بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقد ونظر جمادی الاخری 1439 ھ


’’السَّیْحُ الجاری إلٰی جنۃ البخاری‘‘ المعروف ’’تقریرِ علامہ کشمیری ؒ   ‘‘[تین جلدیں]
افادات وافاضات: امام العصر حضرت علامہ سید محمد انور شاہ کشمیری v ۔ رشحاتِ قلم : حضرت مولانا حکیم عبدالحلیم بن امیر بخش سردارپوری ملتانیv ۔ صفحات جلدِاول: ۳۸۲، جلدِ دوم: ۳۷۰، جلدِ سوم: ۲۴۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ عشرہ مبشرہؓ، ۳۸، غزنی سٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔ باہتمام: دارالتصنیف والتحقیق ، فیصل آباد
زیرِ تبصرہ کتاب تین جلدوں میں علامہ سید محمد انور شاہ کشمیری v کی صحیح بخاری کی عربی زبان میں درسی تقریر پر مشتمل ہے، جسے حضرت کشمیریv کے شاگرد مولانا حکیم عبدالحلیم بن امیر بخش سردارپوری ملتانیv نے سن ۱۳۴۱ھ میں جمع و ضبط فرمایا تھا۔ آپ کے فرزند حضرت مولانا محمد قاسمv نے اس کی تصحیح ، اور مشہور عالم دین حضرت مولانا محمد عیسیٰ گورمانیv (گوجرانوالہ) نے اس پرنظرثانی کی اور حضرت کے پوتے مولانا ضیاء الرحمن ناصر صاحب نے اس کی ترتیب وتزئین وغیرہ کا کام کرکے اُسے پہلی مرتبہ جمادیٰ الالیٰ ۱۴۳۸ھ مطابق فروری ۲۰۱۷ء میں شائع کیا، یہ اس مجموعہ اور تقریر کا پہلا ایڈیشن ہے۔ 
یہ ایک چھپا خزانہ تھا، جسے یہ حضرات بڑی محنت، جدوجہد اور زرِ کثیر صرف کرکے تقریباً ایک صدی گزرنے کے بعد منظر عام پر لانے میں کامیاب ہوئے۔ اس پر اُنہیں جتنا بھی مبارک باد دی جائے، کم ہے۔ بہرحال علم حدیث سے شغف رکھنے والے علماء وطلبہ کے لیے یہ ایک نادرتحفہ اور عمدہ سوغات ہے۔ کتاب کا ٹائٹل خوبصورت، کاغذ اعلیٰ اور جلد بندی مضبوط ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حضرت علامہ سید محمد انور شاہ کشمیری قدس سرہٗ کی دیگر کتب، افادات اور تقاریر کی طرح اس تقریر کا بھی فیض جاری وساری اور عام فرمائے اور جامع ومصححین ومرتبین کو اپنے شایانِ شان جزائے خیر عطا فرمائے۔ 
درسِ ابی داؤد
افادات: حضرت مولانا شمس الحق v ۔ تخریج وتحقیق: مولانا وحید الزمان صاحب۔ صفحات:۶۱۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: شمسی کتب خانہ، کراچی۔ ملنے کا پتہ: دارالاشاعت، اردو بازار، کراچی
زیرِنظر کتاب صحاحِ ستہ میں سے ایک اہم کتاب ’’سنن ابی داؤد‘‘ کی شرح ہے جو حضرت مولانا شمس الحقv (سابق استاذ التفسیر والحدیث جامعہ دارالعلوم کراچی) کے افادات وافاضات پر مشتمل ہے۔ مولانا خلیل احمد اعظمی صاحب ودیگر طلبہ نے اسے دورانِ درس ضبط کیا ہے۔ مولانا وحید الزمان صاحب (متخصص علومِ حدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن)نے اس پر تحقیق وتخریج اور تصحیح وغیرہ کا کام کیا ہے۔ تصحیح کے لیے بذل المجہود اور دیگر شروحات سے تقابل اور فقہاء کے مذاہب کے بیان میں معتبر کتب پر اعتماد کیا گیا ہے۔ کہیں کوئی خاص ضرورت پیش آئی تو حاشیہ میں اس کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔ کتاب کے شروع میںعلم حدیث کی تعریف، اہمیت، غرض وغایت ، آدابِ حدیث ، تعارفِ کتاب ،اور صاحبِ کتاب امام ابوداؤدvکے حالات وغیرہ جیسے مضامین مقدمۃ العلم کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔ طلبۂ حدیث کے لیے یہ ایک مختصر اور مفید شرح ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حدیث کی اس خدمت کو قبول فرمائے اور صاحبِ درس، جامعین،مرتبین ومصححین کو جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔ 
حیات وخدمات مولانا سمیع الحق (دو جلدیں)
حضرت مولانا عبد القیوم حقانی۔ صفحات جلد اول: ۴۷۰،صفحات جلد دوم: ۴۶۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ 
حضرت مولانا سمیع الحق دامت برکاتہم العالیہ ہمارے ان اکابر میں سے ہیں، جن کی ساری زندگی ہمہ جہت محنتوں، مجاہدوں اور اعلائے کلمۃ اللہ کی کوششوں میں گزری ہے۔ اشاعتِ دین کا کوئی ایسا کام اور ایسا راستہ نہیں جو آپ نے اختیار نہ کیا ہو، اللہ تبارک وتعالیٰ ان کی صحت اور عمر میں برکت عطا فرمائے۔
آپ کے ہونہار شاگرد اور کئی معاملات میں آپ کے دستِ راست حضرت مولانا عبد القیوم حقانی جو خود بھی اعلیٰ پائے کے ادیب و خطیب اور نرالے انداز کے مدرس ومؤلف ہیں کہ جن کی ہر تحریر یوں لگتی ہے جیسے ادبی الفاظ آپ کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے ہیں، اور آپ جن الفاظ کو جہاں پرونا چاہیں وہ الفاظ تابعِ فرمان غلام کی طرح وہاں فٹ ہوجا تے ہیں۔ بہرکیف حضرت مولانا عبد القیوم حقانی نے یہ بے مثال کارنامہ انجام دیا ہے کہ حضرت مولانا سمیع الحق دامت برکاتہم کی سوانح حیات آپ کی زندگی میں مرتب کردی ہے۔ آپ نے اس کتاب کا ٹائٹل پر یوں تعارف کرایاہے:
’’تذکرہ سوانح شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق، جو ایک مرد مجاہد کی کہانی ہی نہیں، ایک عہد کی تاریخ ہے اور داستانِ سبق آموز بھی ہے۔ مولانا سمیع الحق کے علم وقلم، ادب وتاریخ، درس وتدریس، اعلائے کلمۃ الحق، شریعت بل اور نفاذِ شریعت کی تحریک، قومی وملی اور سیاسی خدمات ، قادیانیت، تمام فرقِ باطلہ کا تعاقب، افغان جہاد اور تحریکِ طالبان سے لے کر دفاعِ پاکستان کونسل تک معرکہ آرائیوں کے دلچسپ تاریخی مراحل۔ تقریباً پون صدی پر مشتمل دلآویز، سبق آموز داستانِ عزیمت۔‘‘
یہ کتاب ایک تاریخی دستاویز ہے، جو مطالعہ کا ذوق رکھنے والوں کے لیے عمدہ سوغات ہے۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین