بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

بینات

 
 

تبصرہ وتعارف ، نقدونظر

تبصرہ وتعارف ، نقدونظر

زاد الرشید فی فوائد التفسیر

مولانا زبیر احمد صدیقی صاحب۔ صفحات:۴۱۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ رشیدیہ، جامعہ فاروقیہ، شجاع آباد، ضلع ملتان۔برائے رابطہ: 03018525790
مولانا زبیر احمد صدیقی صاحب کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے کئی نسبتوں، خوبیوں اور صفات سے متصف اور مزین فرمایا ہے، جہاں آپ بہترین مقرر، کامیاب مدرس، اپنی جامعہ کے عمدہ وکامیاب منتظم ومعمار ہیں، وہاں آپ ایک اچھے کالم نگار اور مؤلف ومصنف بھی ہیں۔ آپ کئی کتابوں کے مؤلف ومصنف ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب تفسیر کے فوائد پر مشتمل ہے، جس کو دو مرکزی ابواب: ۱:- اصولِ تفسیر، ۲:-علومِ قرآن پر تقسیم کیا ہے۔ اور پھر ہرایک باب کو کئی عنوانات کے تحت تقسیم کیا ہے، مثلاً: بابِ اول کے تحت: اصولِ تفسیر، مراتبِ تفسیر ومعتبر مآخذ، مفسر صحابہ کرامؓ کے طبقات، تفسیر کے لیے ضروری علوم، تفسیر قرآن میں کوتاہیاں اور ان کی وجوہات، قرآن کریم کی چند معتبر اور مفید تفاسیر، سرزمین عرب میں رائج مذاہب، سرزمین عجم میں رائج مذاہب، کتابت وتدوین قرآن، رسم عثمانی، قرآن کریم کے سات حروف اور قراءتیں، قراءتوں کی تاریخ وپس منظر، شانِ نزول، بحث نسخ، سورۃ کی تحقیق، آیات کی تحقیق، مکی ومدنی سورتیں وآیات، سورتوں، رکوعات اور آیات کے درمیان ربط، ربط معلوم کرنے کے اصول، منزلوں، پاروں، اور رکوعات کی تقسیم جیسے عنوانات ہیں۔ اور بابِ دوم کے تحت: علوم قرآن، تعریف قرآن، چند قرآنی الفاظ کی توضیح، قرآن کریم میں موجود قَسمیں اور ان کی وجوہات، اصطلاحات القرآن، قرآنی احکام کے بنیادی اصول، تلاوتِ قرآن کے اہداف ومقاصد، سلاسلِ سبعہ، قرآن کریم کے علومِ خمسہ اور اہم مضامینِ قرآن ہیں۔
یہ تمام فوائد مختلف تفاسیر سے اخذ کیے گئے ہیں، خصوصاً حضرت مولانا محمد عبد اللہ بہلویؒ، حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستیؒ، اور حضرت مولانا مفتی محمد شفیع ملتانیؒ کے غیر مطبوعہ فوائد تفسیر اس مجموعہ کا حصہ بنائے گئے ہیں، جو انتہائی نادر اور مفید معلومات اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔ راقم الحروف کی رائے میں ترجمہ قرآن اور تفسیر قرآن کا ذوق رکھنے والے علماء کرام، طلبہ عظام اور عوام الناس کے لیے یکساں مفید اور نعمت غیر مترقبہ ہیں۔ شیخ التفسیر والحدیث حضرت مولانا محمد عابد مدنی دامت برکاتہم العالیہ استاذ جامعہ خیر المدارس ملتان کی تقریظ اس کتاب کی ثقاہت کے لیے بین دلیل ہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ کتاب کے مؤلف اور معاونین کی اس محنت کو قبول فرمائے اور قارئین کے لیے اس کو نافع بنائے۔ امید ہے تفسیر قرآن سے شغف رکھنے والے احباب اس کتاب کی قدر افزائی فرمائیں گے۔ البتہ کتاب جتنی عمدہ ہے، اس کی شایانِ شان کا غذ نہیں لگایا گیا اور نہ ہی جلد بندی اور ٹائٹل میں معیار کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ امید ہے آئندہ ایڈیشن معیاری ہوگا۔

نقوشِ مصطفی  صلی اللہ علیہ وسلم  (مکی زندگی)

مولانا زبیر احمد صدیقی صاحب۔ صفحات:۵۴۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:مکتبہ رشیدیہ، جامعہ فاروقیہ، شجاع آباد ، ضلع ملتان۔برائے رابطہ: 03018525790
زیر تبصرہ کتاب مؤلف کے ۲۴؍ خطبات کا مجموعہ ہے، جس میں حضور  صلی اللہ علیہ وسلم  کی ولادت سے ہجرت تک کے موضوعات شامل ہیں۔ مولانا موصوف اختتامیہ میں لکھتے ہیں:
’’نقوشِ مصطفیٰ جلد اول در اصل خطباتِ صدیقی جلد اول کی نئی ترتیب وتدوین ہے۔ خطباتِ صدیقی جلد اول میں بعض بیانات کی ترتیب میں تقدُّم وتاخُّر ہوگیا تھا۔ نقوشِ مصطفیٰ جلد اول میں یہ ترتیب درست کردی گئی ہے۔ اکثر بیانات میں حسبِ ضرورت اضافے کیے گئے ہیں۔ معراج نبی  صلی اللہ علیہ وسلم  کے بیانات اور ہجرت رسول  صلی اللہ علیہ وسلم  کے بیانات میں تشنگی محسوس ہوئی تو پرانے بیانات نکال کر نئے بیانات جو گزشتہ سال کیے گئے تھے، قرآن کی آیات یا حدیث یا کوئی تاریخی بات شامل کیے گئے ہیں۔ گویا یہ بالکل ایک نئی کتاب تیار ہوگئی ہے۔‘‘
اس مجموعہ نقوشِ مصطفیٰ  صلی اللہ علیہ وسلم  کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں جو بات بھی بیان کی گئی ہے، اس کا حوالہ ضرور دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ تبارک وتعالیٰ مولانا کی ان محنتوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور زیادہ سے زیادہ امت کو اس سے مستفیض فرمائے، آمین

آباء کے دیس میں (مع فہرست فضلاء دارالعلوم دیوبند)

مولانا زبیر احمد صدیقی صاحب۔ صفحات:۳۳۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ رشیدیہ، جامعہ فاروقیہ، شجاع آباد ، ضلع ملتان۔برائے رابطہ: 03018525790
پاکستان کے علماء اور مشائخ کے ایک وفد کا دارالعلوم دیوبندکا سفر ہوا، جس میں مؤلف بھی شریک تھے۔ مؤلف نے پورے سفر کی روداد عمدہ اور انوکھے انداز میں مرتب کی ہے، جس میں ہندوستان کے معروف علمی ، تاریخی اور روحانی مراکز، مدارس، خانقاہوں اور مزارات کی زیارت کا وارفتگی اور محبت سے لبریز تذکرہ کیا ہے۔ دیوبند، گنگوہ، سہارن پور، رائے پور، دہلی اور سرہند وغیرہ مقامات اور وہاں کے اکابر کے حالاتِ زندگی بھی مجموعہ کا حصہ ہیں۔ 
پاکستان کے کئی مشائخ کے دارالعلوم دیوبند کی جامع مسجد رشید میں بیانات ہوئے، ان بیانات کو بھی مجموعہ کی زینت بنایا گیا ہے۔ کئی اور متعلقہ مفید موضوعات بھی شامل کیے گئے ہیں، جیسے: دارالعلوم دیوبند کے فضلاء کا ریکارڈ اور فہرست، جس میں بالخصوص پاکستان سے تعلق رکھنے والے فضلاء دیوبندکی تعیین و نشاندہی کی گئی ہے۔ کتب خانہ کا تعارف کرایا گیا ہے، نیز دارالعلوم دیوبندکے بانیان، سرپرستان، اساتذۂ حدیث اور اربابِ انتظام کی سن وار فہرست اور اسماء گرامی بھی لکھے گئے ہیں۔ 

میرے رہنما، میرے ہم نوا

تصنیف: ڈاکٹر فرید احمد پراچہ۔ صفحات: ۳۹۱۔ قیمت:درج نہیں۔ ناشر: قلم فاؤنڈیشن، انٹرنیشنل، یثرب کالونی، بینک اسٹاپ، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔ رابطہ نمبر: 03000515101
ڈاکٹر فرید احمد پراچہ معروف سیاسی شخصیت ہیں، پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے رکن رہے ہیں۔ کئی سفرناموں اور کتابوں کے مصنف ہیں، ڈائری لکھنے کے عادی ہیں، انہی ڈائریوں کو بعد میں مرتب کرکے شائع کرتے ہیں۔ انہوںنے زیرتبصرہ کتاب میں معروف علماء، تحریکی قائدین، سیاست دان، صحافی، عالمی شخصیات اور دوست احباب کے ساتھ اپنی ملاقاتوں، یادوں، تأثرات اور تعلقات کو خوبصورت انداز سے تحریر کیاہے۔ کتاب میں تقریباً سو شخصیات کا تذکرہ ہے، اس کتاب کے پڑھنے سے ذکرکردہ شخصیات کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے شناسائی ہوتی ہے۔ ایک طرح سے یہ چھوٹی سی تاریخی دستاویز بھی ہے۔ پاکستانی سیاست، دینی وملی تحریکات، شخصیات اور تاریخ سے شغف رکھنے والوں اور مطالعہ کے شوقین حضرات کے لیے یہ کتاب دلچسپی سے خالی نہیں ہوگی۔ 
کتاب کے ٹائٹل اور اِنرٹائٹل پر مختلف شخصیات کی تصاویر کی بھرمار ہے، جو کتاب کے حسن اور سنجیدگی کو گہنا رہی ہیں ۔ پرنٹڈ تصویر کی حرمت علماء کے نزدیک متفق علیہ ہے، دینی سیاست کے علمبردار دینی احکام وحدود کی رعایت کے زیادہ سزاوار ہیں۔ بہرحال کتاب کا کاغذ درمیانہ، جلد بندی مضبوط ہے۔ 
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین