مجھے پیشاب کے قطرے آتے ہیں،جیسے ہی میں پیشاب کرتاہوں تواس کے بعد دوتین قطرے آتے ہیں،پھر بند ہوجاتے ہیں،اس میں مجھے نمازپڑھنے میں مشکل ہے،اس کاکوئی حل تجویزفرمادیں،اس کاکوئی علاج بھی بتادیں۔
صورت مسئولہ میں چوں کہ آپ کو پیشاب کے بعد دوتین قطرے آتے ہیں پھربندہوجاتے ہیں، اس لیے آپ شرعی طورپرمعذورنہیں ہیں،آپ نمازکے وقت سے پہلے حاجت سے فارغ ہوکرقطروں کے نکلنے کاانتظارکریں، ٹشوپیپر یا ڈھیلا وغیرہ عضو مخصوص پر رکھ کر جسم کو حرکت دیں یا ایک آدھ قدم چلیں،جب قطرے بندہوجائیں اور آپ کواطمینان ہوجائے پھروضوکرکے نمازاداکریں۔
پیشاب کے بعد قطروں سے کپڑوں کوبچانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ حاجت سے فراغت کے بعد زیرجامہ (انڈرویئر وغیرہ )میں ٹشو پیپر رکھ دیں،نمازسے قبل ٹشونکال دیں ،دوبارہ استنجاکرنے کی حاجت نہیں۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 143805200014
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن