ہمارے والدین کا انتقال ہوگیا ہے ،والدین کے والدین پہلے انتقال کر گئے تھے ،ورثاء میں ہم چار بھائی اور دو بہنیں ہیں والد کی جائیداد میں ایک مکان تھا جس کو ہم سب نے مل ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے میں فروخت کیا ہے،شریعت کے حساب سے کس کا کتنا حصہ بنتاہے رہنمائی فرمادیں؟
صورت مسئولہ میں مرحوم کے ترکہ کی تقسیم کا شرعی طریقہ یہ ہے کہ کل ترکہ میں سے سب سے پہلے ان کی تجہیز و تکفین کے اخراجات نکالے جائیں، اس کے بعد اگر ان پر کوئی قرضہ ہو تو اسے ادا کیا جائے،پھر اگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو باقی ماندہ ترکہ کے ایک تہائی سے اسے نافذکیا جائے، اس کے بعد باقی جائیداد منقولہ وغیر منقولہ کے10 حصے بناکر مرحوم کے ہر بیٹے کو 2 حصے اور ہر بیٹی کو ایک حصہ ملے گا۔
صورت تقسیم یہ ہے:
میت 10
بیٹا | بیٹا | بیٹا | بیٹا | بیٹی | بیٹی |
2 | 2 | 2 | 2 | 1 | 1 |
یعنی ایک کروڑ 50 لاکھ روپے میں سے ہر بیٹے کو 30 لاکھ روپے اور ہر بیٹی کو 15 لاکھ روپے ملیں گے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144304100636
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن