بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

اصلاحی گزارشات مصنف: حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر مدظلہٗ ۔صفحات: ۲۱۶ ۔قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الایمان کراچی۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ بنوری ٹائون کراچی۔ حضرت ڈاکٹر صاحب کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے ایسا زورِ بیان ودیعت فرمایا ہے کہ ہر اونچی سے اونچی اور مشکل سے مشکل بات بھی حضرت ڈاکٹر صاحب کی زبانی سمجھنا بہت ہی سہل اور آسان ہوجاتا ہے۔  زیر تبصرہ کتاب میں حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر دامت برکاتہم کے ان مختلف مقالات و مضامین اور بیانات کو یکجا کیا گیا ہے جو مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔ ان مضامین کو مولوی سیّد محمد زین العابدین صاحب نے جمع کیا ہے۔ ’’پیش لفظ‘‘ حضرت ڈاکٹر صاحب کے قلم سے ہے، ’’سخن ہائے گفتنی‘‘ حضرت مفتی رفیق احمد بالاکوٹی صاحب کا تحریر کردہ ہے اور ’’ابتدائیہ‘‘ کے عنوان سے مفتی خالد محمود صاحب نے ’’قلم کی نعمت‘‘ کے عنوان سے بہت ہی مختصر مگر جاندار مضمون قلم بند فرمایا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ان سب حضرات کی مساعی کو قبول فرمائے اور قارئین کے لیے ذریعہ ہدایت بنائے۔ آمین۔ تحفظ مدارس اور علماء و طلباء سے چند باتیں  مصنف: حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر مدظلہٗ ۔صفحات: ۲۰۸ ۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:مکتبۃالایمان کراچی۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ، علامہ بنوری ٹائون کراچی۔ قریب کے گزشتہ سالوں میں خصوصی اداروں کی جانب سے مدارس دینیہ کو قابو میں رکھنے کے لیے ان پر مختلف الزامات و اتہامات عائد کیے گئے اور ہر سطح پر ان کے صاف ستھرے عملی کردار کو مسخ کرکے بدنما شکل میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔ اللہ تبارک و تعالیٰ جزائے خیر دے ہمارے اکابر کو کہ انہوں نے بڑی حکمت عملی اور دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے جہاں حکومتی اہلکاروں کی ان ریشہ دوانیوں کا مسکت جواب دیا، وہاں عوام الناس کو صحیح صورت حال بتاکر ان کو مدارس کے بارہ میں شکوک و شبہات میں مبتلا ہونے سے بھی بچایا۔ اس کتاب میں ’’مدارس کا نصاب، مدارس کی غرض و غایت، نظامِ تعلیم کی ترتیب، جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹائون کراچی کا نظام امتحان، ذمہ دارانِ مدارس سے چند ضروری باتیں، علماء کی ذمہ داریاں، کامیاب استاذ، فتنہ پرور تحریکیں اور دینی دعوت کا طریقہ کار، حصولِ علم کے مقاصد، علم دین حاصل کرنے کا مقصد، تبلیغ و ہدایت کا سلسلہ اور ہماری ذمہ داری‘‘ جیسے موضوعات کو شامل اشاعت کیا گیا ہے۔ ان مضامین کو مختلف رسائل و جرائد سے جمع کرنے کا کام مولوی سیّد محمد زین العابدین صاحب فاضل جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹائون نے سرانجام دیا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ان کی اس محنت کو قبول فرمائے اور علماء و طلباء کے لیے اس کتاب کو راہنمائی کا ذریعہ بنائے،آمین۔ مشاہدات و تأثرات مصنف:حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر مدظلہٗ ۔صفحات: ۳۲۸ ۔قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ الایمان کراچی۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ، علامہ بنوری ٹائون کراچی۔ زیر تبصرہ کتاب میں ’’سخن ہائے گفتنی‘‘ کے عنوان کے تحت حضرت مفتی رفیق احمد بالا کوٹی بجا طور پر تحریر فرماتے ہیں کہ: ’’امت محمدیہ کی تاریخ کے ہر دور میں ایسی شخصیات موجود رہی ہیں، جنہیں اپنے کردار میں اسوئہ رسول (l) کا عکس اور صحابہ کرامؓ کا نمونہ قرار دیا جاسکتا ہے، اسی بنا پر امت کی علمی روایت رہی ہے کہ ذخیرۂ احادیث و آثار کی طرح، سلف صالحین کے حالات و واقعات اور علوم و افکار کی ترتیب و جمع بندی کا التزام بھی ہوتا رہا ہے، کتب سیر و سوانح کے نمونے ہمارے سامنے ہیں۔‘‘ زیر تبصرہ کتاب ’’مشاہدہ و تاثرات‘‘ اسی علمی روایت کا تسلسل ہے جو سیرت و سوانح سے متعلق مضامین پر مشتمل ہے۔ اس کتاب میں حضرت مولانا مفتی خالد محمود مدظلہٗ کا ایک پُرمغز ’’مقدمہ‘‘ ہے، جس میں حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر مدظلہٗ کے حالات اور ان کی علمی خدمات کا احاطہ کیا ہے۔ ان قیمتی مقالات و مضامین کو جمع کرنے کا کام مولوی سیّد محمد زین العابدین صاحب نے کیا ہے۔ اس کتاب کے پڑھنے سے علم و عمل کی جامع کئی شخصیات کا تعارف اور ان کی علمی خدمات سے واقفیت ہوجاتی ہے۔

 ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔ژ۔۔۔۔۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین