بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد ونظر

نقد ونظر

مکاتیب الکریم     مولانا عبد القیوم حقانی، صفحات:۳۱۱۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ۔     زیر تبصرہ کتاب فاضل دیوبند، شیخ التفسیر حضرت مولانا قاضی عبد الکریم کلاچوی نور اللہ مرقدہٗ کے ان علمی، ادبی، تاریخی اور اصلاحی مکتوبات کا مجموعہ ہے جو حضرت مولانا عبد القیوم حقانی دامت فیوضہم کے نام لکھے گئے۔ ان مکتوبات میں بہت سے قیمتی علوم ومعارف، اکابرین دیوبند کا تذکرہ، مشاہدات وتجربات کے نچوڑ کے علاوہ بہت ساری قدیم وجدید کتابوں کا تعارف، فقہ اور فتاویٰ کی عمدہ مثالیں اور باطل فرقوں کا تعاقب کس طرح کیا جائے، یہ سب کچھ اس مجموعہ کے پڑھنے سے قاری کو بآسانی حاصل ہوجاتا ہے۔ کتاب اس لائق ہے کہ اس کو بار بار پڑھا جائے۔ قادیانیوں کا کفر کے اندھیروں سے اسلام کی روشنیوں تک     مولانا مفتی عظمت اللہ سعدی، صفحات: ۱۱۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ تحقیقات اسلامیہ جامعہ عظمت المدارس العربیہ جدید ہنجل، بنوں، خیبر پختون خوا۔ مفتی عظمت اللہ سعدی صاحب نے قادیانیت چھوڑ کر اسلام قبول کرنے والوں کی داستان غم واندوہ، حیرت انگیز انکشافات، قبولیت اسلام کی وجہ، اور اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ انہیں کی زبانی مختلف کتابوں سے اخذ کرکے اس کتاب میں جمع کردیا ہے۔ اس کتاب کو پڑھ کر ایک مسلمان کو اپنے ایمان میں جلا اور دولت اسلام کی قدر معلوم ہوتی ہے۔ باطل فتنوں کے خلاف کام کرنے والوں کے لیے یہ کتاب عمدہ راہنما ہے۔ خوشبوئے رسول(a) مولانا محمد احسان اللہ فاروقی، صفحات: ۲۰۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الحسیب، وڈالہ سندھواں، پسرور روڈ، تحصیل ڈسکہ، ضلع سیالکوٹ۔ حضرت مولانا محمد احسان اللہ فاروقی کو اللہ تبارک وتعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائیں کہ انہوں نے عشق نبی میں ڈوب کر ایسی کتاب مرتب کی ہے جو سراپا خوشبو ہی خوشبو ہے۔ اس موضوع پر اس سے پہلے کوئی ایسی کتاب نظر سے نہیں گزری۔ قاری جب اس کتاب کو پڑھنا شروع کرتا ہے تو وہ تصور میں اپنے آپ کو حضور اکرمa کی مجلس میں موجود پاتا ہوا محسوس کرتا ہے۔ مؤلف نے حضور اکرمaکی خوشبو کی عجیب قسمیں کتاب میں درج کی ہیں، جو سب کی سب مستند حوالوں سے ثابت شدہ ہیں، اور کتاب میں زبان وبیان میں نظافت، سلاست اور ادبی چاشنی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کتاب میں ایسے ناصحانہ واقعات بھی درج ہیں جو قلوب میں اثر پذیری کے اعتبار سے بہت مؤثر ہیں، کتاب میں دو رنگا قیمتی کاغذ، حسین ٹائٹل اور عمدہ طباعت سے مزین ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مؤلف کی اس عمدہ محنت وکوشش کو قبول فرمائیں اور اس کتاب کے ذریعہ جملہ طبقات وافراد کو خوشبوئے رسول(a) سے معطر فرمائیں۔ یادگارِ اکابر (حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویv) محمد نعمان ارشدی، صفحات: ۹۰۴۔ عام قیمت: ۹۰۰ روپے۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ رشیدیہ بالمقابل مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔ حضرت مولانا قاری تنویر احمد شریفی حفظہٗ اللہ مبارک باد کے مستحق ہیں کہ وہ اپنی تالیفات کے ذریعہ اصاغر کو اکابر کے ساتھ جوڑنے کی عمدہ کوشش فرمارہے ہیں۔ ہمارے وہ اکابر جن کا شاید کئی اصاغر کو نام تک بھی معلوم نہیں ہوگا، مولانا موصوف ان اکابر کی تحریرات کو کتب خانوں اور لائبریریوں سے چن چن کر ان کا خوبصورت گلدستہ سجاکر ہر سال قارئین کے سامنے پیش کردیتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب اس سلسلہ کی دوسری کڑی ہے، جس میں قاسم العلوم والخیرات حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی نور اللہ مرقدہٗ کی سوانح، دارالعلوم دیوبند کی بنیاد، گمراہ کن عقائد ونظریات کا رد، باطل فرقوں کا تعاقب اور اس وقت کی ایک تاریخ اس اہم دستاویز میں سمودی گئی ہے۔ اس خاص نمبر میں چھیالیس مقالات ہیں، مقالہ نگار حضرات کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں: حضرت مولانا محمد یعقوب نانوتویؒ، حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکیؒ، حضرت مولانا ذوالفقار دیوبندیؒ، شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ، حضرت تھانویؒ، حضرت مدنیؒ، حضرت سید انور شاہ کشمیریؒ، سائیں توکل شاہ انبالویؒ، مولانا سید اخلاق حسین قاسمی wوغیرہ جیسے حضرات کے نام نامی نمایاں ہیں۔ اس کے شروع میں دارالعلوم دیوبند کے موجودہ مہتمم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی دامت برکاتہم کا مبارک بادی کا خط اور مولانا ڈاکٹر عبدالحلیم چشتی مد فیوضہٗ کی تقریظ ثبت ہے۔ کتاب کی طباعت، کاغذ، جلد اور ٹائٹل خوبصورت اور عمدہ ہے۔ امید ہے باذوق قارئین ضرور اس کتاب کا مطالعہ فرمائیں گے۔

 

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین