بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

جامعہ زبیریہ پشاور کے طلبہ کی شہادت

جامعہ زبیریہ پشاور کے طلبہ کی شہادت

 

پشاور میں کوہاٹ روڈ ، دیر کالونی میں واقع جامعہ زبیریہ میں دھماکے سے پانچ طالب علموں سمیت ۸ اَفراد شہید جبکہ ۱۱۲ زخمی ہوگئے۔ دھماکا منگل کی صبح آٹھ بجے اس وقت پیش آیا، جب درسِ قرآن کی کلاس جاری تھی۔ دھماکے سے مدرسہ کا ہال خون سے لت پت ہوگیا۔ مدرسہ سے ملحقہ مسجد کے ایک حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتیں بھی لرز گئیں، جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم شخص بیگ میں ٹائم بم رکھ کر گیا اور دہشت گردی کے لیے ۵ سے ۶ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، جس میں چھرے بھی موجود تھے۔ درس دینے والے مولانا رحیم گل معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ آگ لگنے سے کئی زخمی بری طرح جھلس گئے، جس میں دس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسرے ہال میں ایک ہزار طلبہ موجود تھے۔
یہ عجیب بات ہے کہ حکومت اور ایجنسیوں کی طرف سے یہ تو بتایا جاتا ہے کہ دہشت گرد ملک میں گھس آئے ہیں، لیکن ان کو روکنے کا ان کے پاس کوئی انتظام نہیں ۔ اس ادارہ کے بارہ میں تو شنید ہے کہ دھماکے سے تین دن پہلے پولیس نے اس ادارہ کی انتظامیہ کو مطلع کیا تھا کہ یہاں دہشت گردی ہوسکتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کو معلوم ہے کہ یہ مدرسہ نشانہ پر ہے تو اس کے لیے سیکورٹی کا انتظام کیوں نہ کیا گیا؟ اور دھماکے کے بعد ابھی تک دھماکا کرنے والوں کا کوئی سراغ کیوں نہیںلگایا جاسکا، جب کہ خدانخواستہ اگر یہ دھماکا کسی اسکول، کالج یا یونیورسٹی میں ہوتا تو اس کے قاتل چوبیس گھنٹوں میں منظر عام پر لائے جاتے اور ان کے لیے سزائے موت کا فیصلہ بھی ہوچکا ہوتا، لیکن چونکہ یہ مدرسہ کے طلبہ ہیں جو قرآن وسنت کی تعلیم پانے والے ہیں، گورنمنٹ کے ہاں ان کی کوئی اہمیت نہیں، اس لیے کوئی سرکاری وزیر، مشیر، وفاقی یا صوبائی ان شہید طلبہ کی تعزیت کے لیے نہیں گیا۔ ٹھیک ہے روزِ جزاء جب یہ معاملہ کھلے گا تو ان شاء اللہ! دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، وہاں قاتلوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لیے چھپنے کے لیے کوئی مقام نہ ہوگا۔
ادارہ بینات تمام شہداء کے لیے رفع درجات کی دعا کرتا ہے، اہل مدرسہ اور اُن کی انتظامیہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام زخمی طلبہ کو جلد از جلد صحت وعافیت عطا فرمائے، ان کے ورثہ کو صبر کی توفیق عطا فرمائے اور تمام دینی مدارس وعلماء کی حفاظت فرمائے، آمین

وصلی اللّٰہ تعالٰی علٰی خیر خلقہٖ سیدنا محمد و علٰی آلہٖ و صحبہٖ أجمعین
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین