بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاق کے الفاظ میں میاں بیوی کا اختلاف اور تحکیم


سوال

میں نے اپنی بیوی کو کہا: ” لیتا ہوں  10 لاکھ اپنے دوست سے اور پھر دیتا ہوں تمہیں طلاق،  یا دے رہاہوں“  ٹھیک سے یاد نہیں۔

لیکن بیوی کہتی ہے کہ آپ نے کہا تھا : ” میں تمہیں طلاق دیتا ہوں اور لیتا ہوں 10 لاکھ اپنے دوست سے“۔ 

(اور یہ 10 لاکھ نکاح کے وقت شرط لکھوائی گئی تھی کہ اگر لڑکا طلاق دے گا تو 10 لاکھ دینا ہوں گے)

محلے کی مسجد میں، میں نے امام صاحب کے سامنے قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم بھی کھائی ہے اور میری بیوی کے پاس کوئی گواہ نہیں ہیں۔ اس صورت میں آپ کا مشورہ درکار ہے کہ اب کیا کریں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں میاں بیوی کے بیان میں تضاد ہے،  شوہر جن الفاظ کا کہہ رہا ہے وہ طلاق کا وعدہ ہیں، اور بیوی جو الفاظ بتارہی ہے وہ طلاق کا انشاء (یعنی طلاق دینے کے الفاظ) ہیں، گویا بیوی طلاق کی مدعی ہے اور شوہر اس کا منکر ہے۔

تو    ایسے اختلاف کی صورت میں دونوں (میاں، بیوی) پر لازم ہے کہ کسی مستند عالمِ دین یا مفتی کے پاس جاکر انہیں اپنے اس مسئلے کا  فیصل/ ثالث مقرر کریں، پھر بیوی  اس کے سامنے اپنا دعویٰ پیش کرے  اور ثالث اس سے اس کے دعوی پر دو گواہ طلب کرے، اگر وہ گواہ پیش کردے تو  وہ  بیوی پر طلاق  واقع ہونے کا فیصلہ کردے ،  اور اگر  بیوی شرعی گواہ  پیش  نہ کرسکے تو بیو ی کے مطالبہ پر شوہر  پر قسم آئے گی،  اگر شوہر قسم اٹھالیتا ہے  تو  ثالث طلاق واقع  نہ ہونے کا فیصلہ کرے ۔

البتہ چوں کہ بیوی کے دعوی کے الفاظ کے مطابق صرف ایک ہی طلاق واقع ہوگی، اس لیے اگر بیوی کی عدت نہ گزری ہو تو شوہر زبانی یا فعلی رجوع کرسکتا ہے، اس صورت میں نکاح برقرار رہے گا، اور عدت گزر گئی ہو تو تجدیدِ نکاح کے بعد ساتھ رہا جاسکتا ہےاور آئندہ کے لیے دو طلاقوں کا اختیار شوہر کو حاصل ہوگا، اور اگر بیوی کا دعویٰ ہی ثابت نہ ہو، بلکہ شوہر کے حق میں قسم کے ساتھ فیصلہ ہوجائے تو شوہر کے پاس تینوں طلاقوں کا اختیار باقی رہے گا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010200423

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں