بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

مخزن المرجان فی خلاصۃ القرآن  افادات: امام الاولیاء حضرت مولانا احمد علی لاہوری نوراللہ مرقدہٗ و شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد اصغر صاحب سہارن پوریؒ ۔مرتب : مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب ۔ صفحات: ۲۴۰۔  قیمت: درج نہیں۔ ناشر: اسلامی کتب خانہ علامہ بنوری ٹائون کراچی۔ امام الاولیاء حضرت مولانا احمد علی لاہوری نوراللہ مرقدہٗ ہمارے ان اکابر اور بزرگوں میں سے ہیں، جن سے انگریز خائف تھا، حضرت لاہوریؒ ابتداء ً دہلی میں درسِ قرآن دیتے تھے، انگریز کو ان کے درسِ قرآن سے خطرہ ہوا تو انہوں نے آپ کو لاہور جلاوطن کردیا، آپ نے یہاں بھی قرآن کریم کا درس شروع فرمادیا، قرآن کریم کے شائقین ہر جگہ سے کشاں کشاں آپ کے اردگرد جمع ہونے لگے۔ اس کے بارہ میں مولانا سیّد ابوالحسن علی ندویv لکھتے ہیں: ’’واقعہ یہ ہے کہ ہندوستان میں درسِ قرآن کے عمومی رواج اور لوگوں میں اس کی مقبولیت کا سہرا اُنہی (حضرت مولانا احمد علی لاہوری قدس سرہٗ) کے سر ہے۔‘‘                        (پرانے چراغ، ج:۱، ص:۱۳۹) حضرت لاہوریؒ کا مترجم قرآن شریف مع حاشیہ (تفسیر القرآن العزیز) کے انہی حواشی میں سے خلاصۂ سورۃ اور خلاصۂ رکوع کو کتابی شکل میں پیش کیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حضرت مولانا محمد اصغر ؒ کے قلم سے تحریر شدہ خلاصۂ قرآن بھی شامل کیا گیا ہے۔زیر تبصرہ کتاب کی ترتیب و تالیف کا کام مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب نے انجام دیا ہے، جن کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن کریم کے ترجمہ اور تفسیر کا خاص ذوق عطا فرمایا ہے۔یہ کتاب اہلِ علم اور شائقین قرآن کریم کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ امید ہے کہ ائمہ مساجد، خطباء کرام اور درس و تدریس سے تعلق رکھنے والے علماء و طلباء اس کی ضرور قدر افزائی فرمائیں گے۔ اشاریہ ’’برہان‘‘ دہلی مصنف ومرتب:محمد شاہد حنیف ۔ صفحات: ۳۷۲ ۔ قیمت: ۸۰۰ روپے ۔ ناشر: اوراقِ پارینہ پبلشرز لاہور ۔ ملنے کا پتہ:کتاب سرائے اردو بازار لاہور۔ محترم و مکرم بھائی محمد شاہد حنیف صاحب کو اللہ تعالیٰ نے یہ خصوصیت عطا فرمائی ہے کہ وہ جرائد و رسائل اور کئی مجلدات پر مبنی کتب کی موضوعاتی اور مصنفین کی ترتیب کے اعتبار سے فہرست اور اشاریہ بہت ہی سہل اور عمدہ انداز میں ترتیب دیتے ہیں، اب تک تقریباً پچاس سے زائد جرائد و رسائل کے اشاریئے تیار کرچکے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب مولانا سعید احمد اکبر آبادی اور مولانا عتیق الرحمن عثمانی کی زیر ادارت ندوۃ المصنفین دہلی کے دینی، علمی و تحقیقی ماہنامہ ’’برہان‘‘ کے ۶۳ سالوں میں شائع ہونے والے شماروں کے ہزاروں مقالات و نگارشات اور تبصرۂ کتب کا موضوع وار اور مصنف و ار اشاریہ ہے، جس کی مدد سے اس رسالہ میں شائع شدہ کسی بھی موضوع کو تلاش کرنا اور اس تک پہنچنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔ علم و تحقیق کے میدان کے شاہسواروں کے لیے یہ اشاریہ بہت ہی معین و مددگار ثابت ہوگا۔ مرقاۃ النحو  مصنف: حضرت مولانا محمد عباس تھری۔ صفحات: ۱۷۳۔ قیمت: درج نہیں، ناشر: اسلامی کتب خانہ علامہ بنوری ٹائون کراچی  تدریس سے تعلق رکھنے والے مدرسین حضرات نے اپنے اپنے انداز میں علم نحو کی خدمت کی ہے۔زیر تبصرہ کتاب ’’مرقاۃ النحو‘‘ اسی سلسلہ کی کڑی ہے، اس کی ابتدا میں محدث العصر حضرت علامہ سیّد محمد یوسف بنوری نوراللہ مرقدہٗ کے شاگرد رشید اور سندھ کے علماء کے مقتدا اور راہنما حضرت مولانا عبدالغفور قاسمیv کی بھی تقریظ ثبت ہے اور حضرت مولانا منظور احمد صاحب جامعہ احیاء العلوم ظاہر پیر والوں نے اپنے اشعار میں اس کی تعریف و توصیف کی ہے۔ ہر دو بزرگوں کی تقریظات اس کتاب کی ثقاہت کی دلیل ہیں۔ البتہ کاغذ بہت ہی کمزور لگایا گیا ہے اور ابتدا میں کتاب کی فہرست اور ان کا ٹائٹل بھی نہیں لگایا گیا، جس کی وجہ سے قاری کے لیے مطلوبہ صفحہ تک پہنچنا مشکل امر ہے۔ امید ہے اگلے ایڈیشن میں اس طرف توجہ کی جائے گی۔ مکتوباتِ حقانی مولانااورنگزیب اعوان۔ صفحات: ۱۲۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ تالیفات اسلامیہ ہری پور۔     زیرتبصرہ رسالہ میں نامور خطیب، مایہ ناز مصنف ومؤلف، عظیم محقق، شیخ الحدیث مولانا عبدالقیوم حقانی دامت برکاتہم کے ان ۳۷؍ دینی واصلاحی اور ادبی مکاتیب کو جمع کیا گیا ہے، جو مولانا محمد اورنگزیب اعوان صاحب مؤلف رسالہ ہٰذا کے نام لکھے گئے ہیں۔ افادۂ عام کی غرض سے مؤلف صاحب نے ان کو یکجا شائع کیا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مؤلف موصوف کی اس سعی کو قبولیت سے نوازیں۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین