بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقدو نظر

نقدو نظر

 

تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہےِ ۔ (ادارہ)

روضة الاحوذی اردو شرح سنن ترمذی ج:ثانی
مؤلف محمد حسین صدیقی ‘ صفحات: ۷۱۲‘ قیمت: درج نہیں‘ناشر:زم زم پبلشرز‘ کراچی۔ زیر تبصرہ کتاب سنن ترمذی ابواب الاطمة سے ابواب الفتن تک کی احادیث کی شرح پر مشتمل ہے‘ سنن ترمذی کو اللہ تعالیٰ نے ایسی قبولیت سے نوازا ہے کہ ہر دور میں علماء کرام نے اس کتاب کی خدمت کو اپنے لئے سعادت اور اعزاز کی بات سمجھا ہے۔ فاضل مؤلف نے بھی اپنے آپ کو اس اعزاز میں شامل کرنے کے لئے یہ سعی کی ہے ‘تقبل اللہ سعیہ۔ مؤلف نے ہرباب کے ساتھ باب کا ترجمہ ‘ حدیث کا متن اور ترجمہ ذکر کرنے کے بعد حدیث کی مختصراً تشریح کی ہے‘ نیز حدیث کے رواة کابھی مختصر تعارف پیش کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ کتاب کا ٹائٹیل خوبصورت اور کاغذ نہایت عمدہ ہے‘ ترجمہ میں بعض جگہ ترجمان سے کام لیا گیاہے اور بعض مقامات پر تسامحات ہیں‘ مثلاً: ”باب ماجاء فی الانتباذ فی السقاء“ کا ترجمہ کیا گیا ہے‘ یہ باب ہے” مشکیزوں میں شراب بنانے کے بیان میں“۔ پروف کی غلطیوں نے کتاب کی افادیت کو مشکوک بنادیا ہے‘ ایک قاری مطالعہ کے دوران پروف کی غلطیوں کی فہرست بنانا شروع کرے تو اچھی خاصی فہرست بن سکتی ہے‘ چونکہ معاملہ احادیث پر مشتمل ایک کتاب کی نشر واشاعت کا ہے‘ اس لئے قاری اور ناشر دونوں کے لئے یہ کتاب تب ہی مفید ثابت ہوگی جب اس کو نظر ثانی کے بعد غلطیوں سے مبرا کرکے شائع کیا جائے۔
تحفہ ٴ رحمانی فی تجوید قرآنی
قاری وحافظ عبد الرحمن رحمانی صاحب‘ صفحات:۱۷۲‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ:مدرسہ رحمانیہ تجوید القرآن نزد بنگلہ انہار‘تحصیل کہروڑ پکا ضلع لودہراں۔ قرآن کریم کلامِ الٰہی ہے‘ اس کی ہمہ جہت کی حفاظت اللہ نے اپنے ذمہ لی ہے‘ جو ہر دور میں مختلف انداز اور طریقوں سے ہوتی آئی ہے۔ زیر تبصرہ کتابچہ ”تحفہٴ رحمانی فی تجوید قرآنی“ علوم قرآنی کی ایک شاخ یعنی تجوید وقراء ات سے متعلق ہے‘ مؤلف موصوف نے قرآن کریم کی خدمت کو اپنے لئے سعادت اور زندگی کا مقصد بناکر اپنی زندگی اس عظیم اور مقدس کتاب الٰہی کی اشاعت کے لئے وقف کی ہوئی ہے۔ امت محمدیہ میں برگزیدہ وعالی مرتبت قراء اور مجوّدین کا علم تجوید کی خدمت واشاعت میں خصوصی امتیاز رہا ہے‘ یہ کتابچہ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے‘ مؤلف نے اس پیچیدہ اور مشکل فن کو نقشوں اور سوال وجواب کی صورت میں لاکر اسے بہت ہی سہل اور آسان بنادیا ہے جو دور حاضر کے تشنگانِ علم تجوید کے طلبہ اور اساتذہ کے لئے بے حد مفید اور مشعل راہ ہے۔ اس کتابچہ کے علاوہ ”آئینہٴ رحمانی فی تعارف حروف قرآنی“ مبتدی طلبہ اور قرآنی معلومات سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے اور رسالہ ”متشابہات القرآن“ خاص کر وہ حفاظ طلبہ جنہیں حفظ قرآن میں مشکلات پیش آتی ہیں‘ ان کی آسانی کے لئے تحریر کئے ہیں‘ البتہ آخر الذکر رسالہ میں جہاں متشابہات کی تعداد اور مقامات کا ذکر کیا ہے‘ وہاں ہرآیت کا نمبر بھی تحریر کردیا جاتا تو قاری کے لئے بہت ہی آسانی ہوجاتی۔ اللہ تبارک وتعالیٰ حضرت قاری صاحب کی اس محنت کو قبول فرماکر ان کے لئے نجاتِ آخرت اور عوام الناس کے لئے تصحیح قرآن کا ذریعہ بنائیں‘ تینوں رسائل ماشاء اللہ دریا بکوزہ کا مصداق ہیں۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین