بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 ذو القعدة 1446ھ 02 مئی 2025 ء

بینات

 
 

علامہ بنوری ٹرسٹ/ ایسوسی ایشن تعارف اور مقصد

علامہ بنوری ٹرسٹ/ ایسوسی ایشن

تعارف اور مقصد


محدث العصر حضرت علامہ سید محمد یوسف بنوری قدس سرہٗ نے حرمین میں کی گئی دعاؤں اور التجاؤں کے نتیجہ میں استخارہ و استشارہ کے بعد ۱۳۷۴ھ مطابق ۱۹۵۴ء میں جامعہ علومِ اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کی تاسیس وبنیاد رکھی۔ حضرت بنوریؒ فرماتے تھے کہ: یہ میرا ادارہ نہیں، بلکہ حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  کے نام وقف ادارہ ہے، جس کی تاسیسی اغراض میں تعلیم، تحقیق، تبلیغ، اصلاحِ معاشرہ کے لیے افراد سازی کے علاوہ مخلوقِ خدا کی خدمت کے لیے رفاہی شعبہ جات بھی تھے، جو کہ الحمد للہ ہر ہر شعبہ میں محدود وسائل کے باوجود اپنے اپنے دائرہ کار میں بہت عمدہ خدمات بجالارہا ہے۔
ان شعبہ جات میں ایک اہم شعبہ ’’علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن‘‘ ہے، جس کا مقصد اولاً کراچی کی سطح پر مسلمانوں کی دینی راہبری وراہنمائی کے لیے مساجد کے منبرومحراب کے لیے مستند علماء کرام اور مؤذنین کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مسجد کمیٹیوں کی دینی ، شرعی اور قانونی معاونت فراہم کرنا ہے اور اس حوالے سے کبھی باہم کوئی نزاع یا اختلاف کی صورت بن گئی تو اسے گفت وشنید اور مثبت طریقہ وانداز سے سے حل کرنا ہے۔ یہ شعبہ تقریباً چار دہائیوں سے قائم ہے، جو جامعہ کے اکابر اساتذہ اور مفتیانِ کرام کی زیرِنگرانی اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔ 
دین اسلام میں مسجد اورمنبرو محراب کی اہمیت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے، مسجد اور منبر ومحراب دینی معاشرہ کی اصلاح کا بہترین ذریعہ اور دین کی اشاعت کا مرکز ہیں، بلکہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مسجد دینی معاشرہ کی اَساس اور بنیاد ہے، حتیٰ کہ اسلامی خلافت وحکومت کی بنیاد بھی یہی مسجد بنی۔ مسجد کی امامت و خطابت اور مسجد کے نظم میں کسی بھی قسم کی خدمت سعادت مندی کی علامت ہے، مسجد کی امامت آپ  صلی اللہ علیہ وسلم  کی سنت ، بہت بڑا منصب اور ذمہ داری ہے، اذان دینا بھی فضیلت واجر کا عمل ہے، اسی طرح مسجد کی کسی بھی قسم کی انتظامی ، تعمیری اور مالی خدمت بھی سعادت ہے، جو حضرات اللہ کے گھر (مساجد) کے لیے محنت کرتے ہیں، ان کی حفاظت کرتے ہیں، تعاون کرتے ہیں، وقت دیتے ہیں، تعمیرات میں حصہ ڈالتے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کے دین کے معاون اور مددگار ہیں، اور اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’وَلَیَنْصُرَنَّ اللہُ مَنْ یَّنْصُرُہٗ‘‘ جو اللہ (کے دین) کی مدد کرے گا، اللہ اس کی مدد کرے گا۔ مسجد کی خدمت اور دین کے کاموں میں لگنے کا موقع مل جانا یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انتخاب ہے، اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ 
چند دہائیاں قبل کراچی کے حالات کے پیش نظر مساجد کے تحفظ کی غرض سے امامِ اہلِ سنت حضرت مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ   کی سربراہی میں علامہ بنوری ٹرسٹ کا ادارہ قائم کیا گیا۔ اس شعبہ کے اجراء اور اس کی ترقی میں ہمارے اکابر کی محنتیں ہیں، بالخصوص جامعہ کے دوسرے مہتمم امامِ اہلِ سنت حضرت مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ   اور جامعہ کے استاذ حضرت مفتی عبدالسمیع شہید رحمۃ اللہ علیہ  کی خدمات اس شعبہ میں نمایاں ہیں۔
مساجد سے دینی خدمات کے تسلسل اورافادیت کے لیے مساجد کے ذمہ داران اور کمیٹی کے ارکان کا باہم اتحاد بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جس کا ایک مؤثر ذریعہ باہم گفت وشنید کے مواقع فراہم کرنا اور اجتماعی تربیتی نشستوں کا اہتمام بھی ہے، چونکہ کافی عرصہ گزر گیاتھا کہ ’’علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن‘‘ سے ملحقہ مساجد کے احباب کے ساتھ مل بیٹھنے اور باہمی گفت وشنید کا اجتماعی موقع نہیں مل سکا تھا، جامعہ کے ذمہ داران نے سوچا کہ ملحقہ مساجد کے ذمہ داران اور کمیٹی کے ساتھ ابتدائی طور پر ایک تعارفی اورتربیتی نشست کا اہتمام کیا جائے، چنانچہ اسی غرض سے ’’علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن‘‘ کی طرف سے ملحقہ مساجد کے ائمہ اور کمیٹی کے ارکان و ذمہ داران کو زحمت دی گئی، اور ۲۴؍ شعبان ۱۴۴۶ھ مطابق ۲۳؍ فروری ۲۰۲۵ء، بروز اتوار کو صبح اُن کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس نشست و اجلاس کے لیے جامعہ کی طرف سے ائمہ کرام، مساجد کے ذمہ داران اور کمیٹی ارکان کو ایک دعوتی خط جاری کیا گیا، جس کا متن درج ذیل ہے:

 

’’السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

اُمید ہے کہ مزاجِ گرامی بخیر و عافیت ہوں گے! 
جامعہ علومِ اسلامیہ بنوری ٹاؤن ایک معروف دینی درس گاہ ہے، جہاں دیگر دینی خدمات کے ساتھ اس بات کے لیے بھی کاوش کی جاتی ہے کہ اُمت کے مختلف طبقات کو درپیش امور میں دینی رہنمائی فراہم کی جائے اور اُن کے مسائل کے حل کے لیے حتی الوسع کوشش کی جاتی رہے۔ بالخصوص اہلیانِ مدارس ومساجد سے خالص دینی بنیاد پر دیرینہ تعاون روزِ اول سے ہی اربابِ جامعہ کا نصب العین رہا ہے۔ 
اسی جذبے کے پیش نظر جامعہ میں ایک اہم شعبہ ’’شعبہ الحاقِ مساجد‘‘ قائم ہے ۔
 آں جناب کے زیرِ اہتمام مسجد کا الحاق بحمدہٖ تعالیٰ جامعہ سے قائم ہے، جامعہ کے کارپردازان نے اس انتظامی الحاق کے استحکام اور مختلف پیش آمدہ مسائل میں تذکیر و تربیت کی غرض سے بروز اتوار بتاریخ ۲۴؍ شعبان مطابق ۲۳ ؍فروری ۲۰۲۵ء، وقت نو بجے صبح مقام جامع مسجد علامہ بنوری ٹاؤن جمشید روڈ کراچی، ملحقہ مساجد کے ائمہ کرام اور کمیٹی کے ذمہ داران کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا ہے، اُمید ہے کہ آپ اس میں شرکت فرمائیں گے۔ دینِ اسلام کی خدمت اور اس بابت جامعہ کے نظم سے تعاون آپ کے لیے سعادت اور باعثِ برکت ہے، اللہ تعالیٰ ہمارے اور آپ کے نیک اعمال قبول فرمائے،  آمین ، جزاکم اللہ خيرا

 

والسلام
مولاناسید سلیمان یوسف بنوری
صدر علامہ بنوری ٹرسٹ/ ایسوسی ایشن
و رئیس جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن 

مولاناسید احمد یوسف بنوری
نائب صدر علامہ بنوری ٹرسٹ /ایسوسی ایشن
و نائب رئیس جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن

مولانا امداد اللہ یوسف زئی 
جنرل سیکرٹری علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن
و ناظمِ تعلیمات جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن

اعلان اور خط روانہ کرنے کے بعد مقررہ تاریخ اور وقت پر یہ نشست منعقد ہوئی، اور الحمدللہ! جامعہ کی دعوت پر ملحقہ مساجد کے ائمہ کرام، کمیٹی کے صدور، جنرل سیکرٹری اور اراکین نے اس نشست میں بھرپور شرکت کی۔ تقریباً صبح ساڑھے نو بجے سے شروع ہونے والی یہ نشست دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہی، اکابر اساتذہ اور علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کے بیانات ہوئے، جس میں انہوں نے ائمہ مساجد اور ارکانِ کمیٹی دونوں حضرات کو گزارشات اور نصائح کیں، اور اپنے تجربات کی روشنی میں بالخصوص آپس میں اتحاد واتفاق کی برکت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ جامعہ کے اساتذہ اور ذمہ داران میں سے درج ذیل حضرات کے بالترتیب بیانات ہوئے: مولانا محب اللہ صاحب، مولانا امداد اللہ یوسف زئی صاحب، مولانا عبدالرؤف غزنوی صاحب، مولانا فیصل خلیل صاحب، قاری محمد اقبال صاحب اور مولانا سید احمد یوسف بنوری صاحب۔
الحمد للہ! اس نشست کی افادیت جامعہ کے ذمہ داران اور شرکاء سب ہی نے محسوس کی، اللہ تعالیٰ ہمیں اسی طرح اتحاد واتفاق کے ساتھ دین متین کی خدمت کا موقع فراہم کرتا رہے، آمین ثم آمین۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس نوع کی سالانہ نشست ہر سال ماہِ شعبان میں رکھی جائے، ان شاء اللہ۔
’’علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن‘‘ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کی جانب سے بلائی گئی اس نشست میں شرکت کرنے والے تمام احباب کا اہلِ جامعہ بالعموم اور ’’علامہ بنوری ٹرسٹ ایسوسی ایشن‘‘ کے ذمہ داران بالخصوص شکریہ ادا کرتے ہیں، اور اُمید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی جامعہ کی آواز پر لبیک کہیں گے اور جامعہ سے استفادہ، تعلق ، تعاون اور رہنمائی کے اعتبار سے مستقل رابطہ میں رہیں گے۔ 

وصلی اللہ تعالٰی علٰی خیر خلقہٖ سیدنا محمد و علٰی آلہٖ و صحبہٖ أجمعین
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین