بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

 

الجوہرۃ النیّرۃ شرح مختصر القدوری (عربی) امام ابی بکر بن علی بن محمد الحداد الزبیدی۔ صفحات: ۱۰۵۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ البشریٰ (البشریٰ ویلفئیر اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ، کراچی) مکتبۃ البشریٰ کے کارپردازان اور ذمہ داران حضرات اس اعتبار سے مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ہندو پاک میں جو کتب معنوی اعتبار سے تو بہت بیش بہا ہوتی تھیں، لیکن کتابت اور طباعت کے غیر معیاری ہونے کی بناپر ان کی وہ قدرومنزلت نہیں تھی جو ہونی چاہیے تھی، الحمد للہ! ان حضرات نے ایسی تمام کتب کو نئے سرے سے اعلیٰ معیار پر کتابت اور طباعت کراکر بیروت سے طبع شدہ کتب کے مقابل لاکھڑا کردیا۔ زیرتبصرہ کتاب ’’الجوہرۃ النیّرۃ‘‘ بھی انہیں کتب میں سے ہے، جس کو اس مکتبہ والے اعلیٰ کاغذ اور عمدہ طباعت کے بعد منصہ شہود پر لائے، اس میں درج ذیل کام کیا گیا: ۱:… کئی نسخوں کو سامنے رکھ کر اس کی اغلاط کی تصحیح کی گئی۔ ۲:… متن کو اوپر اور اس کی تشریح وتفصیل کو نیچے ذکر کیا گیا۔ ۳:… آیاتِ قرآنیہ اور احادیث کو سرخ رنگ سے نمایاں کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ آیت نمبر اور سورت نمبر بھی لکھا گیا۔ ۴:… قواعد واملاء اور علاماتِ ترقیم کا بطور خاص خیال رکھا گیا۔ ۵:… مکمل کتاب کو ملون طبع کیا گیا۔  اللہ تبارک وتعالیٰ ان حضرات کی مساعی شاقہ کو قبول فرمائے اور امت کے لیے اس کتاب کو ذریعۂ ہدایت بنائے، آمین سیرتِ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ ابومحمد مولانا ثناء اللہ سعد شجاع آبادی۔ صفحات: ۵۹۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: دارالسعد۔ ملنے کا پتہ:مکتبہ لدھیانوی، ۱۸؍سلام کتب مارکیٹ بنوری ٹاؤن، کراچی زیرتبصرہ کتاب ’’سیدنا عمر فاروقؓ‘‘جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی سیرت پر لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کو مؤلف نے دس ابواب پر تقسیم کیا ہے: باب: ۱… ابتدائی زندگی کے خدوخال، قبولِ اسلام سے ہجرتِ مدینہ تک کے احوال، باب: ۲… سیدنا عمرؓ مدینۃ الرسولؐ میں، باب: ۳… سیدنا عمرؓ مسند خلافت پر، باب: ۴… حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اقارب سے سیدنا عمرؓ کے خصوصی مراسم، باب: ۵… امیر المؤمنین سیدنا عمرؓ کا سانحۂ شہادت، باب: ۶… سیدنا عمرؓ کے عمال اور احتسابی نظام، باب: ۷… سیدنا عمرؓ کے کارنامے اور اصلاحات، باب: ۸… عجائبات ونوادرات، باب: ۹… سیدنا عمرؓ کے چند فیصلے اور اصلاحِ معاشرہ، باب: ۱۰… متفرقات۔ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے بہت ہی منفرد ہے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی سیرت واحوال اور ان کے وقائع سے شغف رکھنے والے حضرات کے لیے یہ کتاب عمدہ تحفہ ہے۔ امام اعظم ابوحنیفہؒ اور علم حدیث مولانا محمد علی صدیقی کاندھلوی۔ صفحات: ۸۰۶۔ قیمت: فہرست کتب مطالعہ فرمائیں۔ ناشر: مکتبۃ البشریٰ (البشریٰ ویلفئیر اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ، کراچی) امام ابوحنیفہؒ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں، آپ بیک وقت فقیہ، مجتہد، عارف ، زاہد، مفسر، متکلم، متقی ، محدثِ عظیم اور ناقد حدیث تھے۔ آپ نے ہر میدان میں اپنا لوہا منوایا۔ مولانا موصوف نے انتہائی عرق ریزی سے اور باحوالہ اس بات کو مدلل اور مبرہن کیا ہے کہ امام ابوحنیفہؒ رحمہ اللہ تعالیٰ علم حدیث میں بھی کمال رکھتے تھے اور کئی محدثین نے آپ سے استناد حاصل کیا۔ کتاب کی ثقاہت کے لیے اکابر علمائے کرام کی تقریظات وتصدیقات اس کتاب کی ثقاہت کی کافی اور واضح دلیل ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس کے ناشرین کو جزائے خیر دے، جنہوں نے حسب روایت بہت ہی عمدہ اور اعلیٰ انداز میں دو رنگ میں اسے طبع کیا ہے۔  کسی کو تکلیف نہ دیجیے محمد حنیف عبدالمجید، محمد جاوید۔ صفحات: ۲۷۰۔ قیمت: درج نہیں۔ اسٹاکسٹ: فدا منزل، گوالی لائن ۳، نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی زیرتبصرہ کتاب میں قرآن کریم اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں اکابر کے مستند واقعات کے ساتھ اس بات کو بتایا گیا ہے کہ دوسروں کو تکلیف سے بچانے کے انداز وفوائد، دوسروں کو خوش رکھنے اور خیرخواہی کی تدبیر ، معاشرت ومعاملات کی درستگی کی ترغیب، برے اخلاق سے بچنے کے لیے نصیحت آموز مضامین۔ اپنے عناوین اور فوائد کے اعتبار سے یہ کتاب ہر گھر کی ضرورت ہے۔ کتاب کا کاغذ، کمپوزنگ، جلد اور طباعت ہر ایک اعلیٰ معیار کو چھوتی نظر آتی ہے۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین