بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ، جمادی الاولی 1441ھ

نقدونظر جمادی الاولی 1441ھ

 

داستانِ رفتگاں

تالیف: مولانا حافظ عرفان الحق اظہار حقانی۔ صفحات:۷۰۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر وملنے کا پتہ: مؤتمر المصنفین، جامعہ دارالعلوم حقانیہ، اکوڑہ خٹک، ضلع نوشہرہ، خیبرپختون خوا۔
وفات شدہ شخصیات کا ذکرِ خیر اور ان کے احوال کا بیان ایک مستحسن کام ہے، ان شخصیات میں بعض ایسی بھی ہوتی ہیں جن کی زندگی، ان کا کردار، ان کی خدمات بعد والوں کے لیے مشعلِ راہ اور نمونہ ہوتی ہے، بعد والے ان کے تذکرے اور حالات سے رہنمائی اور آگہی پاتے ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب تقریباً ۱۳۰ وفات شدہ حضرات و خواتین کے تذکرہ و سوانح ، خدمات و کمالات کے بیان پر مشتمل ہے، ان میں ہر طبقہ و شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں۔ زیرِ نظر مجموعہ ’’وفیات‘‘ اور ’’تاریخ‘‘ کے ذخیرے میں ایک مفید اور گراں قدر اضافہ ہے۔ صاحبِ تالیف کی تحریر کی خصوصیت ہے کہ اختصار کے ساتھ شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال دیتے ہیں۔
 کتاب کا ٹائٹل پر تعارف یوں کرایا گیا ہے:
’’اساطینِ علم، شناورانِ تصوف، مجاہدینِ اسلام، مبلغینِ عظام، اعیانِ حکومت، زعمائے ملت، اہلِ فکر ودانش اور قرابت داروں کے ارتحال پر سوانحی ، مشاہداتی، واقعاتی اور تعزیتی شذرات۔‘‘
کتاب کے شروع میں مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کی تقریظ ہے، جس میں ایک مقام پر چند ادبی سوغاتوںکا ذکر کیا ہے، جن میں علامہ سلیمان ندویؒ کی ’’یادِ رفتگاں‘‘، مولانا عبدالماجد دریابادیؒ کی ’’وفیاتِ ماجدی‘‘ ، مولانا سمیع الحق شہیدؒ کی ’’کاروانِ آخرت‘‘ کے نام لکھنے کے بعد عبارت یوں ہے: ’’مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ کی ’’۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔‘‘ اس حوالے سے یادگار ادبی سوغاتیں ہیں۔‘‘ یعنی حضرت لدھیانویؒ کی کتاب کے نام کی جگہ نقطے لگادیئے گئے ہیں، شاید عجلت میں کتاب کا نام معلوم کرنے اور لکھنے کا موقع نہیں ملا ہوگا۔ قارئین کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ حضرت لدھیانویؒ کے ماہنامہ ’’بینات‘‘ میں وفیات پر لکھے گئے مضامین کا مجموعہ ’’شخصیات وتأثرات ‘‘ کے نام سے دو جلدوں میں مکتبہ بینات سے شائع ہوا ہے۔ 
زیرِ تبصرہ کتاب کا ٹائٹل خوبصورت، کاغذ مناسب اور سیٹنگ بہتروعمدہ ہے۔ 
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین