بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

اعتکاف کی حالت میں احتلام ہوجانے کی صورت میں غسل کے لیے جانا


سوال

حالتِ اعتکاف میں احتلام ہونے سے کیا کرے؟ اور مسجد میں چلنے اور اس سے نکلنے کا کوئی خاص طریقہ ہے؟ اور ہر روز غسل کرنا مسجد کے اندر غسل خانہ میں، اس کا کیا حکم ہے؟

جواب

معتکف کو دن ، رات کسی بھی وقت احتلام ہوجائے اس سے اس کا اعتکاف فاسد نہیں ہوتا۔ احتلام ہوجانے کی صورت میں معتکف فوراً  تیمم کرے، پھر جتنا جلد ہوغسل کے لیے جائے، غسل واجب ہونے کی صورت میں مسجد کے حدود سے باہر غسل خانہ میں غسل کے لیے جانے سے اعتکاف فاسد نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ مستقل وضو خانہ اور غسل خانہ مسجدِ شرعی  کی حدود سے خارج ہوتے ہیں، معتکفین کے لیے شرعی اور طبعی ضرورت کے بغیر وہاں جانا جائز نہیں ہے۔

ہمارے ہاں عرف میں مسجد کے تمام احاطہ کو  ”مسجد“ کہتے ہیں، لیکن حقیقت میں مسجد میں ایک حصہ وہ ہوتا ہے جو شرعی مسجد  اور عین مسجد کہلاتا ہے یہ وہ جگہ ہوتی ہے جو   نماز اور سجدہ کے لیے مقرر کی جاتی ہے، یہ حصہ حدودِ مسجد ہوتا ہے۔ اور ایک احاطہ مسجد اور فناءِ مسجد  ہوتا ہے، یہ وہ جگہ ہوتی ہے جہاں وضو خانہ ، غسل خانہ ، امام، مؤذن وغیرہ کے کمرے ہوتے ہیں،  اعتکاف میں  معتکف کے لیے شرعی مسجد کی حدود میں رہنا ضروری ہوتا ہے، بغیر طبعی اور شری ضرورت کے اس کے  احاطہ مسجد میں آنے سے اعتکاف فاسد ہوجائے گا۔

لہذا مسجد انتظامیہ یا امامِ مسجد  سے مسجد کی حدود معلوم کرلیں، اور مذکورہ غسل خانہ اور وضوخانہ کی کیفیات معلوم کرلیں کہ آیا یہ عارضی معتکفین کے لیے بنائے ہوئے ہیں یا کوئی اور صورت ہے، اس کے بعد  امام صاحب سے شرعی راہ نمائی لے لیں۔ 

اعتکاف میں ٹھنڈک کے لیے یا جمعے کے غسل کے لیے مستقل طور پر مسجد سے نکلنے سے مسنون اعتکاف فاسد ہوجائے گا۔ جمعے  کی نماز یا ٹھنڈک کے لیے غسل کرنے سے متعلق مزید تفصیل درج ذیل لنک پر فتاویٰ ملاحظہ فرمائیں:

مسنون اعتکاف میں ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے غسل کرنا

اعتکاف کے دوران غسلِ جمعہ یا غسلِ تبرید کا حکم

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109202844

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں