بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر جمادی الاولیٰ 1440ھ

نقدونظر 

راہنمائے دعوت وتبلیغ

    مفتی ذاکر حسن نعمانی۔ صفحات:۱۸۸۔ قیمت: درج نہیں۔ برائے رابطہ: جامع مسجد تکبیر، سیکٹر:۲، این، فیز:۴، حیات آباد پشاور۔ ناشر: العصر اکیڈمی، جامعہ عثمانیہ، پشاور۔
    حضرت مولانا مفتی محمد ذاکر حسن نعمانی مدظلہٗ ہماری جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی کے فاضل اور دارالعلوم حقانیہ کے متخصص اور جامعہ عثمانیہ پشاور کے مدرس اور مفتی ہیں۔اللہ تبارک تعالیٰ نے آپ کو تصنیف وتألیف کا ایک نیا اور منفرد انداز دیا ہے۔ آپ قرآن کریم کی ایک آیت یا ایک حدیث نقل کرتے ہیں، پھراس کا ترجمہ کرنے کے بعد بتاتے ہیں کہ اس آیت سے یا حدیث سے یہ مسئلہ ثابت ہوتا ہے۔ اس طرح موضوع سے متعلق مکمل کتاب میں ہرہر مسئلہ کو آیت یا حدیث سے ثابت کرتے جاتے ہیں اور یہ بالکل نیا انداز ہے جس میں ہر ہر مسئلہ براہِ راست قرآن وسنت سے اخذ کیا جاتاہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب جو ’’راہنمائے دعوت وتبلیغ‘‘ کے نام سے معنون ہے، اس میں دعوت وتبلیغ کے متعلق قرآن کریم کی ان آیات اور احادیث نبویہ کو جمع کیاگیا ہے، جن سے دعوت وتبلیغ کے متعلق شرعی راہنمائی ، آداب، احکام اور قواعد معلوم ہوتے ہیں۔
    کتاب کا کاغذ، طباعت اور جلدی بندی بہت ہی عمدہ ہے، البتہ بعض جگہوں پر پروف کی غلطیاں نظر آئیں۔ اُمید ہے آئندہ اشاعت میں اس کی اصلاح کرلی جائے گی۔ یہ کتاب بہت ہی علمی اور دعوت وتبلیغ کا کام کرنے والوں کے لیے بہترین راہنما ہے۔

اسلامی نظریۂ طب
 

   مفتی ذاکر حسن نعمانی۔ صفحات: ۱۸۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: العصر اکیڈمی، جامعہ عثمانیہ، نوتھیہ روڈ، پشاور۔
    زیرِ تبصرہ کتاب ’’اسلامی نظریۂ طب‘‘ -جیساکہ نام سے ظاہر ہے- میں طب اور علاج ومعالجہ کے متعلق براہِ راست قرآن کریم اور سنتِ رسول سے راہنمائی لی گئی ہے۔ اس کتاب میں اسلامی تعلیمات سے ثابت کیاگیا ہے کہ ڈاکٹر حضرات کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟ کونسا علاج صحیح ہے اور کونسا غلط ؟ علاج کی غرض کیا ہونی چاہیے؟ اور مریض کے متعلق بھی ہدایات ہیں۔ کتاب کے ابتدائیہ میں اس شعبہ کے ماہرین کی تقریظات بھی موجود ہیں اور ان کی رائے ہے کہ یہ کتاب ہر ڈاکٹر کو ضرور پڑھنی چاہیے اور اس خواہش کا اظہارکیاگیا ہے کہ اگر یہ کتاب انگلش میں ڈھالی جائے تو امید ہے کہ اس سے بہت سے ڈاکٹر صاحبان مستفید ہوسکیں گے۔
    اللہ تعالیٰ حضرت مولانا صاحب کو ا س کاوش پر اپنے شایانِ شان جزائے خیر عطا فرمائے، جو انہوں نے طبقۂ علماء کی طرف سے فرضِ کفایہ ادا کردیا ہے۔

جی ایم سید کے سیاسی اور مذہبی نظریات
 

   مولانا راشد راہی۔ صفحات:۲۳۲۔ قیمت: ۱۵۰ روپے۔ ملنے کا پتا: خلافت اکیڈمی، صدر روڈ، شکار پور، سندھ۔
اللہ تبارک تعالیٰ ایک انسان کو جب تک عقلِ سلیم عطا نہ فرمائے تو بعض اوقات بڑے بڑے ذہین اپنی ذہانت کے زعم میں پٹری سے اُترجاتے ہیں اور پھر جو کچھ اُن کے جی میں آتا ہے، وہ اُسے ہی حرفِ آخر سمجھنے لگتے ہیں، انہیں میں سے سندھ کی ایک مشہور و معروف شخصیت گزری ہے جو تازیست مملکتِ خداداد پاکستان کے مخالف اور صوبہ سندھ کو ا س سے الگ کرنے کے لیے کوشاں رہنے کے ساتھ ساتھ اسلام کے خلاف ہمیشہ زہر اُگلتے رہے۔ بہرحال اب وہ اس دنیا سے جاچکے ہیں، ان کا حال اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے، لیکن انہوں نے جو لٹریچر اپنی زندگی میں شائع کرایا تو ان کو سامنے رکھتے ہوئے مولانا راشد راہی صاحب نے یہ کتاب مرتب کی ہے، تاکہ نئی نسل کو ان کے لٹریچر کے زہر سے بچایاجائے۔ اس کتاب کی ابتداء میں حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی زید مجدہم کا ایک مضمون بھی لگایا گیا ہے۔ یہ کتاب پڑھنے کے لائق ہے۔

قرآنی معلومات
 

   گروپ کیپٹن (ر) عبد الوحید خان۔ صفحات:۲۶۰۔ قیمت: درج نہیں۔ پتہ: ۳۶۷۱/ ساؤتھ سینٹرل ریونیو، فیز۱۱، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی، کراچی۔
    قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اوررہتی دنیا تک اُمت کی ہدایت کے لیے بھیجا گیا ہے، اس کی تشریح اور تبیین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات سے ہوئی جنہیں احادیث کہا جاتا ہے۔ قرآن کریم اور سنتِ رسول دونوں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اُمت کو دے کرگئے۔ ہرزمانہ اور ہر دور میں اُمت کی آسانی اور راہنمائی کے لیے اپنے اپنے انداز میں علماء کرام، بزرگانِ دین اور قرآن وسنت سے محبت کرنے والے حضرات نے اس پر کام کیا ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، جسے مؤلف موصوف نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے اپنے انداز میں مرتب کیاہے،اس کی ایک جھلک موصوف کے اس اقتباس سے ظاہر ہوتی ہے، لکھتے ہیں:
    ’’قاری کے ذہن کی یاد دہانی کے لیے ماضی کی ۱۵ خواتین، ۱۸ مردوں کا بھی اس میں تذکرہ کیاگیا ہے، جیساکہ پرانے قصے،۳۰ قدیم اقوام اور ۳۷ مثالیں بھی اس میں ساتھ ساتھ بیان ہوئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ۲۶ انبیاء کرام o کا بار بار تذکرہ کیا ہے۔ ۵۴ بڑے گناہ گنوائے گئے ہیں۔ ۴۰ دعائیں سکھلائی گئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی یہ کتاب دلائل، کشش، ترغیبات اور احکامات سے پُر ہے اور اس میں ۱۱۴ سورتیں، ۵۵۸ رکوعات، ۶۲۳۶ آیات اور ۷۶۵۴۶ الفاظ پائے جاتے ہیں، جب کہ کل حروف کی تعداد ۳۲۵۰۲۶ ہے۔‘‘
    کتاب میں ’’کلوننگ‘‘ کے عنوان کے تحت حضرت آدم، حضرت حواء اور حضرت عیسیٰ o کی مثال پیش کرنا محلِ نظر ہے۔ بہرحال یہ کتاب ابتدائی نورانی قاعدہ کی باتوں سے لے کر اس کے چیدہ چیدہ بنیادی مسائل واحکام تک کو جامع ہے۔ جنہوں نے اب تک قرآن کریم نہیں پڑھا،یا مختصر وقت میں قرآن کریم کے معانی اور اہم مضامین کو سمجھنا چاہتے ہیں، ان کے لیے یہ کتاب بہترین راہنما ہے۔

عشقِ الٰہی منزل بمنزل

افادات: حضرت مولانا حکیم عبد اللطیف نقشبندی مجددیؒ۔ ترتیب وتخریج: مفتی محمد اظہر۔ صفحات:۳۷۶۔ قیمت:۴۰۰ روپے۔ ناشر:خانقاہ نقشبندیہ مجددیہ، صادق آباد، ۱۸ ہزاری، جھنگ۔
زیرِ تبصرہ کتاب ’’عشقِ الٰہی منزل بہ منزل‘‘ یہ تصنیف جامعہ خیر المدارس ملتان کے عظیم فاضل اور مولانا محمد عبد اللہ بہلوی اور خواجہ غلام حبیب آف چکوال والوں کے خلیفہ اجل حضرت مولانا حکیم عبداللطیف نور اللہ مرقدہٗ کے چکوال سالانہ اجتماع پر کیے گئے مواعظ کا پر درد مجموعہ ہے، جس میں مشائخ سے فیض لینے کا طریقہ اور تصوف کا مقصد، ذکر واذکار سے لے کر تعلق مع اللہ اور عشقِ الٰہی کی جاندار تشریحات پر مشتمل ایمان افروز مواعظ ہیں، جن کو تحریری اسلوب میں ڈھالاگیا، لیکن تقریری لذت اور چاشنی کو باقی رکھنے کے لیے تحریر میں بھی خاص اُسلوبِ خطابت والا انداز ملحوظ رکھا گیا۔ تمام تر آیات واحادیث کی تعریب، ان کے حوالہ جات اور اسی طرح تقریر میں بیان کردہ کسی بھی واقعہ یا نص کا حاشیہ میں مطابقی حوالہ نصوص سے درج ہے، حتیٰ کہ اشعار تک کی تخریج کردی گئی۔ نیز شروع میں حضرت حکیم صاحب v کا تعارف ، اُن کے خاندان کا تعارف، ان کے داداجان کا تعارف، ان کے چچا کا تعارف، ان کے والد ماجد مولانا صادق محمد کا تعارف اور خود حضرت والا کی پیدائش سے تعلیم وتربیت سے فراغت اور پھر اشاعتِ دین کی کوششوں اور خدمتِ دین کے متنوع سلسلہ جات کی وضاحت کے ساتھ آپ کا سفرِ آخرت مختصر اور جامع انداز میں مرقوم ہے۔ یہ کتاب مفتی محمد اظہر صاحب، استاذ جامعہ معہد الفقیر الاسلامی جھنگ نے چھپوائی ہے اور اس کی طباعت کو عمدہ انداز میں لانے کی بھر پور کوشش کی گئی ہے۔ امید ہے باذوق حضرات اس کی قدر افزائی فرمائیںگے۔

سیرت کے نقوش
 

   مصنف: امامِ اہلِ سنت علامہ عبد الشکور لکھنوی فاروقیv۔ جمع وترتیب: مولانا محبوب احمد۔ تحقیق: مفتی محمد اظہر۔ ناشر:مکتبہ عشرہ مبشرہ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔
    زیرِ تبصرہ کتاب ’’سیرت کے نقوش‘‘ یہ مبارک مجموعہ ۴۸ سال بعد ’’ماہنامہ النجم‘‘ کے دو سیرت نمبرز پر مشتمل جدید اسالیبِ تحریر اور تخریج کے ساتھ منظر عام پر لایا گیا ہے۔ اس کے تین حصے ہیں:
الف:-مقدمہ برائے عقائد، جس میں بنیادی ضروری عقائد کو تخریج اور تحقیق کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ 
ب:-نفحہ عنبریہ بذکر میلاد خیر البریہ (صلی اللہ علیہ وسلم)، جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم  کی سیرت ماہ وسن کے اعتبار سے بہت عمدہ انداز میں منقول ہے۔
ج:-سیرتِ قرآنیہ، جس میں سیرت کے دو پہلو جن کو صرف قرآن نے لیا، ان کی دل نشین وضاحت ہے۔
    یہ تمام کام مولانا محمد نافع v کی حیاتِ طیبہ میں ان کی سرپرستی میں شروع ہوا اور اب مولانا زاہد الراشدی مدظلہ جیسے متبحر علماء کی تصدیقات کے ساتھ پیشِ خدمت ہے۔ یہ سب ’’النجم‘‘ کے مضامین تھے۔ ان کو جدید اسلوب میں ڈھالاگیا ہے، جس میں عناوین کی تبویب، تسہیل، ذیلی عنوانات اور ہر پیرایہ کا حوالہ اور عقائد ودیگر تمام مباحث کی مکمل تخریج کے ساتھ یہ مجموعہ مرتب کیاگیا ہے۔ یقینا جس قدر کام اس مبارک مجموعہ پر کیا گیا تھا، اس قدر اشاعت میں اس کی حوصلہ افزائی نہیں فرمائی گئی۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین