بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

شرعی عائلی احکام کی دفعہ بندی:  متن قانونِ ثبوتِ نسب (تیسری قسط)

شرعی عائلی احکام کی دفعہ بندی:
 متن قانونِ ثبوتِ نسب

(تیسری قسط)

باب ِششم

بینہ

دفعہ۲۳۔ثبوت نسب بذریعہ بینہ:

(۱)    پدری،مادری،فرزندی اور برادرانہ قرابت کو دوعادل مردوں یا ایک عادل مرد اور دو عادل عورتوں کی شہادت سے ثابت کیا جاسکتا ہے۔
(۲)    پدری رشتہ کو کسی دوسرے حق کے ضمن میں شامل کیے بغیر براہ راست ثابت کیا جاسکتا ہے،جب کہ مدعی علیہ حیات اور حاضرہو۔
اگر مدعی علیہ حیات نہ ہو تو قرابت کا اثبات کسی دوسرے حق کے ضمن شامل کیے بغیر ممکن نہیں۔
(۳)    اخوت اور عمومت وغیرہ دور کی قرابتوں کو بہر صورت کسی دوسرے حق کے ضمن میں ثابت کیے جانا ضروری ہے۔

دفعہ۲۴۔شہادت کے ذریعہ نقض نسب:

ثبوتِ نسب اگر بذریعہ بینہ ہو اور مجاز عدالت اس کی ڈگری بھی صادر کرچکی ہوتوبھی مخالف شہادت کے ذریعے اس کا نقض جائز ہے ۔

دفعہ۲۵۔تسامع کی بنا پر شہادتِ نسب:

اگر کسی کا نسب عام لوگوں میں مشہور ومعروف ہو تو اس کے نسب کی گواہی دینا جائز ہے۔
بابِ ہفتم 

عمومی احکام
دفعہ۲۶۔زناسے عدم ثبوتِ نسب:

زنا سے ثبوت نسب نہ ہوگا ،اگرچہ مرد وعورت اس کا اقرار کرتے ہوں،مگر یہ کہ زانی زنا کی تصریح کیے بغیر نسب کا دعوی کرے۔ 

دفعہ۲۷۔حاملہ مزنیہ سے ثبوتِ نسب:

(۱)    کسی عورت کو زنا سے حمل قرار پائے اور پھر زانی اسی مزنیہ سے نکاح کرے اور نکاح سے چھ ماہ یا اس سے زیادہ مدت میں بچہ تولد ہوتو وہ ثابت النسب قرار پائے گا اور شوہر کو نسب کی نفی کا حق نہ ہوگا۔
(۲)    اگر بچے کی ولادت نکاح کے بعد چھ ماہ سے پیشتر ہوتوشوہر سے اس کا نسب ثابت نہیں قرار پائیگا بجز یہ کہ شوہر ثبوت نسب کا دعوی کرے اور یہ صراحت نہ کرے کہ بچہ زنا کے تعلق کے باعث کے تولد ہوا ہے۔

دفعہ۲۸۔نامعلوم النسب اور ولد الزنا مترادف تعبیریں نہیں:

جو شخص ثابت النسب نہ ہو،ضروری نہیں کہ وہ ولد الزنا ہو۔

دفعہ۲۹۔متبنّٰی کی تعریف:

کوئی معروف النسب یا مجہول النسب شخص جس کو اس کے حقیقی والد کے علاوہ کسی اور نے حقیقی اولاد کی طرح بنالیا ہو،متبنّٰی کہلاتا ہے۔

دفعہ۳۰۔متبنّٰی کا حکم:

متبنّٰی کو حقیقی اولاد کا درجہ دیناازروئے شرع باطل ہے، لہٰذا متبنّٰی اور متبنِی کے ایک دوسرے پر پدری اور فرزندی کے حقوق وفرائض واجب نہ ہوں گے اور دونوں کا تبنِّیت سے قبل کا رشتہ برقرار رہے گا۔

دفعہ۳۱۔ثبوتِ نسب میں قبضہ اور بینہ میں سے کون سا مقدم ہے:

الف۔    ایک شخص اپنے زیرِ تحویل بچے کے نسب کا مدعی ہے، مگر دوسرا شہادت قائم کرلیتا ہے تو دوسرے کا حق برترہے ۔
ب۔    اگر دونوں گواہ قائم کرلیں تو قابض کا حق مقدم ہے ۔
ج۔    اگر ایک کہے کہ فلاں عورت سے میرا بیٹا ہے اور دوسرا کہے کہ میرا بیٹا ہے تو اول الذکر کا حق فائق ہے۔                                              (جاری ہے)

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین