بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

30 شوال 1445ھ 09 مئی 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر  جمادی الاولیٰ۱۴۴۵ھ

نقدونظر  جمادی الاولیٰ۱۴۴۵ھ

احکام المعذورین (معذور اور مریض کے احکام)

تالیف: حضرت مولانا مفتی سید عبدالمجید کوٹھیاوی صاحب رحمۃ اللہ علیہ ۔ تحقیق وتخریج : مفتی سید انور شاہ صاحب (استاذ جامعہ بیت السلام، لنک روڈ، کراچی)۔ صفحات: ۴۲۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: Vinco Medical University, Karachi۔ رابطہ نمبر: 0332-2572867
زیرِ تبصرہ کتاب حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ  کے مجازِ صحبت حضرت مولانا مفتی سید عبدالمجید صاحب کوٹھیاوی رحمۃ اللہ علیہ  کی تالیف ہے، جو دار العلوم دیوبند کے قدیم فاضل تھے، سنِ فراغت ۵۰-۱۳۵۱ھ ہے۔ وفات ۱۳۷۴ھ میں ہے۔ آپؒ کئی کتابوں کے مؤلف ہیں۔ آپ خود کافی عرصہ مریض اور معذور رہے، چنانچہ مرض اور معذوری کے دوران اسی موضوع پر تالیف بھی فرمائی۔ اس کتاب کے پہلے ایڈیشن پر ماہنامہ بینات کے سابق مدیر شہیدِ ناموسِ رسالت حضرت مولانا سعید احمد جلالپوری  رحمۃ اللہ علیہ  نے ماہنامہ بینات میں تبصرہ فرمایا تھا، جس کا ایک اقتباس پیش خدمت ہے:
’’کتاب میں ماشاء اللہ طہارتِ معذور سے لے کر معذور کی نماز، جماعت، جمعہ، عیدین، معذور کا غسل میت، کفن، دفن، نمازِجنازہ، زکاۃ، نکاح، ہجرت اور مسائلِ شتیٰ کے عنوان سے تقریباً سارے ہی مسائل کو نہایت مدلل اور سلیقہ سے ترتیب دیا ہے۔کتاب کے حاشیہ میں حوالہ کے لیے فقہی حوالہ جات کی تصریحات اور ماخذ کے من وعن اقتباسات نے کتاب کی اہمیت اور ثقاہت کو چارچاند لگادیئے ہیں۔‘‘
اب یہ کتاب مفتی سید انور شاہ صاحب کی طرف سے مزید تحقیق وتخریج ، مقدمہ اور مسائل وعنوانات کے اضافہ کے ساتھ دوبارہ شائع ہوئی ہے۔ فہرست میں آٹھ سو سے زائد عنوانات درج ہیں، جس سے اس کتاب کی جامعیت اور افادیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ کتاب ادنیٰ کاغذ پر کارڈ کور میں شائع کی گئی ہے۔ دورانِ مطالعہ املاء کی کافی غلطیاں نظر سے گزریں اور علاماتِ ترقیم کی درستگی کا خاص اہتمام نہیں ہے۔ فقہی حوالہ جات میں جلد اور صفحات نمبر درج ہیں، مگر طبع نہیں لکھا گیا، طبع نہ لکھنے کی وجہ سے کتاب کے مطلوبہ مقام تک رسائی میں مشکل پیش آتی ہے۔ اُمید ہے کہ اگلے ایڈیشن میں یہ خامیاں دور کی جائیں گی۔ 
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین