بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

حیات وخدمات نمبر(ماہنامہ ’’الحق‘‘ کی خصوصی اشاعت ) بیاد: شیخ التفسیر مولانا ڈاکٹر شیرعلی شاہ مدنیv  ترتیب وتدوین: مولانا محمد اسرار ابن مدنی۔ صفحات: ۶۴۰۔ رعایتی قیمت: ۳۰۰ روپے۔ ناشر: مؤتمر المصنفین جامعہ دارالعلوم حقانیہ، اکوڑہ خٹک ، خیبرپختون خوا۔ شیخ التفسیرحضرت مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ مدنی v کی وفات پر ماہنامہ ’’الحق‘‘ نے اس خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے، اس کا پیش لفظ شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق مدظلہٗ نے تحریر فرمایا ہے، اس میں لکھتے ہیں: ’’ماہنامہ ’’الحق‘‘ کی اس خصوصی اشاعت کی شکل میں یہ جانے والے مرحوم کی خدمات میں دارالعلوم حقانیہ کا ایک معمولی سا نذرانۂ عقیدت ہے، جسے ’’بضاعۃ مزجاۃ‘‘ کے طور پر ان کی بارگاہ میں تحسین وعقیدت کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ حضرتؒ کے تلامذہ، خدام، متعلقین، احباب اور ملک کے نامور قدر شناس اصحابِ علم وفضل کی محبتوں اور محنتوں کا یہ سجا سجایا گلدستہ وقت کی کمی اور مناسب اسباب کی قلت کے باوجود کسی حد تک آنے والی نسلوں کے لیے علم وعمل کے میدانوں میں رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگا۔‘‘ یہ خصوصی اشاعت حضرتؒ کی سوانح حیات، علمی جامعیت اور اوصاف وکمالات، قومی، ملی ، سیاسی خدمات اور مجاہدانہ کارنامے، اعترافِ عظمت وکمال، درسی افادات وملفوظات، سفرِ آخرت، مذہبی رسائل میں تعزیتی شذرات، علمی مآثر، مکاتیب اور قلمی شہ پارے، تعزیتی ریفرنس اور خطبات، تعزیتی مکاتیب، منظوم خراجِ عقیدت اردو وعربی جیسے عنوانات پر مشتمل ہے۔  اپنے اکابر کے حالات اور واقعات زندگی پر مشتمل ان خصوصی اشاعتوں اور نمبرات کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ بعد میں آنے والی نسل کو اپنے اسلاف کے طرزِ زندگی اور ان کی علمی وعملی زندگی کو قریب سے دیکھنے اور پڑھنے کا ایک موقع مل جاتا ہے اور اپنے طرزِ زندگی کو ان جیسا بنانا ان کے لیے آسان ہوجاتا ہے۔ بہرحال حضرتvکی زندگی پر یہ ایک وقیع نمبر ہے۔ اہل علم حضرات کے لیے ماہنامہ ’’الحق‘‘ کی طرف سے یہ علمی سوغات ہے، جس کی قدر افزائی کیا جانا ضروری ہے۔ آباء کے دیس میں شیخ الحدیث حضرت مولانا زبیراحمد صدیقی۔ صفحات: ۲۲۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: جامعہ فاروقیہ شجاع آباد۔ حضرت مولانا زبیر احمد صدیقی جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے رئیس وشیخ الحدیث اور وفاق المدارس العربیہ جنوبی پنجاب کے ناظم ہیں، باوجود بیمار رہنے کے بہت ہی فعال، دینی، فلاحی اور سماجی کاموں کے علاوہ تعلیمی میدان میں بھی اعلیٰ سوچ وفکر کے حامل ہیں۔ آج آپ کے ادارہ کی جتنا بھی علمی وروحانی اور تعمیراتی بہار ہے وہ آپ ہی کی محنتوں، تکلیفوں اور مشکلات کا ثمرہ ہے۔ آپ اسی دینی جذبہ کے تحت جمعیت علمائے ہند کی دعوت پر ممتاز علمائے کرام کے ایک نمائندہ وفد کے ساتھ اپنے اکابر ومشائخ کے منبع علوم وفیوضات کو قریب سے دیکھنے کے لیے وہاں تشریف لے گئے۔ اور پورے سفر اور وہاں کا آنکھوں دیکھا حال یوں تحریر کیا، گویا قاری اپنی آنکھوں سے پورا منظر دیکھ رہا ہے۔ بہرحال یہ کتاب بہت عمدہ علمی وروحانی سفرنامہ ہے جو کہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ امید ہے باذوق حضرات ایک بار ضرور اس کا مطالعہ فرمائیں گے۔ الحاج بشیر احمد زرگر ڈاکٹر عبدالشکور عظیم۔ صفحات: ۳۹۲۔ قیمت: ۴۰۰روپے۔ ناشر : الفرقان، کینٹ بازار ، ملیر کینٹ، کراچی ڈاکٹر عبدالشکور صاحب نے یہ کتاب بظاہر تو ایک دینی، علمی اور ملی شخصیت اپنے تایا جناب الحاج بشیر احمد زرگر مدظلہ کے دینی وسیاسی کارناموں کے تذکرہ، حالات اور واقعات کے بیانیہ کے لیے مرتب کی ہے، لیکن اس میں بہت سے اکابر کے حالات، واقعات اور کرامات بھی یکجا ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ بزرگوں کے ملفوظات کا بھی ایک کثیر حصہ اس میں آگیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالشکور صاحب اس سے پہلے ’’آنسوؤں کا سفر‘‘ ، ’’جسے چاہا در پہ بلالیا‘‘ اور ’’حضرت اباجیؒ‘‘جیسی کتابیں لکھ چکے ہیں۔ اس کتاب کے مطالعہ سے جہاں پاکستان کے جلیل القدر علماء ومشائخ سے تعارف اور ان کے دینی وعلمی کارناموں سے آگاہی ملتی ہے، وہاں ان عظیم شخصیات کے ایمان افروز واقعات سے روشنی بھی میسر آتی ہے۔ بازگشت کا تسلسل جناب خورشید احمد۔ صفحات: ۲۰۸۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ، خیبرپختون خوا، پاکستان۔ زیرتبصرہ کتاب ’’بازگشت کا تسلسل‘‘ حمد ونعت کا مجموعہ ہے، جو جناب مؤلف خورشید احمد صاحب کی پہلی تاریخی کاوش‘ شاہکار ادبی شہ پارہ ہے۔ جناب موصوف ایف جی ڈگری کالج اٹک کے پرنسپل ہیں۔ ایک عرصہ آپ مدینہ طیبہ میں رہے اور اب یادِ ماضی میں تڑپ رہے ہیں، اس تڑپ کی کچھ جھلکیاں اس مجموعہ میں بھی نظر آتی ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس مجموعہ کو ان کی نجات اور قارئین کے لیے ذریعۂ ہدایت بنائے، آمین۔ سیرت سیدنا امام حسینq جناب مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی ۔ صفحات: ۲۶۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ اشاعت اسلام مانچسٹر۔ پاکستان میں ملنے کا پتہ: صدیقی ٹرسٹ، ۴۵۸، گارڈن ایسٹ، نزد لسبیلہ چوک کراچی۔ مؤلف محترم جناب مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب کتب کثیرہ کے مؤلف ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کو سیال قلم عطا فرمایا ہے، خصوصاً صحابہ کرامؓ کے فضائل ومناقب اور ان کی سوانح کا آپ کو عمدہ ذوق ودیعت کیا گیا ہے۔ زیرتبصرہ کتاب حضرت حسین q کے فضائل ومناقب پر مشتمل ہے، نیز آپؓ کی شہادت پر ایک طبقہ جو محرم الحرام جیسے بابرکت مہینہ میں شہادتِ حسین (q) کی نسبت سے سڑکوں اور چوراہوں پر ماتم برپا کرتا ہے‘ اس کتاب میں قرآن، حدیث اور اقوال ائمہ کرامؒ واہل بیتؓ کی عبارات سے اس کو ناجائز ثابت کیا گیا ہے۔ کتاب کی فہرست میں نمبر شمار اور صفحہ نمبر نہیں لکھے گئے۔ بہرحال کتاب بہت زیادہ علمی، بلکہ معلومات کا خزینہ ہے۔ امید ہے اس کی قدر افزائی کی جائے گی۔ اسلام میں اولاد کی تربیت اور اس کے حقوق حضرت مولانا مفتی عبدالسلام چاٹگامی۔ صفحات: ۲۲۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: اسلامی کتب خانہ علامہ بنوری ٹاؤن ، کراچی۔ حضرت مولانا مفتی عبدالسلام چاٹگامی دامت برکاتہم العالیہ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے دارالافتاء کے رئیس واستاذ حدیث رہے ہیں، اس زمانہ میں آپ جامع مسجد عثمانیہ کے خطیب بھی تھے۔ بعض احباب نے آپ کو متوجہ کیا کہ والدین کے حقوق کے بارہ میں تو بہت ساری کتب مل جاتی ہیں، لیکن اولاد کے حقوق کے بارہ میں ہمیں کچھ معلومات نہیں۔ آپ نے اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے ’’اسلام میں اولاد کی تربیت اور اس کے حقوق‘‘ کے عنوان پر جمعہ کے خطبات میں بیان شروع فرمایا جو ایک عرصہ تک چلتا رہا، اس بیان کو کیسٹوں سے نقل کراکر اَب کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے، جس میں اولاد کی پیدائش سے لے کر شادی بیاہ تک ماں باپ کی ذمہ داریوں کے علاوہ کئی اور علمی موضوعات کو بھی اس کتاب میں سمویا گیا ہے۔ یہ ایک مختصر اور پر اثر کتاب ہے ، جو ہر لائبریری اور ہر گھر کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ اس کتاب کی قدر افزائی کی جائے گی۔ پیارے نبی a کے پیارے واقعات حضرت مولانا سعید احمد صدیقی۔ صفحات: ۱۹۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: اسلامی کتب خانہ، علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی۔ حضرت مولانا سعید احمد صدیقی فاضل علوم اسلامی ، ایم فل کراچی، شعبہ تدریس اور تحقیق وتصنیف سے وابستہ ہیں، اس سے پہلے بچوں کے لیے ’’ہمارے پیارے نبی a ‘‘ کے عنوان سے سیرت پر ایک کتاب مرتب کرچکے ہیں جو بچوں اور قارئین میں بے حد مقبول ہوئی، اس کتاب کو قومی سیرت کانفرنس میں انعام سے نوازا گیا۔ زیرتبصرہ کتاب ’’پیارے نبیa کے پیارے واقعات‘‘ یہ ان کی دوسری کاوش ہے، جس میں حضور اکرم a کی سیرت پر مبنی واقعات بہت ہی دل چسپ اور عمدہ انداز میں تحریر کیے گئے ہیں۔ کتاب میں بچوں کے ذہنی معیار کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ اختصار اور جامعیت کی حامل یہ کتاب سیرت میں ایک مفید اضافہ ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلف کی اس پرخلوص کوشش وکاوش کو قبول فرمائیں اور آخرت میں نجات کا سبب وذریعہ بنائیں۔

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین