بیوی کی وفات کے بعد کیا بیوی کا سونا وغیرہ شوہر کو ادا کیے جائیں گے یا مرحومہ کے گھر والے استعمال کرسکتے ہیں؟
صورتِ مسئولہ میں جو زیور بیوی کی ملکیت تھا (چاہے وہ میکے والوں نے دیا تھا یا شوہر یا سسرال والوں نے بطورِ ملکیت ہدیہ کیا تھا یا مہر میں دیا تھا) وہ تمام ورثہ میں شرعی حصص کے بقدر تقسیم ہوگا، اگر مرحومہ کی اولاد ہو تو شوہر کا حصہ چوتھائی (25 فیصد) ہوگا، اور اولاد نہ ہو تو آدھا (50 فیصد) ہوگا، بقیہ بیوی کے دیگر ورثاء کا ہوگا۔ شرعی طریقہ تقسیم معلوم کرنے کے لیے ورثا ء کی تفصیل بتا کر دوبارہ سوال ارسال کیجیے۔
البتہ اگر سونا سسرال کی طرف سے صرف استعمال کے لیے دیا گیا ہو، اور عاریۃً دینے کی صراحت کی ہو یا اس خاندان کا عرف یہی ہو تو وہ چوں کہ بیوی کی ملکیت بھی نہیں ہوگا، اس لیے وہ ورثہ میں تقسیم ہونے کے بجائے سسرال والوں کو واپس کرنا ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144104200349
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن