بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

بینات

 
 

نقد و نظر

قدیم طرز کا جدید فتنہ مولانا سید خلیق ساجد بخاری۔ صفحات: ۴۷۔ قیمت: ۳۰ روپے۔ ناشر: منشورات قلم، دوسری منزل مسلم سنٹر، اردو بازار ، لاہور۔ زیر تبصرہ رسالہ میں ’’جن، جادو اور جہالت کا ایک باب‘‘ نامی کتاب کا ’’قدیم طرز کا جدید فتنہ ‘‘کے عنوان سے پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔ اس رسالہ میں لوگوں کی راہنمائی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے نام نہاد ماہر عملیات سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیںجو جن، جادو وغیرہ کے توڑ کے نام سے لوگوں کی عزت وآبرو سے کھیلتے ہیں اور لوگوں کے مال بٹورتے ہیں۔ بہت ہی اچھا ہوتا کہ اس رسالہ میں جس موصوف کے جابجا حوالہ جات دیئے گئے ہیں، اور ان پر تنقید کی گئی ہے، ان کا نام، پتہ اور پورا تعارف بھی دیا جاتا، تاکہ قاری کو پڑھتے وقت کوئی دقت محسوس نہ ہوتی۔ امید ہے آئندہ ایڈیشن میں اس کا خیال رکھا جائے گا۔ تہوار اور تہذیب مولانا محمد طفیل صاحب۔ صفحات: ۱۶۸۔ قیمت : درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: معہد الایمان محمودیہ ٹاؤن یونیورسٹی روڈ ، کوہاٹ۔ مولانا محمد طفیل صاحب دارالعلوم کراچی کے فاضل اور کئی ایک کتابوں اور رسائل کے مؤلف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تحریر کا عمدہ ذوق ودیعت فرمایا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب میں بھی آپ نے عمدہ مضامین کو جمع کیا ہے۔ اس کتاب کو دو ابواب میں تقسیم کیا گیاہے۔ پہلے باب میں چار فصول ہیں: ۱:… تہوار اور تہذیب، ۲:… اسلامی تہوار،فلسفہ، اثرات، امتیازات، ۳:… اغیار کے تہواروں میں شرکت کا شرعی جائزہ، ۴:… مغربی تہذیب، نقدوتبصرہ۔ باب دوم میں دس فصول ذکر کی ہیں: ۱:… مختلف تہذیبوں کے تہواروں پر ایک اجمالی نظر۔ ۲:… نیو ائیر نائٹ، بداعمالیوں کی سیاہ رات۔ ۳:… ویلنٹائن ڈے ۔۔۔۔ تاریخ کیا کہتی ہے؟۔ ۴:… بسنت ایک خونی تہوار۔ ۵:… اپریل فول ڈے ایک قبیح رسم۔ ۶:… میراتھن ۔۔۔۔ تاریخ، ارتقا، اثرات۔ ۷:… کرسمس ڈے اور اس کے منفی اثرات۔ ۸:… عیسوی تقویم ۔۔۔۔ تاریخ پردہ اٹھاتی ہے۔ ۹:… کرکٹ ایک نشہ ۔۔۔۔ ایک طوفان۔ ۱۰:… اسلامی تہذیب اغیار کے نشانے پر۔ ماشاء اللہ! کتاب عمدہ انداز میں مرتب کی گئی ہے۔ نئی تہذیب اور اس کے گندے اثرات کو سمجھنے کے لیے اس کتاب کا مطالعہ مفید بلکہ ضروری ہے۔ روحانی صدائیں فقیر عبیداللہ سکھروی بلوچ۔ قیمت :درج نہیں۔ صفحات: ۱۴۶۔ ملنے کا پتہ: جامعہ انوار العلوم شکار پور روڈ، سکھر۔ زیر نظر کتاب میں مؤلف نے توحید باری تعالیٰ اور سید الاولین والآخرین a کی شانِ مبارک میں محبت و عشق میں ڈوبی ہوئی شاعری اور تک بندی کرنے کی اپنی سی کوشش کی ہے۔ موصوف اپنی اس کوشش میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں، یہ ہم قارئین پر چھوڑتے ہیں۔ حضرت مولانا منظور احمد مینگل صاحب کی تقریظ بھی اس کتاب پرثبت ہے۔ امام اعظم ابوحنیفہ v کا محدثانہ مقام (دو جلدیں) مولانا محمد نعمان، فاضل جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن۔ صفحات جلد اول: ۴۶۸، جلد دوم:۵۳۴۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: دارالناشر، حق اسٹریٹ، اردو بازار ، لاہور۔ مولانا محمد نعمان فاضل نوجوان ہیں، جن میں مختلف کتب سے مواد لے کر یکجا کرنے کا شوق معلوم ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تھوڑے ہی عرصہ میں اس طرح کی کئی کتب وہ منصہ شہود پر لاچکے ہیں، مثلاً: تعوذ، تسمیہ اور سورۂ فاتحہ کے متعلق ۱۰۰ مباحث پر مشتمل معارف القرآن، قواعد الفقہ، قواعد التفسیر، فقہ اسلامی کے ذیلی مآخذ، وغیرہ ان کی تالیفات ہیں۔ اب زیر تبصرہ کتاب ’’امام اعظم ابوحنیفہv کا محدثانہ مقام‘‘ ان کی نئی تالیف ہے۔اس کتاب میںامام ابوحنیفہؒ کی سوانح، آپ کی تابعیت، شہر کوفہ کی قدر ومنزلت، دس محدثین اساتذہ وتلامذہ کا تعارف، امام اعظمؒ کی جلالت ِشان سو اکابر اہل علم کی نظر میں، آپ کی اصول حدیث، فن حدیث اوررجال میں مہارت، کتاب الآثار کا تفصیلی تعارف، انتیس مسانید اور ان کے مصنفین کا تعارف، صحابہؓ سے روایت حدیث، محدثین کی نظر میں آپ کی بلند پایہ فقاہت کا بیان، تالیفات ِامام اعظم، فقہ حنفی کے خصائص وامتیازات، آپ پر نقد وجرح اور اس کے تفصیلی جوابات، آپ کی ذکاوت کے پچاس دلچسپ واقعات جیسے موضوعات کو لیا گیا ہے۔ کتاب کا ٹائٹل بہت ہی عمدہ، کاغذ ، طباعت اور جلد بندی میں بھی سلیقہ مندی سے کام لیا گیا ہے۔ دینی کتب میں نئے انداز سے یہ ایک نیا اضافہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے مؤلف، ناشر اور مرتبین کی محنت وسعی کو قبول فرمائے۔ تدریس ِ قرآن کے رہنما اصول مولانا قاری محمد یٰسین صاحب۔ صفحات: ۲۱۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ معارف الفتح والرحیم، فیصل آباد۔ ملنے کا پتہ: مکتبۃ الرشید ، سلام کتب مارکیٹ، بنوری ٹاؤن ، کراچی حضرت مولانا قاری محمد یٰسین صاحب دامت برکاتہم ان رجال کار میں سے ہیں جنہوں نے پوری زندگی قرآن کریم کی تدریس، تعلیم وتعلم اور نشر واشاعت میں گزاردی ہے، اس لیے بجاطور پر ان کو خادم القرآن کے لقب سے موسوم کیا جاتا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’تدریس قرآن کے راہنما اصول‘‘ یہ آپ کی ان ہدایات اور ملفوظات کا مجموعہ ہے جو آپ وقتاً فوقتاً قرآن کریم کے مدرسین کو تلقین اور ارشاد فرماتے ہیں۔ اس کتاب میں حضرت موصوف قاری صاحب کے حالات، تمہیدی گزارشات،ایک مثالی مدرس قرآن کے لیے ، کامیاب مدرس قرآن کے اوصاف، چند قابل اصلاح امور، تدریس قرآن، ابتدا سے فراغت تک، مشکلات کا حل، اساتذۂ فن کے سبق آموز واقعات، اپنے طلبہ کی تربیت ایسے کریں، وغیرہ عنوانات قائم کیے گئے ہیں۔کتاب اس لائق ہے کہ قرآن کریم سے وابستہ مدارس اور ادارے اپنے حفظ کے اساتذہ کو اس کتاب کے پڑھنے کی ترغیب دیں، تاکہ اس شعبہ میں نکھار پیدا ہو۔ الأمثلۃ الخماسیۃ علی القواعد الفقہیۃ مولانا مفتی توفیق شاہ صاحب ۔ صفحات:۱۷۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: دارالناشر، حق اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور زیر نظر مجموعہ ’’الأمثلۃ الخماسیۃ علی القواعد الفقہیۃ‘‘ میں حضرت مولانا مفتی محمد توفیق صاحب نے ’’الأشباہ والنظائر‘‘سے قواعد لے کر ان کا آسان ترجمہ کرنے کے بعد ان کی توضیح وتشریح کی اور ہر قاعدے کا پانچ مثالوں سے اجرا کرایا ہے۔ فقہی ذوق رکھنے والوں کے لیے یہ خاصے کی شئے ہے۔ دروسِ ترمذی افادات:شیخ الحدیث عارف باللہ حضرت مفتی سحبان محمود نور اللہ مرقدہٗ۔ ضبط وتحریر: حضرت مولانا محمد اسحاق صاحب دامت برکاتہم، استاذ الحدیث جامعہ دارالعلوم کراچی۔ صفحات: ۴۳۱۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ دارالعلوم کراچی زیر نظر کتاب ’’دروسِ ترمذی‘‘ حضرت مولانا مفتی سحبان محمود نور اللہ مرقدہٗ کے درسی افادات ہیں جو آپ نے زمانۂ دراز تک سنن ترمذی کی تدریس کے دوران بیان فرمائے،جنہیں حضرت مولانا محمد اسحاق صاحب جہلمی مدظلہ نے جمع کیا ہے۔ یہ اس کتاب کی پہلی جلد ہے جو سنن ترمذی کی مبادیات سے لے کر ’’باب ماجاء فی البول یصیب الأرض‘‘ تک ہے۔ اور یہ اتنے قیمتی افادات ہیں کہ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم لکھتے ہیں کہ میں نے درسِ ترمذی کے دوران ان افادات سے بہت استفادہ کیا ہے۔اس پر مولوی محمد حمزہ نے تحقیق وتخریج کا کام کیا ہے۔بہرحال حدیث سے شغف رکھنے والے علمائے کرام اور احباب کے لیے یہ بہت ہی نایاب اور علمی خزانہ کا اضافہ ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس کتاب کے جامع، ناشر اور مرتبین کی اس محنت عالی کو قبول فرمائے۔ سبیل الخیرات فی جماعات المتنقبات (مستورات کی جماعتوں میں بھلائی کا راستہ) مفتی رضاء الحق صاحب دامت برکاتہم۔ صفحات: ۲۸۸۔ عام قیمت: ۴۵۰روپے۔ ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر ، نزد مقدس مسجد، اردو بازار،کراچی دین اسلام کی ترویج واشاعت میں جس طرح مردوں کا حصہ ہے، اسی طرح عورتوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔زیر تبصرہ کتاب میں عورتوں کے تبلیغ کے لیے نکلنے کے جواز کو قرآن وحدیث کی نصوص، صحابیاتؓ کے واقعات، فقہائے کرامؒ کی عبارات سے منقح کیا گیا ہے اور اس پر ہونے والے تقریباً اٹھارہ اعتراضات کے جوابات دیئے گئے ہیں۔نیز اس کتاب میں عورتوں کی جماعتوں کے لیے ہدایات، مقامی کام کرنے کا طریقہ، سہ روزہ، پندرہ روزہ، چلہ اور بیرون ملک جانے والی مستورات کی جماعتوں کی ترتیب اور آخر میں مستورات کی جماعتوں کی چند سبق آموز کارگزاریوں کا ذکر ہے۔بہر حال کتاب کے کاغذ، طباعت اور جلد میں سلیقہ مندی سے کام لیا گیا ہے۔

 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین