بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا والدین اولاد کے گھر میں اور اولاد والدین کے گھر میں مسافر ہوسکتی ہے؟ کوئٹہ اور کراچی دونوں میں گھر ہونے کی صورت میں قصر کا حکم


سوال

 کیا ماں باپ اپنی  اولاد کے گھر  میں مسافر ہو سکتے  ہیں؟  یعنی ماں باپ کا گھر کوئٹہ میں ہے اور اولاد کا گھر کراچی میں ہے، اب  ماں  باپ کراچی میں اپنے لڑکے گھر میں مسافر ہیں یا نہیں؟ اور  اسی طرح اولاد اپنے ماں باپ کے گھر میں ؟

دوسرا سوال یہ ہے کہ میرا  ایک گھر کوئٹہ میں اور دوسرا گھر کراچی میں اور میرا رہن سہن کوئٹہ میں ہے اور وہ کراچی والا گھر ویسے ہی  خالی پڑا ہوا ہے،  جب میں سفر کروں اور کراچی میں دو تین دن  کے لیے اپنا گھر جاؤں،  کیا میں وہاں مسافر ہوسکتاہوں یا نہیں؟ حوالہ کے ساتھ جواب دیں!

جواب

۱) اگر والدین کا گھر کوئٹہ میں ہو اور اولاد کا کراچی میں تو  والدین جب کراچی اپنی اولاد کے گھر جائیں گے ،  وہاں مسافر ہوں گے بشرطیکہ  15 دن سے کم رہنے کا ارادہ ہو، اسی طرح جب کراچی کی رہائشی اولاد اپنے والدین کے گھر کوئٹہ جائیں  گے تو  وہاں مسافر ہوں گے بشرطیکہ  15 دن سے کم رہنے کا ارادہ ہو۔

۲) واضح رہے کہ جو وطن انسان کا وطنِ اصلی ہو وہ  محض دوسری جگہ رہائش اختیار کرنے سے باطل نہیں ہوتا، بلکہ اگر کوئی  شخص اپنے وطنِ اصلی کے علاوہ کسی اور علاقے کو وطن بنالیتاہے اور پہلے وطن سے اہل وعیال اور جائیداد وغیرہ ختم نہیں کرتا تو  ایسے شخص کے لیے دونوں وطن ہی اس کے وطنِ اصلی کہلائیں گے اور ایسا آدمی دونوں جگہ نماز مکمل پڑھے گا۔

لہذا  صورتِ مسئولہ میں اگر آپ نے کراچی سے اپنا گھر ختم نہیں کیا ہے تو کراچی بھی کوئٹہ کی طرح  آپ کا وطنِ اصلی  شمار ہو گا اور جب بھی آپ وہاں جائیں گے تو اگرچہ پندرہ دن سے کم  مدت کے لیے جائیں وہاں مکمل نماز پڑھیں گے۔

الدر المختار و حاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 132):

"(قوله: والأصل أن الشيء يبطل بمثله) كما يبطل الوطن الأصلي بالوطن الأصلي، و وطن الإقامة بوطن الإقامة، و وطن السكنى بوطن السكنى."

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144110200876

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں