بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

وتر کی تین رکعتیں ایک سلام کے ساتھ پڑھی جائیں گی


سوال

وتر کی تین رکعتیں ایک سلام کے ساتھ پڑھنی چاہئیں یا دو رکعتوں کے بعد سلام پھیر کر پھر ایک رکعت الگ پڑھنی چاہیے؟ ہم پاکستانی تو ایک ساتھ پڑھتے ہیں جب کہ عرب الگ پڑھتے ہیں، کیا ہمارا ایک سلام کے ساتھ وتر پڑھنے کا طریقہ حدیث سے ثابت ہے؟

جواب

سب سے پہلے یہ نکتہ واضح رہنا چاہیے کہ نصوص سے احکام کے استنباط کے لیے فقہاءِ کرام میں سے ہر ایک  کے اپنے اصول ہیں، جب کسی مسئلے کے متعلق دلائل مختلف ہوں تو ہر فقیہ اپنے اصول کی بنا پر کسی دلیل کو ترجیح دیتا ہے، وتر پڑھنے کی کیفیت کے متعلق وارد  احادیث مبارکہ چوں کہ  مختلف   ہیں  اور ائمہ فقہاء نے اپنے اپنے اصولوں کے مطابق دلائل کو ترجیح دے کر کسی ایک طریقے کو اختیار کیا ہے، لہٰذا ہمارے  فقہائے حنفیہ کے نزدیک  تین رکعتیں ایک سلام کے ساتھ پڑھنا سنت ہے۔

 اس حوالے سے امام نسائی رحمہ اللہ  نے  ”سنن نسائی“  میں سند کے ساتھ حضرت ابی بن کعب  رضی اللہ عنہ کی روایت درج کی ہے  : ”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کی پہلی رکعت میں ”سبح اسم ربک الاعلی“، دوسری رکعت میں ”قل یا ایها الکافرون“ اور تیسری رکعت میں ”قل هو الله احد“پڑھتے تھے اور تینوں رکعتوں کے آخر میں سلام فرماتے تھے“ ۔ اسی پر صحابہ رضی اللہ عنہم میں سے حضرت عمر،حضرت عبداللہ بن مسعود اور حضرت انس رضی اللہ عنہم اور دیگر حضرات کا عمل رہا ہے۔

معلوم ہوا کہ ہمارا وتر پڑھنے کاطریقہ بھی حدیث سے ثابت اور سنت کے مطابق ہے، اور ہمیں اسی طرح پڑھنا چاہیے، اور  عالم عرب میں عموما دیگر ائمہ(امام احمد بن حنبل یا امام شافعی یا امام مالک رحمہم اللہ ) کی تحقیق پر عمل کیا جاتا ہے، اسی لیے ان کے حق میں وہی درست ہے۔ اس مسئلے کی  مزید تفصیل محد ث العصر حضرت مولانا یوسف بنوری رحمہ اللہ کی  جزء الوتراور   علامہ زیلعی رحمہ اللہ کی”نصب الرایة“اور مولانا ظفر احمد عثمانی رحمہ اللہ کی ”اعلاء السنن“میں ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 143812200028

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں