بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

شفا ورحمت صاحبزادہ مولانا عزیز الرحمن رحمانی۔ صفحات:۳۹۹۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: حاشر پبلشر ایم؍ ۵، بنوری آرکیڈ نزد علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن کریم کو شفا فرمایاہے، اسی طرح سورۂ فاتحہ کے ناموں میں سے ایک نام شفا بھی ہے۔ آپ ا مختلف سورتیں پڑھنے کے بعد اپنے آپ پر دم کیا کرتے تھے، اپنے نواسوں حضرت حسن وحضرت حسین رضی اللہ عنہما پر دم فرمایا کرتے تھے۔ اسی طرح کتب حدیث میں کتاب الدعوات، کتاب الاذکار، ابواب الطب، کتاب الاستعاذہ جیسے عنوانات کے تحت ان اوراد اور وظائف کو ذکر کیا گیا ہے، جن کی آپ ا نے تعلیم دی ہے۔  اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے ہمارے مخدوم، استاذ زادہ حضرت مولانا عزیز الرحمن رحمانی صاحب بن امام اہلسنت حضرت مولانا مفتی احمد الرحمن نور اللہ مرقدہ کوجنہوں نے بیس سالہ محنت شاقہ کے بعد پریشان حال اور جسمانی وروحانی امراض میں مبتلا بھائیوں کے لئے یہ علمی وروحانی سوغات تیار کی ہے، جس میں مرض کی شناخت سے لے کر ہرقسم کے شیطانی وآسیبی اثرات کے خاتمہ تک کے تمام مسائل کاحل اوراُن کے اوراد ووظائف اور تعویذات اس کتاب میں جمع کردیئے ہیں۔ آپ کی تواضع کا یہ عالم ہے کہ آپ لکھتے ہیں: ’’چونکہ اس کتاب میں میری اپنی کوئی چیز نہیں، کوئی عمل میرا نہیں، کوئی وظیفہ میری اپنی کسی محنت کا نتیجہ نہیں ہے۔ مفلوک الحال، دنیا سے مایوس، بے سہارا ، بے سائبان شخص کی چل چلاتی دھوپ میں آبلہ پاسرگردانی اور جستجو کا نتیجہ وثمرہ ہے‘‘۔ کتاب کے شروع میں اکابرین کی تقریظات اور تائیدی کلمات ثبت ہیں اور اس موضوع پر ایک بہترین مقدمہ بھی شامل کیا گیا ہے، جو اس کتاب کی ثقاہت کے لئے بین دلیل ہے۔یہ کتاب دریا بکوزہ کا مصداق ہے اور ہر مسلمان گھرانے کی ضرورت ہے۔  ایجاز الصرف شرح ارشاد الصرف ابو الظہیرمولانا ہدایت اللہ صاحب۔ صفحات: ۲۱۵۔ ناشر: مکتبہ ختم نبوت کوئٹہ۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ، علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔ علم صرف ان علوم میں سے ہے جو قرآن کریم اور حدیث نبوی کے سمجھنے کے لئے اصل اور بنیاد کی حیثیت رکھتے ہیں، اسی لئے ہر دور میں مختلف انداز میں اور کئی جہتوں سے اس علم کی خدمت ہوتی رہی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، جسے مولانا ہدایت اللہ صاحب استاذ حدیث ورفیق دار الافتاء والقضاء جامعہ عربیہ مرکزیہ تجوید القرآن سرکی روڈ کوئٹہ نے عارف باللہ، اپنے زمانے کے شیخ الصرف والنحو حضرت مولانا عبد المجید لنجار کے طرز پر اس کو مرتب کیا ہے اور اس کے شروع میں مولانا عبد الرؤف ہالیجوی صاحب دامت برکاتہم استاذ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کا مختصر اور جامع ابتدائیہ بھی شامل کیا گیا ہے، جو اپنی مثال آپ ہے۔ بہرحال درجہ اولیٰ اور علم الصرف سے شغف رکھنے والے حضرات کے لئے یہ ایک نئی سوغات ہے۔ امید ہے کہ علمأ وطلبہ اس کتاب کی قدر افزائی فرمائیںگے۔ دروس العقائد ابو الظہیرمولانا ہدایت اللہ صاحب مدظلہ۔ صفحات: ۱۷۳۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: جامعہ عربیہ مرکزیہ تجوید القرآن، سرکی روڈ ،کوئٹہ۔ علماء نے لکھا ہے کہ دین اسلام میں عقائد کی مثال ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے اور اعمال مثلاً: نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج وغیرہ کی مثال انسانی اعضاء کی طرح ہے۔ اگر ریڑھ کی ہڈی سلامت رہے تو انسان زندہ رہ سکتا ہے اور اگر ریڑھ کی ہڈی ہی ٹوٹ جائے تو پھر انسانی جان کا بچنا مشکل ہے۔ اسی طرح اگر کسی انسان کے عقائد درست ہیں تو ایمان سلامت ہے اور اگر عقائد ہی بگڑ جائیں تو دین کی بقا مشکل ہے۔  زیر تبصرہ کتاب میں اسلامی عقائد کو مختصر، بڑے سہل اور عام فہم انداز میں جمع کیاگیا ہے، یہ اس کتاب کا دوسرا ایڈیشن ہے۔امید ہے اہل علم حضرات اس کا ضرور مطالعہ فرمائیں گے۔

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین