محمودالفتاویٰ المعروف فتاویٰ سہولیہ حضرت مولانا مفتی محمد سہول عثمانی بھاگلپوری قدس سرہٗ۔ صفحات:۶۶۹۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: دارالسہول، بلاک جے، نارتھ ناظم آباد، کراچی حضرت مولانا مفتی محمد سہول عثمانی بھاگلپوری قدس سرہٗ دارالعلوم دیوبند کے دارالافتاء کے صدر نشین رہے ہیں اور آپ کے ان فتاویٰ پر اکابر دیوبند شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنیؒ، حکیم الامت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانویؒ، حضرت مولانا سید محمد انور شاہ کشمیریؒ اور حضرت مولانا مفتی عزیزالرحمن عثمانی نور اللہ مراقدہم میں سے کسی نہ کسی کی تصدیقات ثبت ہیں۔ اس فتاویٰ کا مسودہ بوسیدہ حالت میں آپ کے پوتے محترم جناب محمد سعد اللہ صاحب کے پاس تھا، انہوں نے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے استاذ سراپا تواضع اور علم دوست شخصیت حضرت مولانا محب اللہ صاحب دامت برکاتہم کو عنایت کیا، آپ نے اس مسودہ پر کام کروایا، کمپوزنگ کرائی اور اس پر نظرثانی کا کام حضرت مولانا مفتی رفیق احمد بالاکوٹی حفظہ اللہ نے کیا اور ایک جاندار مقدمہ بھی اس پر ثبت فرمایا۔ اس فتاویٰ میں کتاب الطہارۃ، کتاب الصلوٰۃ سے کتاب البدعات اور مسائل شتیٰ تک عنوانات کے تحت فتاویٰ موجود ہیں۔ انداز بہت ہی اچھوتا اور نرالا ہے، مثلاً جن مسائل کو عوام الناس نے معلوم کیا، ان کے جوابات مختصر، آسان اور عام فہم پیرائے میں دیئے گئے اور جن مسائل کو کسی اہل علم نے معلوم کیا ان کے مدلل، پرمغز اور علمی اور منطقی اصطلاحات پر مشتمل جواب دیئے گئے۔ بہرحال یہ ایک عمدہ کام ہوا ہے اور قدیم علمی خزانہ کو زیورِ طبع سے آراستہ کرکے منصہ شہود پر لایا گیا ہے۔ پروف ریڈنگ کی بعض کمزوریوں اور غلطیوں کے باوجود یہ اس لائق ہے کہ ہر مفتی اور دارالافتاء کی لائبریری میں اس کا ہونا ضروری ہے۔ امید ہے اس خزانۂ عامرہ کی قدر افزائی کی جائے گی۔ الفاظِ طلاق کے اصول مفتی شعیب عالم صاحب۔ صفحات:۱۷۶۔ قیمت : درج نہیں۔ ناشر: مکتبۃ السنان، کراچی۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ، علامہ بنوری ٹاؤن، کراچی زیرتبصرہ کتاب الفاظِ طلاق سے متعلقہ اصول وقواعد کی تفہیم وتشریح پر مشتمل ہے، جسے ہماری جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے استاذ ومعاون مفتی‘ مولانا مفتی شعیب عالم صاحب نے تالیف کیا ہے۔ حضرت مفتی صاحب جو جامعہ کے ماہنامہ ’’بینات‘‘ میں مختلف موضوعات پر مضامین لکھتے رہتے ہیں، اسی طرح طلاق کے متعلق مختلف ابحاث کی توضیح وتشریح پر مشتمل ان کے مضامین کئی اقساط میں ماہنامہ بینات میں شائع ہوئے۔ اس کتاب میں ان سب کو یکجا کردیا گیا ہے۔ یہ کتاب اپنے حجم کے اعتبار سے کم ہونے کے باوجود طلاق کے متعلق بنیادی اور ضروری اصول وقواعد کی توضیح وتشریح پر مشتمل ہے، مثلاً: طلاق’’ لفظ‘‘ اور وہ بھی ’’خاص لفظ‘‘ سے ہوتی ہے، پھر ’’صریح الفاظ‘‘ کونسے ہیں اور ’’کنائی‘‘ کونسے ہیں، اب کونسے ’’صریح‘‘ الفاظ ’’کنائی‘‘شمار ہوتے ہیں اور کون سے ’’کنائی‘‘ الفاظ ’’صریح‘‘ میں شمار کیے جانے لگے ہیں۔ ان کی شناخت کے طریقے، ان سے ملحق الفاظ ، اسی طرح نیت، دلالت، طلاق اور غیر طلاق کا مطلب، دلالتِ حال کی تقسیم، طلاق کا اثر اور نتیجہ، لحوق اور عدم لحوق کی سولہ اقسام وغیرہ کو بڑی تفصیل اور مدلل طریقے سے بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کی ابتداء میں ایک مفید مقدمہ بھی لکھا گیا ہے۔ یہ کتاب ہر دارالافتاء اور مفتی کی بنیادی ضرورت ہے۔ کتاب کا کاغذ، جلد، اور طباعت عمدہ ہے۔امید ہے اس کی قدر افزائی کی جائے گی۔ سیرت وسوانح امام الاولیاء شیخ التفسیر حضرت لاہوریv حضرت مولانا محمد عبدالمعبود صاحب۔ صفحات: ۵۴۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ حضرت مولانا محمد عبدالمعبود صاحب دامت برکاتہم کا قلم وکتاب اور تحریر وتصنیف سے گہرا اور پرانا تعلق ہے۔ آپ کی تحریریں‘ آسان، عام فہم اور معنوی طور پر اپنے اندر کشش اور جاذبیت رکھتی ہیں، مولانا کے قلم سے تاریخ مکۃ المکرمۃ، تاریخ مدینہ منورہ، رہنمائے حج وعمرہ، سیرتِ سیدنا حمزہؓ، عہد نبوی میں نظام تعلیم، خواتین کی نماز، نماز کی مکمل کتاب، شمائل وخصائل نبوی، سیرتِ امہات المؤمنینؓ، خواتین کے مسائل کا انسائیکلو پیڈیا، شاہِ کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی شہزادیاں، تذکرۂ اہل بیت اطہارؓ، وغیرہ جیسی کئی عظیم کتابیں منصہ شہود پر آچکی ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب ’’سیرت وسوانح امام الاولیاء شیخ التفسیر حضرت لاہوریv‘‘ کی تالیف کا سبب ایک مضمون بنا، جس میں حضرت لاہوریv کے بارہ میں رطب ویابس اور خلافِ حقیقت باتیں منسوب کی گئی تھیں۔آپ کے دل میں داعیہ پیدا ہوا کہ آپ کے بارے میں صحیح اور مستند سیرت وسوانح سے عوام الناس کو آگاہ کیا جائے، اس لیے آپ نے پیرانہ سالی میں قلم اٹھایا اور یہ کتاب مرتب فرمائی۔ کتاب کے بارہ میں اِن ٹائٹل پر یوں تعارف کرایا گیا ہے: ’’امام الاولیاء مولانا احمد علی لاہوریؒ کی سیرت وسوانح، فروغِ علوم ومعارف، سیاسیات، مکارمِ اخلاق، تصوف وسلوک، مشائخ کا اکرام واحترام، خطبات، ملفوظات، مکتوبات، فتنوں کا تعاقب، کشف وکرامات، مجرب عملیات، سفر آخرت اور باقیات الصالحات جیسے دلچسپ اور روح پرور ابواب پر مشتمل سوانحی جھلکیاں۔‘‘ اس کتاب کے شروع میں مختصر مگر جامع پیش لفظ حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی دامت برکاتہم کے فیض قلم سے تحریر ہے۔ صفوۃ المفاتیح لتوضیح مشکوٰۃ المصابیح (جلد اول) مولانا عبدالغفار صاحب۔ جمع وترتیب: مولانا عبدالرب صاحب۔ صفحات: ۶۳۴۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ فریدیہ، ای سیون، اسلام آباد حضرت مولانا عبدالغفار صاحب دامت برکاتہم جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل وسابق استاذ اور جامعہ علوم اسلامیہ فریدیہ اسلام آباد کے نائب مہتمم اور استاذِ حدیث ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کو عمدہ تفہیم کے ملکہ سے نوازا ہے۔ سمجھانے کا ایسا عمدہ انداز کہ سامع کے ذہن میں ہر بات نقش ہوتی چلی جاتی ہے۔ آپ کی کئی کتب مقبولیت کی سند حاصل کرچکی ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب مشکوٰۃ المصابیح کے دوسرے حصہ کتاب النکاح تا کتاب القصاص کی تشریحات اور توضیحات پر مشتمل ہے جس میں آپ کی درسی تقریر کو تحریر کی شکل دی گئی ہے۔ کتاب کی چند خصوصیات یہ ہیں: حدیث کی مکمل عبارت بمع صفحہ، حدیث نمبر، نحوی ترکیب کی رعایت کرتے ہوئے بامحاورہ ترجمہ، تشریح کے عنوان سے ہر حدیث کے معنی ومفہوم کی وضاحت، ائمہ مجتہدین کے مذاہب کو نقلی وعقلی دلائل سے مزین کرکے بیان کیا گیا ہے۔ راجح اور مفتیٰ بہ قول کی صراحت کردی گئی ہے۔ کتاب کا ٹائٹل خوبصورت اور کاغذ مناسب ہے۔ یہ کتاب علم حدیث سے شغف رکھنے والوں کے لیے عمدہ سوغات ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ مدرس، جامع اور ناشر کی محنت کو قبول فرمائے۔ کتاب ہذا کو مقبولیت سے نوازے اور قارئین کے لیے نافع بنائے۔ آمین الدرۃ الفردۃ شرح قصیدۃ البردۃ (جلد دوم) حضرت مولانا مفتی رضاء الحق صاحب۔ ترتیب وتحقیق: اویس بن یعقوب صاحب۔ صفحات: ۷۷۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد،اردو بازار، کراچی حضرت مولانا مفتی رضاء الحق صاحب دامت برکاتہم ہمارے ان اکابر اور بزرگوں میں سے ہیں جن کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے ہمہ جہت شخصیت بنایا ہے۔ تدریس وتقریر کا میدان ہو یا تحریر وتصنیف اور افتاء کا میدان، آپ ہر ایک کے شہسوار ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب حضور اکرم a کی شان میں قصیدہ بردہ کے نام سے کہے گئے عربی اشعار کی تشریح وتفصیل پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کی خصوصیات درج ذیل بیان کی گئی ہیں: ’’۱:… بیک وقت عوام وخواص اس سے استفادہ کرسکتے ہیں، ۲:… ہر شعر کی تشریح میں عشق ومحبت سے لبریز جذبات، ۳:… ہر شعر کی مکمل لغوی، صرفی اور نحوی تحقیق، ۴:… اشعار کی تشریح میں دلچسپ واقعات، ۵:… آیاتِ قرآنیہ واحادیث نبویہ کی روشنی میں ہر شعر کی وضاحت، ۶:… قدم قدم پر وعظ ونصیحت کا پہلو، ۷:… تشریح میں عربی واُردو کے خوبصورت اشعار لعل وجواہر کی طرح ٹانکے ہوئے، ۸:… معرکۃ الآراء مسائل کی مکمل ومدلل اور اطمینان بخش وضاحت، ۹:… قصیدہ بردہ کی شروحات کے ہجوم میں کئی حیثیتوں سے ممتاز ومنفرد یہ شرح آپ کی خدمت میں پیش ہے۔ اس قدر وسیع وہمہ گیر، رواں دوا ، تحقیق سے بھرپور،مواد سے لبریز، صاف وشست زبان اور بہترین اسلوب میں قصیدہ بردہ کی ایسی عمدہ شرح ماشاء اللہ! پہلی بار منظر عام پر آئی ہے، فَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالْمِنَّۃُ۔ ‘‘ اللہ تبارک وتعالیٰ زمزم پبلشرزکے احباب کو جزائے خیر سے نوازیں کہ وہ محنت ومشقت کرکے اتنا عمدہ اور اعلیٰ کتابیں ہمارے لیے منظر عام پرلاتے ہیں۔ یہ کتاب ہر اعتبار سے اعلیٰ اور پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔