بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر جمادی الاخریٰ 1444ھ

نقدونظر جمادی الاخریٰ 1444ھ

 

مجموعہ دعواتِ فضلیہ

تالیف: حضرت مولانا شاہ عبدالغفور عباسی مہاجرمدنی رحمۃ اللہ علیہ ۔تخریج جدید: مفتی احسان الحق صاحب۔ صفحات: ۲۱۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الحسنٰی، کراچی۔ ملنے کا پتہ: مکتبۃ الحماد، بالمقابل جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن، کراچی۔ رابطہ نمبر:0336-0307676
زیرتبصرہ کتاب ادعیہ واذکار پر مشتمل ہے، جسے حضرت مولانا عبدالغفور عباسی مہاجرمدنی رحمۃ اللہ علیہ  نے جمع وترتیب دیا ہے۔ دعاؤں کی مشہور کتاب ’’حصن حصین‘‘ (مؤلفہ: محمد بن محمد جزریؒ) سے چند منتخب دعائیں لی گئی ہیں، ان کے ساتھ ساتھ قرآنی دعاؤں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ 
کتاب کے شروع میں سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ حضرت مولانا محمد امیر علوی صاحب مدظلہٗ کا مؤلفِ کتاب حضرت مولانا شاہ عبدالغفور عباسی مہاجرمدنی رحمۃ اللہ علیہ پر ایک تعارفی مضمون بھی شامل ہے، جو اُن کی وفات کے متصل بعد محدث العصر حضرت علامہ محمد یوسف بنوری قدس سرہٗ کی تصحیح ونظرثانی کے بعد اشاعت پذیر ہوا تھا ۔ کتاب دو حصوں اور ایک خاتمے پر مشتمل ہے۔حصہ اول میں وہ دعائیں ہیں جن کا تعلق کسی خاص وقت اور سبب سے نہیں ہے۔ پھر ان دعاؤں کو ہفتہ کے سات دنوں کے حساب سے سات حزبوں (حصوں) پر تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر حزب کے شروع میں قرآنی دعائیں لکھی گئی ہیں اور حزب کے اول وآخر میں درود شریف بھی لکھا گیا ہے، جو کہ دعا کی قبولیت اور حصولِ برکت کا ذریعہ ہے۔ حصہ دوم میں وہ دعائیں لکھی گئیں جن کا کسی خاص وقت اور خاص سبب سے تعلق ہے۔ اور خاتمہ میں سالک ومرید کے لیے مفید چند احادیثِ نبویہ لکھی گئی ہیں ۔ مختصر اعمال ، فوائد اور نصائح بھی درج کی گئی ہیں۔ کتاب کے آخر میں سلسلۂ نقشبندیہ کا تعارف، شجرہ خاندانِ نقشبندیہ مجددیہ فضلیہ غفوریہ، سندِ بیعت، سلسلہ کے اسباق، اشغال ، اذکار اور مراقبات، ختمِ خواجگان وغیرہ سے متعلق بھی کافی مواد ہے۔ ادعیہ واذکار سے شغف رکھنے والوں کے لیے بالعموم اور سلسلۂ نقشبندیہ سے وابستہ حضرات کے لیے بالخصوص یہ کتاب نہایت ہی مفید ہے۔ جامعہ کے فاضل ومتخصص مفتی احسان الحق صاحب زید مجدہٗ نے کتاب میں مذکور آیاتِ قرآنیہ، احادیثِ نبویہ اور ادعیہ واذکار کی تخریج وتحقیق کی ہے، جس سے یہ کتاب علمی طور پر مزید مستند ہوگئی ہے۔ کتاب کا کاغذ درمیانہ ، جلد مضبوط اور ٹائٹل دیدہ زیب اور خوبصورت ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلف ومحقق دونوں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور کتاب کا نفع عام فرمائے، آمین

یادگارِ زمانہ لوگ

تالیف: ملک نذر حیات خان۔ صفحات: ۲۹۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، برانچ پوسٹ آفس، خالق آباد، نوشہرہ، خیبرپختون خواہ۔ ملنے کا پتہ: نذر حیات خان (ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر)، محلہ لویاں والا، خوشاب، ضلع خوشاب۔ رابطہ نمبر: 0301-3019928
اپنے اسلاف و اکابر کی سیرت وسوانح اور ان کی علمی، دینی، اور اصلاحی خدمات کے تذکرے اَخلاف، پسماندگان اور بعد کی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہوتے ہیں۔ قدردان قومیں اپنے بڑوں کے اُسوہ کو اپنے لیے راہ نما اصول کے طور پر محفوظ رکھتی ہیںاور ان سے استفادہ کرتی رہتی ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ علم دوست شخصیت ہیڈ ماسٹر جناب ملک نذر حیات خان صاحب نے مختلف مواقع پر ماہنامہ القاسم (نوشہرہ) کے لیے اکابر علماء وشخصیات کے تذکرہ وسوانح پر مشتمل کئی مضامین لکھے، جن کی تعداد تقریباً چالیس ہے ، انہی مضامین کو جمع کرکے کتابی شکل دی گئی ہے۔ شخصی تذکروں اور سوانحی مضامین میں دلچسپی رکھنے والے حضرات کے لیے بالخصوص یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک اچھا اضافہ ہے۔ کتاب کے شروع میں مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کا تعارفی پیش لفظ بھی ہے۔
کتاب کا کاغذ درمیانہ ، جلد مضبوط اور ٹائٹل دیدہ زیب اور خوبصورت ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو قارئین کے لیے مفید بنائے اور قارئین کو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ 

خزینۃ الاسماء (بچوں کے خوبصورت اسلامی نام)

تالیف وترتیب: جماعت علماء ، الحدیبیہ ٹرسٹ۔ صفحات: ۳۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ باہتمام: الحدیبیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئیر ٹرسٹ، متصل تقویٰ مسجد، صادق آباد، ضلع رحیم یار خان۔ ناشر: مکتبہ دارالعلم ، احاطہ مدرسہ عربیہ، صادق آباد۔ رابطہ نمبر:0304-6100225
زیرِتبصرہ کتاب میں بچوں کے نام کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات وآداب کو بیان گیا ہے۔ کتاب کا تعارف ٹائٹل پر یوں کرایا گیا ہے:
’’نومولود سے متعلق مسنون اعمال واحکام، نام رکھنے کے آداب ومسائل، بالخصوص مشکوٰۃ نبوت سے تائید یافتہ حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مبارک ناموں کا جامع مجموعہ (ہر نام کے معنی، تعداد اور انگریزی تلفظ کے ساتھ) عوام الناس کے لیے ایک راہنما ومستند کتاب ۔‘‘
بعض ناموں کے اعراب میں غلطی نظر آئی ہے، جیسے صفحہ نمبر ۱۱۵ پر ’’اَلشَّھِیْدُ‘‘ کو ’’اَلْشَّھِیْدُ‘‘ اور صفحہ نمبر ۱۱۶ پر ’’اَلرَّقِیْبُ‘‘ کو ’’اَلْرَّقِیْبُ‘‘ لکھا گیا ہے، یعنی لام پر جزم لگایا ہے، عامی آدمی اس سے غلط فہمی کا شکار ہوسکتا ہے، حالانکہ لام شین میں مدغم ہے، اسے ظاہر کرکے نہیں پڑھا جاتا ، جزم لگانے کا مطلب یہ ہوگا کہ گویا لام پڑھاجائے گا۔ اسی طرح صفحہ نمبر ۱۲۵ پر ’’مُکَرَّم‘‘ کو ’’مَکَرَّم‘‘ میم کے زبر کے ساتھ لکھا گیا ہے۔ امید ہے اگلے ایڈیشن میں تصحیح کردی جائے گی۔ ماشاء اللہ کتاب میں مفید اور بہترین مواد جمع کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کا نفع عام فرمائے ۔ آمینکتاب ظاہری خوبیوں سے مزین ہے، کاغذ اعلیٰ، طباعت دور نگہ، ٹائٹل خوبصورت اور جلد مضبوط ہے۔ 

سہ ماہی ’’الفردوس‘‘ (علمی وتحقیقی اصلاحی مجلہ)

مدیر اعلیٰ: مفتی عبداللہ فردوس(رئیس دارالافتاء جامعہ الفلاح، بخشالی) صفحات: ۵۶۔ قیمت فی شمارہ: ۵۰۔ سالانہ زرِ تعاون: ۲۰۰۔ ناشر : شعبہ نشرواشاعت دار ابن الفردوس، بخشالی، مردان۔ خط وکتابت کا پتا: ایضاً۔ رابطہ نمبر:0302-5686853
زیرِ تبصرہ رسالہ کا پیش نظر شمارہ :۱۱، جلد :۳ ، جولائی، اگست، ستمبر۲۰۲۲ء کا ہے۔ اس شمارے کے چیدہ چیدہ مضامین درج ذیل ہیں: ’’سیلاب زدہ اور ہمارا کردار(اداریہ)‘‘ ، ’’غلامی سے آزادی یا اسلام سے آزادی‘‘، ’’آلہ ادائے سنت کا استعمال کے بعد جائز وناجائز کا دائرہ کار‘‘، ’’لواطت اور بدکاری کا عذاب‘‘، ’’تفسیراتِ احمدیہ (مقدمہ، تحقیق اور تخریج)‘‘۔ ان کے علاوہ بھی کچھ مضامین ہیں ۔ 
مملکت خداداد پاکستان کے دیگر دینی ودعوتی رسائل کی طرح یہ بھی ایک رسالہ ہے، جو ملک وملت کی دینی رہنمائی کے جذبہ اور شوق سے جاری کیا گیا ہے۔ امید ہے آگے چل کر مضامین کی پختگی اور عمدگی کی طرف مزید توجہ دی جائے گی۔ بہرحال ملکی دینی صحافت اور دعوت وتبلیغ میں اس رسالہ کا بھی ایک کردار رہے گا۔ زیرنظر رسالہ ہلکے کاغذ کے ساتھ کارڈ کور پر شائع کیا گیا ہے۔ ٹائٹل دیدہ زیب ہے۔ اللہ تعالیٰ رسالہ کے ذمہ داران کو ملک وملت کی درست دینی رہنمائی کی توفیق عطا فرمائے، ان کی خدمات قبول فرمائے اور قارئین کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین