بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقد ونظر

یادگارِ اکابر قاری تنویر احمد شریفی۔ صفحات: ۳۰۰۔ قیمت:۳۵۰ روپے۔ خط وکتابت کا پتہ: مکتبہ رشیدیہ بالمقابل مقدس مسجد، اردوبازار، کراچی۔ زیرتبصرہ کتاب ’’یادگارِ اکابر‘‘ سالانہ کتابی سلسلہ کی پہلی اشاعت ہے، جس میں بائیس اکابر علمائے دیوبند کے مضامین شامل کیے گئے ہیں، جو پہلے دارالعلوم دیوبند سے شائع ہونے والے رسالے ’’القاسم‘‘اور ’’الرشید‘‘ میں چھپے تھے اور اب ان کو دوبارہ کمپوز کراکے اس کتاب کی زینت بنائے گئے ہیں۔ مقصود صرف اتنا ہے کہ مدارسِ دینیہ سے فارغ التحصیل علمائے کرام اپنے اکابر کی تحریرات کو پڑھیں، ان سے اور ان کی خدمات سے واقف ہوں اور ان سے اپنے تعلق کو مضبوط کریںاور یہ حقیقت ہے کہ اپنے اکابر سے جتنا تعلق مضبوط ہوگا، اتنا ہی ہم اپنے ایمان میں پختہ اور فتنوں سے محفوظ ہوں گے۔ راقم الحروف نے تمام مضامین از اول تا آخر مکمل پڑھے ہیں اور دل نے گواہی دی کہ ہر مضمون اپنی مثال آپ ہے۔اللہ تعالیٰ مرتب کی اس کاوش وکوشش کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو قارئین کی ہدایت اور راہنمائی کا ذریعہ بنائے ۔ تبیانُ الحج مولانا محبوب احمد۔ صفحات: ۱۴۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ المقیت، ۱/۳۲ ایف ، منظور کالونی کراچی۔ زیر نظر رسالہ میں مؤلف نے حج وعمرہ کا طریقہ، مسائل اور زیارتِ حرمین کے متعلق فضائل وآداب کو ذکر کیا ہے۔ رسالہ مختصر ہونے کے باوجود کئی ضروری اور بنیادی مسائل کی طرف راہنمائی کرتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مؤلف کی اس کوشش کو قارئین کے لیے نافع اور مرتب کے لیے آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے، آمین۔ التحقیق الحسن فی تائید آثار السنن حافظ ظہور احمد الحسینی۔ صفحات:۱۴۴۔ قیمت:درج نہیں۔ ناشر: خانقاہ امدادیہ، مدرسہ عربیہ حنفیہ تعلیم الاسلام، محلہ زاہد آباد، حضرو، اٹک علامہ ابوالخیر محمد ظہیر احسن شوق نیموی vمتوفیٰ: ۱۳۲۲ھ/ ۱۹۰۴ء کو حدیث، تفسیر، فقہ اور دوسرے علوم میں حضرت شاہ محمد عبدالحق مہاجر مدنی اور حضرت شاہ فضل رحمن گنج مراد آبادی سے شرفِ تلمذ حاصل ہے، آپ کئی کتابوں کے مصنف ہیں، منجملہ ان میں ایک آثار السنن بھی ہے جو فقہ حنفی کی بنیادی احادیث کا مضبوط مجموعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کی کتاب کو بے پناہ مقبولت عطا فرمائی ہے، زمانۂ تالیف سے ہی اطراف عالم میں بے شمار مدارس کے نصاب کا حصہ ہے۔ زمانہ حال میں غیر مقلدوں کے ایک مولوی زبیرعلی زئی نے اپنے ایک مضمون میں جو ماہنامہ ’’الحدیث‘‘ میں چھپاہے، اس کتاب کی عبارات پر کئی اعتراضات اور الزامات لگائے ہیں، مؤلف موصوف نے بڑی شائستگی اور عمدگی کے ساتھ اس کے ان الزامات کا اسی کی عبارات سے مدلل اور مسکت جواب دیا ہے۔ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ علمائے کرام اور احادیث کا شغف رکھنے والوں کے لیے یہ کتاب عمدہ سوغات ہے۔

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین