جدید داخلوں کا نظم اور شرائط
جامعہ کے تعلیمی سال کا آغاز شوال المکرم کے پہلے عشرے میں ہوتا ہے، اس کے لیے ہرسال شعبان اور رمضان میں مجلس تعلیمی کے کئی مشاورتی اجلاس منعقد ہوتے ہیں، تمام شعبوں میں پہلے سے موجود طلبہ کی تعداد ،درس گاہوں اور دار الاقامہ کی گنجائش پر غور کرنے کے بعد 15 رمضان المبارک کو حسبِ گنجائش تمام تعلیمی شعبوں میں نئے داخلوں کی تاریخ، تفصیل اور طریقۂ کار کاباقاعدہ اعلان کیا جاتاہے۔
· شعبہ قاعدہ میں غیر رہائشی داخلے کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ 7سال ہونا شرط ہے ،جب کہ رہائشی طالب علم کے لیے عمر کی حد 8سے 10سال ہے ۔
· ناظرہ قرآن مجید میں غیر رہائشی داخلے کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 6 سال اور زیادہ سے زیادہ 8سال ہونا شرط ہے ،جب کہ رہائشی طالب علم کے لیے عمر کی حد 9سے 10سال ہے ۔
· حفظ قرآن مجید میں غیر رہائشی داخلے کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 6سال اور زیادہ سے زیادہ 10سال ہونا شرط ہے ،جب کہ رہائشی طالب علم کے لیے عمر کی حد 9سے 11سال ہے ۔
· شعبہ بنوری ایجوکیشن درجہ تمہیدی میں داخلہ کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 9سال اور زیادہ سے زیادہ 11سال ہے ۔
· شعبہ بنوری ایجوکیشن جماعت ششم میں داخلہ کےلیے عمر کم از کم 10سا ل اور زیادہ سے زیادہ 12 سال ہے۔
· شعبہ درس نظامی میں داخلہ کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 13 سال اور زیادہ سے زیادہ 20سال ہے ۔
· شعبہ دراسات دینیہ میں داخلہ کے لیے طالب علم کی کم از کم 20 سال ہے ۔
· شعبہ قاعدہ میں داخلہ کے لیے ہر طالب علم کو مطلوبہ عمر کی شرط پر داخلہ دیا جاتا ہے ۔
· ناظرہ قرآن مجیدمیں دخلہ کے لیے حروف تہجی کی پہچان ،حروف کی ادائیگی ،تجوید ،مرکبات کی ہجے اور رواں کا مکمل جائزہ ہوتا ہے ،اس جائزے میں کامیابی پر ناظرہ قرآن مجید کی درس گاہ میں داخلہ دیا جاتاہے ۔
· شعبہ قاعدہ اور ناظرہ کے علاوہ تمام تعلیمی شعبوں میں داخلہ کے لیے عموما اور شعبہ حفظ قرآن مجید میں خصوصا مکمل قرآن مجید سے ہجے، رواں ، ناظرہ خوانی اور تجوید کی استعداد کا جائزہ ہوتا ہے ،اس جائزے میں کامیابی کی صورت میں مزید داخلہ کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔
· شعبہ بنوری ایجوکیشن جماعت ششم میں داخلہ کے لیے جماعت پنجم کی اہلیت شرط ہے ،داخلہ کے لیے جماعت پنجم کے بنیادی مضامین اردو ،انگریزی ،ریاضی اورسائنس کا باقاعدہ تحریری امتحان ہوتا ہے ،امتحان میں کامیابی پر داخلہ دیا جاتا ہے ،جب کہ مطلوبہ استعداد میں کمی کی صورت میں بنوری ایجوکیشن کے درجہ تمہیدی میں داخلہ دیا جاتا ہے۔
· شعبہ درس نظامی درجہ اولیٰ میں داخلہ کے لیے جماعت ہشتم (مڈل ) یا متوسطہ سوم از وفاق المدارس کی اہلیت شرط ہے ، داخلہ کے لیے جماعت ہشتم کے بنیادی مضامین انگریزی ،ریاضی ،اور اردو کا باقاعدہ تحریری امتحان ہوتا ہے ، جب کہ یاد داشت کی جانچ کے لیے ایک زبانی امتحان بھی لیا جاتا ہے اور کامیابی کی صورت میں حسب گنجائش منتخب طلبہ کو دخلہ دیا جاتا ہے ۔
· شعبہ درس نظامی درجہ ثانیہ میں داخلہ کے لیے جماعت ہشتم یا متوسط سوم از وفاق المدارس کے ساتھ درجہ اولیٰ کی اہلیت اور وفاق المدارس کی رجسٹریشن بھی شرط ہے، داخلہ کے لیے صرف ونحو اور عربی کا باقاعدہ تحریری اور تقریری امتحان ہوتا ہے ، کامیابی کی صورت میں حسب گنجائش منتخب طلبہ کو دخلہ دیا جاتا ہے ۔
· شعبہ درس نظامی کے باقی درجات (درجہ ثالثہ تادورہ حدیث وتخصصات) کے لیے سابقہ درجہ میں وفاق المدارس کے سالانہ امتحان میں کامیابی شرط ہے ،داخلہ کے وقت گزشتہ درجہ کی منتخب کتب کا تحریری اور تقریری امتحان ہوتا ہے ،کامیابی کی صورت میں حسب گنجائش منتخب طلبہ کو دخلہ دیا جاتا ہے ۔
· شعبہ تخصصات میں داخلہ کے امیدوار جامعہ کے طالب علم کے لیے دورہ حدیث کے تینوں امتحانات میں 70فیصد نمبرات اور دیگر مدارس کے طلبہ کے لیے وفاق المدارس کے تحت دورہ حدیث کے سالانہ امتحان میں ممتاز تقدیر سے کامیابی شرط ہے،داخلہ کے وقت منتخب کتب کا تحریری اور تقریری امتحان ہوتا ہے ،کامیابی کی صورت میں حسب گنجائش منتخب طلبہ کو دخلہ دیا جاتا ہے ۔
· شعبہ دراسات دینیہ میں داخلہ کے لیے اردو لکھنا پڑھنا شرط ہے داخلہ کے وقت اردو تحریر اور املاء کا امتحان ہوتا ہے کامیابی کی صورت میں حسب گنجائش منتخب طلبہ کو دخلہ دیا جاتا ہے ۔
· اٹھارہ سال سے کم عمر طالب علم کے لیے ب فارم (نقل مع اصل)، پیش کرنا لازمی ہے ۔
· اٹھارہ سال اور زیادہ عمر کے لیے قومی شناختی کارڈ (نقل مع اصل) پیش کرنا لازمی ہ ۔
· غیر ملکی طالب علم کے لیے پاسپورٹ اور تعلیمی ویزا اور دیگر سفری دستاویز مہیا کرنا لازمی ہے ۔
· طالب علم کے والد / سرپرست کو شناختی کارڈ کی (نقل مع اصل) پیش کرنا لازمی ہے ۔
· شعبہ درس نظامی درجہ اولی او درجہ ثانیہ میں داخلہ کے لیے میٹرک یا مڈل کا سرٹیفکیٹ یا متوسطہ کی سند وکشف الدرجات (نقل مع اصل)پیش کرنا لازم ہے ۔
· شعبہ درس نظامی درجہ ثالثہ تا دورہ حدیث وتخصصات میں داخلہ کے لیے سابقہ درجات کی سندات اورکشف الدرجات (نقل مع اصل )پیش کرنالازمی ہے ۔
داخلے کی اہلیت واستعداد اور مطلوبہ کوائف وشرائط کے حامل امیدوار کا داخلہ امتحان اور جائزہ 3مراحل پر مشتمل ہوتاہے:
شعبہ قاعدہ او رناظرہ کے علاوہ تمام تعلیمی شعبوں میں طلبہ کے لیے ناظرۂ قرآن کریم، نماز اور دعاؤں کا تقریری جائزہ لیا جاتاہے، جائزے میں کامیاب طالب علم ہی کی درخواست داخلہ اگلے مرحلہ کے لیے قبول کی جاتی ہے۔
ناظرہ قرآن کریم کے جائزے میں کامیاب امیدواروں کا مطلوبہ درجہ کے لیے منتخب مضامین اور کتب کا تحریری امتحان ہوتا ہے ، کامیابی کی صورت میں اگلے مرحلے کے لیے حسب گنجائش طلبہ کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔
تحریری امتحان میں منتخب شدہ طلبہ کا منتخب کتب کا تقریری اور شفوی امتحان لیا جاتاہے اور تعلیمی استعداد کی حتمی جانچ پڑتال کی جاتی ہے ، کامیابی کی صورت میں اگلے مرحلے کے لیے انتخاب کیا جاتا ہے ۔
تقریری و تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے ذہنی و فکری رجحانات کے تجزیے کے لیے ہر طالب علم کا انفرادی انٹرویو کیا جاتا ہے، جس کے دوران انہیں جامعہ کے قواعد و ضوابط سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
اس مرحلہ میں کامیاب ہونے والے امیدوار طالب علم کو ’’بطاقۃ القبول‘‘دیاجاتاہے ، جس پر دفتری کاروائی کے بعد رجسٹر داخلہ میں اس کے نام کا اندراج ہوتاہے۔