرحال! یہ تمام خطوط عمدہ نصائح اور فوائد پر مشتمل ہیں، جنہیں مولانا محمد زکریا قریشی صاحب نے بڑی محنت سے یک جا کردیا ہے، جو قابلِ تحسین اور لائقِ تبریک کاوش ہے اور آپ کے مریدین اور آپ کے تمام سالکین کےلیے ایک نایاب تحفہ ہے۔
اللہ تبارک تعالیٰ اس محنت کو قبول فرمائے۔ کتاب کا کاغذ اعلیٰ اور معیاری ہے۔

أحکام الایتلاف في أحکام الاختلاف(اختلافِ حق وناحق کی تفصیل )

تحریر: حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ۔ نظرثانی وترجمہ: حضرت مولانا احمد حسن صدیقی،فاضل دارالعلوم دیوبند ،خطیب جامع مسجد خیر البشر، بلاک جے ،نارتھ ناظم آباد، کراچی۔ صفحات: ۶۳۔ قیمت: درج نہیں ۔ ناشر: مدنی کتب خانہ کراچی، مدنی منزل، آر ۷۹۹، سیکٹر: ۱۶-اے، گلشن اسلام، بفرزون، کراچی۔
اللہ تبارک تعالیٰ نے جس طرح انسانوں کی ظاہری شکلیں اور صورتیں بنائی ہیں ،اسی طرح انسانوں کے عقل وشعور اور سوچنے سمجھنے کی استعدادیں بھی متفرق بنائی ہیں، گویا ذی شعور معاشرہ میں اختلاف کا ہونا قدرتی امر ہے، یہ ناممکن ہے کہ تمام انسان ایک بات پر متفق ہوں ، اسی طرح یہ بھی صحیح نہیں کہ ہر اختلاف بر اہو۔ اب کونسا اختلاف صحیح اور کونسا برا ہے؟ اس بارہ میں ہمارے اکابر نے ہر دور میں امت کی راہنمائی کے لیے مضامین اور رسائل تحریر کیے ہیں ۔ ان میں سے ایک حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ کا زیرِ تبصرہ رسالہ بنام ’’أحکام الایتلاف في أحکام الاختلاف‘‘ ہے، یعنی اختلافِ حق اور اختلافِ ناحق کی تفصیل، جس کا حاصل یہ ہے کہ ہر اختلاف مذموم نہیں۔ حضرت مولانا محمد عبداللہ الاسعدی صاحب حفظہ اللہ نے مختلف رسائل اس موضوع پر جمع کیے تھے، توان میں حضر ت تھانویؒ کا یہ رسالہ مستقلاً انہوں نے شائع کیا ،جس کی نظر ثانی وترجمہ حضرت مولانا احمد حسن صدیقی صاحب نے کیا ہے اور مدنی کتب خانہ نے اسے شائع کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ موجودہ دور میں علماء، طلبہ اور عوام کے لیے یہ رسالہ انتہائی مفید ہے ۔ ان شاء اللہ! اس کے مطالعہ سے اختلاف کی حدود وقیود کا جہاں علم ہوگا، وہاں اختلاف کے بارہ میں افراط وتفریط سے بچنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

آسان نماز، چالیس مسنون دعائیں اور چالیس احادیثِ نبویہ علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والسلام

حضرت مولانا محمد عاشق الٰہی صاحب بلند شہری رحمۃ اللہ علیہ ۔ صفحات:۶۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: علم وعمل بکڈپو، اردو بازار، کراچی 
اللہ تبارک تعالیٰ نے اُمت کی ہدایت ورہنمائی کےلیے حضرت مولانا محمد عاشق الٰہی بلند شہری نور اللہ مرقدہٗ کی تحریرات اور کتب ورسائل کو مقبولیتِ عامہ سے سرفراز فرمایا ہے۔ آپ نے قرآن کریم کی تفسیر سے لے کر چھوٹے بچوں کے لیے نماز کے رسالہ تک کتب تحریر فرمائی ہیں اور باذوق لوگوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا ہے۔
یہ رسالہ بھی قرآنی مکا تیب میں پڑھنے والے بچوںکے لیے مرتب فرمایا ہے، جس میں وضو، نماز کے مسائل اور طریقہ، دعائیں اور مختصر احادیث جمع کی ہیں ۔ یہ رسالہ آج کے دور میں ہر گھر کے لیے ایک ضرورت کا درجہ رکھتا ہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ حضرتؒ کی اس محنت کو آپ کے رفعِ درجات کا ذریعہ بنائے اور اُمتِ مسلمہ کو اس سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے،آمین ۔

مانگیے اپنے رب سے!

مفتی محمد ثناء الرحمٰن صاحب۔ صفحات :۱۳۶ ۔قیمت: درج نہیں ۔ ناشر: مکتبہ دارالخلیل۔ ملنے کا پتہ: مدرسہ مفتاح العلوم ، جامع مسجد اسلامیہ، بطحاء ٹاؤن، بلاک این، نارتھ ناظم آباد، کراچی 
یہ کتاب اسماء الحسنیٰ، صبح وشام کی مسنون دعاؤں، استغفار کے الفاظ پر مشتمل چالیس دعاؤں، منزل، دعائے انسؓ اور دیگر مجرّب اعمال اور دعاؤں پر مشتمل مفید مجموعہ ہے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین