بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر، ذوالحجہ 1434ھ

نقدونظر، ذوالحجہ 1434ھ

 

  ہفت اولیاء(منظوم)
جناب انجم نیازی صاحب۔ صفحات: ۲۸۸۔ قیمت: درج نہیں۔ناشر: دارالامین لاہور۔ملنے کا پتہ :مکتبہ صفدریہ، ماڈل ٹاؤن بی ،بہاول پور۔موبائل نمبر:0307-5687800 ۔
جناب انجم نیازی صاحب کو اللہ تعالیٰ نے اس بات کی خوب توفیق اور سعادت نصیب فرمائی کہ آپ نے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے فضائل اور مناقب میں آٹھ گراں قدر اور عظیم کتب بہت ہی قلیل مدت میں منظوم انداز میں عشاقِ صحابہ کرامؓ کے سامنے پیش فرمادیں، جن کے نام یہ ہیں: پہلاصحابیؓ، مراد مصطفیؓ، ذوالنورینؓ، فاتح خیبر شیر خدا علی المرتضیٰؓ، فاتح قبرص سیدنا امیر معاویہؓ، یارانِ رسول، حسنین کریمینؓ، صدیقۂ کائنات ام المؤمنین عائشہ صدیقہؓ، میری امی جان حفصہؓ اور اب زیر تبصرہ کتاب صحابہ کرامؓ کے سات دیوانوں، پروانوں اور ترجمانوں کا روح پرور ایمان افروز تذکرہ ’’  ہفت اولیاء‘‘ کے نام سے منظوم کیا ہے، اور ہر ایک کے شروع میں ان کے چیدہ چیدہ مختصر حالات بھی نثر میں قید تحریر میں لائے ہیں۔ ان ہفت اولیاء سے مراد: شیخ العرب والعجم مولانا سید حسین احمد مدنیؒ، امام اہل السنۃ والجماعۃ علامہ مولانا عبدالشکور لکھنویؒ، حافظ الحدیث حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستیؒ، قائد اہل سنت وکیل صحابہؓ حضرت مولانا قاضی مظہر حسینؒ، وکیل صحابہؓ   حضرت مولانا قاضی عبداللطیف جہلمیؒ، مناظر اسلام حضرت مولانا علامہ عبدالستار تونسوی نور اللہ مراقدہم اور محقق اہل سنت حضرت مولانا محمد نافع صاحب مدظلہ ہیں۔
ان بزرگوں کے منظوم انداز میں تذکرہ پر مشتمل یہ غالباً پہلی کتاب ہے۔ امید ہے ان علماء کرام اور بزرگانِ دین سے محبت رکھنے والے اس کتاب کی خوب قدر افزائی فرمائیں گے۔
اے میرے لخت جگر
ابوعثمان ماسٹر عبدالرؤف صاحب۔ صفحات :۲۹۶۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر :الرشید پبلی کیشنز مراد پور،پی او(ڈاکخانہ) قریشی والا ، لودھراں۔
زیر تبصرہ کتاب ’’اے میرے لخت جگر‘‘ مؤلف نے اخبارات ورسائل کے سمندر میں غوطہ زن ہوکر بہت ہی قیمتی ہیرے اور جواہرات نکال کر اسکول وکالج اور دینی مدارس کے طلبہ کے لیے ایک خوبصورت مالا تیار کی ہے، اس کتاب کو مؤلف نے ۱۶؍ ابواب میں تقسیم کیا ہے، جن کے نام یہ ہیں:
باب نمبر:۱…رب کا شکر ادا کر بھائی!۔باب نمبر:۲…والدین کی قدر کیجئے!۔ باب نمبر:۳…ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا۔ باب نمبر:۴…مقامِ عبرت۔ باب نمبر:۵… وقت کی قدروقیمت۔ باب نمبر:۶… کتاب بہترین ساتھی ہے، کتاب دوست بنئے۔ باب نمبر:۷… مطالعہ کی اہمیت۔ باب نمبر:۸… اگر آپ مصنف، ادیب یا صحافی بننا چاہتے ہیں۔ باب نمبر:۹… حفظانِ صحت۔ باب نمبر:۱۰… کچھ کرلو نوجوانو! اُٹھتی جوانیاں ہیں۔ باب نمبر:۱۱… نو؍۹ صحت مند عادات۔باب نمبر:۱۲…میرا پیغام محبت ہے!۔ باب نمبر:۱۳… علم کی اہمیت۔ باب نمبر:۱۴… آگے بڑھئے!۔ باب نمبر:۱۵…نصیحت ہی نصیحت۔ باب نمبر:۱۶…کرن کرن خوشبو۔
اللہ تعالیٰ مؤلف کی اس تالیف اور حسن انتخاب کو قبول فرمائے اور آخرت میں قارئین اور مؤلف کی نجات کا ذریعہ بنائے۔
تاریخ ادبِ عربی (دورِ جاہلیت سے دورِ حاضر تک)
پروفیسر ڈاکٹر سید وقار احمد رضوی۔ صفحات: ۵۲۰۔عام قیمت:۳۰۰روپے، رعایتی قیمت: ۱۵۰ روپے۔ناشر: قدیمی کتب خانہ آرام باغ کراچی۔
عربی ادب کی پوری تاریخ، عربی زبان کا تہذیبی پس منظر، عرب کے حصے، عرب کی قسمیں، شعراء کے نام، اسلوبِ شاعری، شعراء کے طبقے، عربی شاعری کی تدوین، عربی ادب منثور وادب منظوم، حضور اکرم ا سے لے کر ہمارے زمانہ تک عربی ادب پر گزرے حالات اور شعراء ، زیرتبصرہ کتاب میںان سب کا ذکر قاری کو پڑھنے کے لیے ملے گا۔ بہرحال کتاب پر بہت محنت کی گئی ہے اور شائقینِ علم کے لیے عربی ادب کی تاریخ میں یہ انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے۔ امید ہے اہل علم اس کتاب کا ضرور مطالعہ کریں گے۔
نفحۃ الاصول
مولانا فراز احمد ۔ صفحات: ۴۳۰۔قیمت:درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ حبیبیہ رشیدیہ، اردو بازار لاہور۔
مولانا فراز احمد جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل اور اقرأ روضۃ الاطفال ٹرسٹ کے زیر تحت شعبہ اقرأ معہد الحافظات میں استاذ ومدرس ہیں۔ انہوں نے دورانِ تدریس اصولِ فقہ کو نئے انداز میں پڑھانے اور بیان کرنے کی طرح ڈالی ہے، اوروہ اصولِ فقہ سے متعلق کتب کے مطالعہ کے بعد اس مکمل بحث کا خلاصہ اور نچوڑ آسان اور عام فہم انداز میں سمجھانا اور پڑھانا ہے۔ مولانا موصوف اس میں خوب خوب کامیاب ہوئے ہیں۔ اس کتاب کے مطالعہ کے بعد اصولِ فقہ سے متعلق تمام کتب مثلاً: اصول الشاشی، نور الانوار، حسامی اور التوضیح والتلویح وغیرہ کے بنیادی مضامین کو سمجھنا آسان ہوجاتا ہے۔ ’’نفحۃ الاصول‘‘ میں اصطلاحات، مسائل، جزئیات اور ان کی مثالیں کتابی انداز کی بجائے بیانی انداز میں بہت عمدگی سے ترتیب دی گئی ہیں۔ 
کتاب کا مختصر تعارف ٹائٹل پر یوں کرایا گیا ہے:
’’اصول فقہ کے تمام بنیادی مسائل کا مرتب اور آسان حل۔ تاریخی وعلمی نکات پر مشتمل طویل مقدمہ۔ اصولِ فقہ، اصول الشاشی، تمام مباحث کی دلنشین اور آسان تشریح۔ اختلافِ امت ، اجتہاد اور تقلید جیسے موضوعات پر ضروری اور مختصر بحث‘‘۔
امید ہے اصولِ فقہ میں دلچسپی رکھنے والے علماء اور طلبہ اس کتاب کا ایک بار ضرور مطالعہ کریں گے۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین