ناپاک کپڑے واشنگ مشین میں ڈالنے سے پاک ہوجاتے ہیں یا نہیں ؟ واشنگ مشین میں کپڑے دھونے طریقہ یہ ہےکہ مشین میں اوپر سے تین مرتبہ پانی ڈالا جاتا ہے اور مشین اسے گھماتی ہے،پھروہ پانی نیچے سے پائپ کھول کر نکال دیاجاتاہے،کیا اس طریقہ سے کپڑے پاک ہوجاتے ہیں؟نیز یہ بھی بتادیں کہ اگر کپڑوں میں نجاست لگنے کی جگہ معلوم نہ ہو اور مذکورہ طریقے سے کپڑے دھولیے جائیں ، توکیا اس سے کپڑے پاک ہوجائیں گے؟
واضح رہے کہ ناپاک کپڑوں کی پاکی کا طریقہ یہ ہے کہ انہیں تین مرتبہ اس طرح دھویا جائے کہ ہر مرتبہ نئے پانی سے دھو کر اچھی طرح سے نچوڑ لیا جائے،لہذا صورتِ مسئولہ میں واشنگ مشین میں تین مرتبہ پانی ڈالنے کے بعد اگراِسپینر مشین (یعنی مشین کا وہ حصہ جس میں کپڑا ڈال کر گھمانے سے کپڑے اچھی طرح نچوڑ جاتے ہیں، اور کچھ حد تک خشک بھی ہوجاتے ہیں) میں کپڑوں کو ڈال دیا جائے، اور اِسپینر کے اوپر صاف پانی کا پائپ لگاکر اتنی دیر چلایا جائے کہ گندے پانی کی جگہ صاف پانی نیچے پائپ سے آنا شروع ہوجائے، تو یہ کپڑے پاک ہوجائیں گےاوراگر مذکورہ طریقے کے مطابق اسپینر مشین سے ہرمرتبہ نچوڑا نہ جائے تو اوپر سے صرف تین مرتبہ پانی ڈالنے سے کپڑے پاک نہ ہوں گے ، بلکہ بدستور ناپاک رہیں گے،ایسے تمام کپڑوں کو دوبارہ پاک کرنا ضروری ہوگا، چاہے نجاست کی جگہ معلوم ہو یا نہ ہو، دونوں صورتوں میں کپڑے ناپاک رہیں گے۔
درمختار میں ہے:
"(و) يطهر محل (غيرها) أي: غير مرئية (بغلبة ظن غاسل) لو مكلفاً وإلا فمستعمل (طهارة محلها) بلا عدد، به يفتى. (وقدر) ذلك لموسوس (بغسل وعصر ثلاثاً) أو سبعاً (فيما ينعصر) مبالغاً بحيث لايقطر."
(كتاب الطهارة، باب الأنجاس :1/ 331،ط:سعيد)
فقط والله اعلم
فتوی نمبر : 144306100470
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن