بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

مکاتیب حضرت مولانا محمد بن موسیٰ میاں  رحمۃ اللہ علیہ  بنام حضرت بنوری  رحمۃ اللہ علیہ 

سلسلۂ مکاتیب حضرت بنوریؒ


مکاتیب حضرت مولانا محمد بن موسیٰ میاں  رحمۃ اللہ علیہ  بنام حضرت بنوری  رحمۃ اللہ علیہ 

 

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الاحد ۲۳ ؍جمادی الاول سنہ ۱۳۶۷ھ 
محترم ومکرم مولانا سید محمد یوسف صاحب زیدت مکارمکم! سملک
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! 

گرامی نامہ نے ممنون کیا، الحمدللہ یہاں عافیت ہے۔ مولانا سید احمد رضا صاحب (بجنوری) اب تو آگئے ہوں گے، اور کام شروع ہوگیا ہوگا۔ انہوں نے مولانا بشیر احمد صاحب کی لکڑی کی تجارت کے متعلق کچھ تحریر فرمایا تھا، سو میں نے حاجی صحبت خان صاحب کو اس کا خلاصہ سنا دیا ہے، خان صاحب مزید تفصیل طلب فرماتے ہیں۔ 
مولانا بشیر احمد صاحب کا پتہ میرے پاس نہیں، اگر مولانا (احمد رضا بجنوری) صاحب آگئے ہوں تو ان کے پاس ضرور پتہ ہوگا، ان سے لکھنو خط لکھوا دیجیے گا کہ مولانا بشیر احمد صاحب خواہ یہاں کراچی کے پتہ پر میرے نام یا حویلیاں کے پتہ پر خان صاحب کے نام تفصیلات لکھ بھیجیں، اور اگر خود تشریف لائیں تو مجھے شوقِ ملاقات ہے، أہلًا وسہلًا ومرحبًا بہ! 
مولانا سید محمد بدر عالم صاحب (میرٹھی) علیل وصاحبِ فراش ہیں، زبردست دُنبل نکلا ہوا ہے، جس نے بالکل عاجز کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ شفاء عاجل عطا فرماویں، آپ دونوں حضرات دعا فرمائیے گا۔ مولانا شبیر احمد صاحب (عثمانی) ملتان گئے ہوئے ہیں۔ آپ کی تشریف آوری میں کب تک سہولت وگنجائش ہوگی؟ اندازہ تحریر فرمائیے گا، میں اب کچھ کچھ فارغ ہورہا ہوں، اور پشاور وہزارہ کا سفر درپیش ہے۔ 
الحمدللہ صحت دن بدن اچھی ہو رہی ہے۔ بچوں کو پیار ودعاء!                                                                                                   والسلام: احقر محمد بن موسیٰ میاں عفا اللہ عنہما 

...............................................

 

۱۷ رجب سنہ ۱۳۶۷ھ  -  راولپنڈی
مخلصِ محترم مولانا سید محمد یوسف صاحب زیدت معالیکم! پشاور
السلام علیکم! 

آپ کے دونوں کارڈ مل گئے، الحمدللہ میں ابھی بعد الظہر کراچی روانہ ہو رہا ہوں، اس وقت مولانا یوسف شاہ صاحب کے ساتھ چائے پی رہا ہوں۔ گھر والوں نے سبز چائے طلب کی ہے، سو ایک سبز اچھی سی چائے ہمراہ لائیں، کچھ کراچی میں لے لیں گے، اور بقیہ سملک پہنچ جائے گی۔ شیخ عبد العزیز صاحب سے بعد از سلام دریافت کرلیں کہ وہ آرٹیکلز اور میمرنڈم میں کیا اصلاح تجویز فرماتے ہیں؟ تاکہ اس کے مطابق طبع کرالیا جائے۔ والد صاحب (مولانا محمد زکریا بنوری رحمہ اللہ)، ماموں صاحب (مولانا فضل صمدانی رحمہ اللہ)، ملک مراد خان کو سلام!                                                                   والسلام :  احقر محمد بن موسیٰ میاں عفا اللہ عنہما 
مولانا یوسف شاہ صاحب وصحبت خان صاحب، سلام لکھواتے ہیں۔ 

................................................

۴؍ رمضان المبارک سنہ ۱۳۷۶ھ 
محترم ومکرم جناب مولانا سید محمد یوسف بنوری صاحب دامت معالیکم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

آپ کے تینوں گرامی نامے ملے، اس خیال سے کہ مرسلہ اشیاء پہنچ جائیں تو ان کی وصولیابی کے ساتھ جواب لکھوں، جواب میں تاخیر ہوئی، معاف فرمائیے گا۔ جناب حاجی محمد دادا بھائی ابھی تک نہیں پہنچے، البتہ مولانا ابراہیم راندیری صاحب کئی دنوں سے آئے ہوئے ہیں، اور فی الحال کراچی میں مقیم ہیں، سنا ہے کہ دواخانہ قائم کردیا ہے۔ اللہ تعالیٰ بخاری شریف وترمذی شریف کے درس کی خدمت قبول فرماکر ماجور فرمادے، يجزيکم اللہُ عن المسلمين خيرًا۔ آڑے وقت میں اچھی خدمت ہوگئی، وللہ الحمد! 
شیخ محمد زاہد کوثری صاحب کی تجویز بہت عمدہ ہے، ان شاء اللہ اس بارہ میں کوشش کریں گے، اس کے لیے ایک آدمی کو کام سکھانا پڑے گا، اور آلات خریدنے ہوں گے، دعا فرمائیے اللہ تعالیٰ نے آج تک جیسے کام پورے کیے، آئندہ بھی اپنے فضل سے ہم سے کچھ کام لے۔ 
والد صاحب مولانا (محمد زکریا بنوری) مدظلہ نے مسجد کا نقشہ بھیجا ہے، آرکٹِکٹ اسے مرتب کر رہا ہے، تیار ہوجانے پر ان کو اور آپ کو نقول بھیج دوں گا، سادہ کم خرچ نقشہ بنوایا ہے، اور آپ کے مطلوبہ اضافے شامل کردیئے گئے ہیں، ان شاء اللہ آپ کو پسند آئے گا۔ 
مولانا بدرِ عالم صاحب (میرٹھی) نہیں ملے، وہ جس طرح راضی ہوں گے ان کی خدمت میں قیمت یا  فیض الباري کے نسخے پیش کردیئے جائیں گے۔ 
اب تو بارش ہوچکی ہوگی، اور کچھ خُنکی بھی آگئی ہوگی، اللہ تعالیٰ رمضان کے برکات سے آپ کو، اہلِ بیت کو اور اہلِ قریہ کو مالامال کرے۔ حکیم محمد قاسم صاحب کو حکیم پیر فتح شاہ صاحب کا پتہ بھیج دیا ہے، حکیم صاحب کا پتہ ’’بوہڑ بازار، راولپنڈی‘‘ ہے۔ انہیں (خمیرہ) مروارید درکار ہیں، قیمت دریافت فرما رہے تھے، اگر آپ کو کچھ معلومات ہوں تو لکھ دیجیے گا، وہ اور میں مشکور ہوں گے۔ 
مولانا احمد بزرگ صاحب (سابق مہتمم جامعہ اسلامیہ، ڈابھیل)، حاجی چچا (ابراہیم میاں) صاحب، مولانا سعید صاحب و ابوسعد وحاجی محمد شفیع ومولانا محمد پاندور صاحب کو سلام، بچوں کو پیار ودعاء!                            والسلام : احقر محمد بن موسیٰ میاں عفا اللہ عنہما
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین