میرا چھوٹا بھائی ہے جو کہ دبئی میں جاب کرتا ہے، ابھی ہم اس کا نکاح کرنا چاہ رہے ہیں، لڑکا دبئی میں اور لڑکی پاکستان میں ہے، لڑکے اور لڑکی کی فیملی بھی پاکستان میں ہے، صرف لڑکا دبئی میں ہے تو کیا اس صورت میں نکاح ہو سکتا ہے?
نکاح کے وقت عاقدین اور گواہوں کامجلسِ نکاح میں ہونا ضروری ہے، اور یہ ٹیلیفون پر ممکن نہیں، اس لیے ٹیلیفون پر نکاح جائز نہیں۔ البتہ اگر آپ کا بھائی ٹیلیفون پر نکاح کی بابت کسی کو وکیل بنا دے اور وہ وکیل مجلسِ نکاح میں گواہوں کی موجودگی میں اس کی طرف سے قبول کر لے، اس صورت میں نکاح درست ہو جائے گا۔ در مختار میں ہے:
"ومن شرائط الإیجاب والقبول اتحاد المجلس لو حاضرین وإن طال کمخیرة". (الدر المختار مع الشامية 4/76) فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144012200630
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن