زرعی ترقیاتی بینک کی نوکری کرنا جائز ہے؟ کیا میں اس پوسٹ کو ایپلائی کرسکتا ہوں officer grade -III؟
واضح رہے کہ بینک کا مدار سودی نظام پر ہے، اور سود کا لینا دینا، لکھنا اور اس میں گواہ بننا سب ناجائز اور حرام ہے، اور بینک ملازم سود لینے، دینے یا لکھنے کے کام میں مصروف ہوتے ہیں یا کم سے کم ان کاموں میں معاون ہوتے ہیں اور یہ سب ناجائز و حرام ہیں۔
لہذا بینک کی ملازمت ناجائز ہے اور تنخواہ بھی حرام ہے، اس لیے بینک کے علاوہ کسی اور جگہ جائز ملازمت کی کوشش کریں اور سود کی گندگی سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں؛کیوں کہ حرام کے مقابلے میں حلال مال تھوڑا ہی کیوں نہ ہو اس میں سکون اور برکت ہوتی ہے، جبکہ حرام مال خواہ کتنا ہی زیادہ ہو اس میں بے برکتی، تباہی اور بربادی ہوتی ہے۔
قرآن کریم میں ہے:
{يَا أَيُّهَا الَّذِينَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَذَرُوا مَا بَقِيَ مِنَ الرِّبَا إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ فَإِنْ لَمْ تَفْعَلُوا فَأْذَنُوا بِحَرْبٍ مِنَ اللَّهِ وَرَسُولِهِ}[البقرة: 278، 279]
ترجمہ:اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو، اور جو کچھ سود کا بقایا ہے اس کو چھوڑدو، اگر تم ایمان والے ہو، پھر اگر تم (اس پر عمل ) نہ کروگے تو اشتہار سن لو جنگ کا اللہ کی طرف سے اور اس کے رسول کی طرف سے۔ (از بیان القرآن)
{يَمْحَقُ اللَّهُ الرِّبَا وَيُرْبِي الصَّدَقَاتِ} [البقرة: 276]
ترجمہ: اللہ سود کو مٹاتے ہیں، اور صدقات کو بڑھاتے ہیں۔ (از بیان القرآن)
{وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ} [المائدة: 2]
ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی میں ایک دوسرے کی اعانت مت کرو، اور اللہ تعالیٰ سے ڈرا کرو، بلاشبہ اللہ تعالیٰ سخت سزا دینے والے ہیں۔(از بیان القرآن)
حدیثِ مبارک میں ہے:
"عن جابر، قال: «لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا، ومؤكله، وكاتبه، وشاهديه» ، وقال: «هم سواء»."
(الصحیح لمسلم، 3/1219، باب لعن آكل الربا ومؤكله، ط: دار احیاء التراث ، بیروت) (مشکاة المصابیح، باب الربوا، ص: 243، قدیمی)
ترجمہ: حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے سود لینے والے اور دینے والے اور لکھنے والے اور گواہی دینے والے پر لعنت کی ہے اور فرمایا: یہ سب لوگ اس میں برابر ہیں، یعنی اصل گناہ میں سب برابر ہیں۔ اگرچہ مقدار اور کام میں مختلف ہیں۔ (از مظاہر حق)
ایک اور حدیثِ مبارک میں ہے:
"وعن ابن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " إن الربا وإن كثر فإن عاقبته تصير إلى قل. رواهما ابن ماجه والبيهقي في شعب الإيمان. "
(مشکاة المصابیح، باب الربوا، ص: 246، ط: قدیمی)
ترجمہ: حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: سود سے حاصل ہونے والا مال خواہ کتنا ہی زیادہ ہو، مگر اس کا انجام کمی یعنی بے برکتی ہے۔ (از مظاہر حق)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144204200405
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن