بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بالوں کو کلر کرنے کا حکم/ ہاتھ پر ایلفی لگ جائے یا دانتوں میں چھالیہ پھنس جائے تو وضو کا حکم


سوال

آج کل اکثر لوگ داڑھی اور سر کے بالوں کو کلر دیتے ہیں، اس  کا کیا حکم ہے؟

ایلفی اگر ہاتھ پر لگ جائے تو اس کا کیا حکم ہے؟

 اور اگر دانت میں چھالیہ یا کھانے کی کوئی چیز پھنس گئی تو اس کا کیا حکم ہے؟ 

 ان تینوں صورتوں میں وضو کا کیا حکم  ہے؟ 

جواب

1-  داڑھی اور سر کے  بالوں کو کلر کرنا جائز ہے، البتہ خالص کالے رنگ کاخضاب لگاناجائز نہیں  ہے، اس لیے کہ  احادیثِ مبارکہ میں اس کی ممانعت اور سخت وعیدآئی ہے، صرف حالتِ جہاد میں دشمن کو مرعوب رکھنے اور اس کے سامنے جوانی اور طاقت کے اظہار کے لیے کالا خضاب استعمال کرنے کی  اجازت دی گئی ہے۔ ابوداودشریف کی روایت میں ہے:

"حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہماارشادفرماتے ہیں: جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آخری زمانہ میں کچھ لوگ ہوں گے جوسیاہ خضاب لگائیں گے،جیسے کبوترکاسینہ،ان لوگوں کوجنت کی خوشبوبھی نصیب نہ ہوگی۔"

البتہ خالص کالے رنگ کے علاوہ دیگر رنگوں کے خضاب لگانا جائز ہے۔

یہی حکم آج کل بازار میں دست یاب بالوں کے  جدید کلر (رنگ)  کا بھی ہے یعنی خالص سیاہ (کالا) کلر  بالوں پر لگانا ناجائز ہے، جب کہ کالے رنگ کے علاوہ دوسرے کلر مثلاً خالص براؤن ،  سیاہی مائل براؤن یا سرخ(لال) کلر لگانا جائز ہے۔

نیز بالوں کو کلر کرنے میں اگر  تہہ  جمی ہوئی نہ ہو تو وضو ہوجاتا ہے۔

۲- ہاتھ پر ایلفی لگ جانے کی صورت میں جب تک اس کی تہہ ہٹ نہ جائے وضو نہیں ہوگا۔ البتہ اگر ایلفی چھڑانے کی پوری کوشش کرلی جائے، اور ممکنہ حد تک جتنا ہٹا سکتے ہیں، چھڑا لی جائے، لیکن پھر بھی کچھ باقی ہو اور اسے ہٹانے کی صورت میں کھال اترنے اور زخم بننے کا خطرہ ہو تو ایسی مجبوری کی حالت میں اتنی مقدار ہوتے ہوئے بھی وضو ہوجائے گا۔

۳- دانت میں چھالیہ یا کھانے کی کوئی چیز پھنس جائے،  تب بھی وضو ہوجاتا ہے۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010200565

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں