بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

نقد و نظر حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ(دو جلد) حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب۔ صفحات جلد اول:۵۳۶، جلددوم:۵۱۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ اشاعت اسلام مانچسٹر۔ ملنے کا پتہ:صدیقی ٹرسٹ المنظر اپارٹمنٹ ۴۵۸ گارڈن ایسٹ کراچی۔ حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب نے اس سے پہلے بھی صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے حالات، ان کی حیات وخدمات پر مبسوط اور بادلائل کئی کتب تالیف فرمائی ہیں۔ اس سلسلہ کی کڑی زیر تبصرہ کتاب میں امیر المؤمنین حضرت علی المرتضیٰ ؓ کی سیرت، وقائع حیات اور دینی خدمات کا علمی، فکری اور مثبت پیرایہ میں تذکرہ کیا ہے۔ کتاب مبسوط اور سابقہ روایات کے مطابق دلائل سے مبرھن ہے۔ امید ہے اہل ذوق اس کتاب کی خوب قدر افزائی فرمائیں گے۔ آسان ترجمہ وتشریح قرآن مجید(حصہ اول) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی۔ حصہ اول پارہ نمبر:۱ تا پارہ:۱۰۔ صفحات:۴۹۸۔ عام قیمت:۷۵۰ روپے۔ ناشر: زمزم پبلشرزشاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔ زیر تبصرہ کتاب کا تعارف ٹائیٹل پر یوں کرایا گیا ہے: ’’آسان اور سلیس اُردو زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ اور مختصر تشریح جس میں مستند احادیث کی روشنی میں قرآنی تعلیمات کو واضح کیا گیا ہے۔ انبیاء ؑ اور ان کی اقوام سے متعلق واقعات کے ذیل میں دعوتی نکات اور سبق آموز پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ قرآن مجید سے مستنبط ہونے والے شرعی احکام اور خاص کر جدید مسائل پر توجہ دی گئی ہے۔ اہل مغرب کی جانب سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو دُور کیا گیا ہے اور عصر حاضر کے غیر اسلامی اور نادُرست افکار ونظریات کے بارے میں قرآن مجید کے موقف کی وضاحت کی گئی ہے‘‘۔ بہرحال وہ لوگ جن کے پاس لمبی تفاسیر پڑھنے کا وقت نہیں اور وہ قرآن کریم کو سمجھنا بھی چاہتے ہیں تو یہ آسان ترجمہ وتشریح قرآن مجید ان کے لئے انمول خزانہ اور بے بہا قیمتی جوہر ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے ناشر اور مؤلف کو جزائے خیر سے نوازیں اور امت مسلمہ کو قرآن پاک سیکھنے ، پڑھنے، سمجھنے، عمل کرنے اور اشاعت کی توفیق عطا فرمائے۔ سیرۃُ المصطفیٰ (مکمل تین جلد) حضرت علامہ مولانا محمد ادریس کاندھلویؒ۔ صفحات جلد اول:۳۸۱، جلد دوم:۳۸۲، جلد سوم:۴۶۲۔ عام قیمت:۱۵۰۰ روپے، اعلیٰ ایڈیشن قیمت: ۲۱۰۰ روپے۔ ناشر: زمزم پبلشرز ، شاہ زیب سینٹر مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ پاک کاموضوع ایسا نرالا اور سدا بہار موضوع ہے کہ اسلام کے ابتدائی زمانہ سے آج تک کتنی زبانوں میں اور کتنے انداز میں کتبِ سیرت لکھی گئی ہیں اور تاقیامت لکھی جاتی رہیں گی۔  زیر تبصرہ کتاب پہلے بھی کئی بار چھپ چکی ہے، لیکن زمزم کے احباب نے اس میں کئی اعتبار سے اس کی خدمت کی ہے، مثلاً: ۱:…کتاب کی ابتدا میں حضرت مؤلف کے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر محمد میاں صدیقی صاحب مدظلہ کے قلم سے جامع ’’مقدمہ‘‘شامل کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے والد ماجد حضرت کاندھلوی رحمہ اللہ اور ان کی تمام تصنیفات وتالیفات کا بہترین تعارف کرایا ہے۔ ۲:… سابقہ نسخوں کو پیشِ نظر رکھ کر تصحیح کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ۳:… عربی عبارات پر اعراب لگائے گئے ہیں۔ ۴:…اُردو کے جدید قواعدِ املاء کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ ۵:… مناسب مقامات پر علاماتِ ترقیم لگانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔     ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود بھی اور اپنی اولاد وگھر والوں کو بھی سیرتِ طیبہ کی تعلیم دیں۔ خود بھی ایسی کتابیں پڑھیں اور اپنے بچوں وگھروالوں کو بھی جمع کرکے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ پر مشتمل کتب پڑھ کر سنائیں، ان شاء اللہ! اس سے گھر کا ماحول پاکیزہ اور مطہر ہوگا اور صحیح رُخ پر بچوں کی تربیت ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہماری اولادوں کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی تابعداری نصیب فرمائے۔ ٭٭٭

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین