بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

یورین بیگ (urine bag) لگا ہو تو قرآن کی تلاوت


سوال

میرے والد صاحب کو معذور ی کی وجہ سے یورین بیگ لگا ہوا ہے، کیا وہ تلاوت قرآن پاک کر سکتے ہیں؟

جواب

شرعاً  ’’معذور ‘‘  ایسے شخص کو کہا جاتا ہے جس کو وضو توڑنے کے اسباب میں سے کوئی سبب (مثلاً: ریح،خون ، قطرہ وغیرہ) مسلسل پیش آتا رہتا ہو  اور ایک نماز کے مکمل وقت میں اس کو اتنا وقت بھی نہ ملے کہ وہ با وضو ہو کر وقتی فرض ادا کر سکے،لہذاصورتِ مسئولہ میں آپ کے والد  کے لیے  حکم یہ ہے کہ ہرفرض  نماز کے وقت تازہ وضو کریں اور اس وضو سے اس وقت میں فرض، سنت،نفل اور قضا  تمام نمازیں ادا کرسکتے ہیں، نیز اسی وضو سے قرآنِ کریم کو چھو کر اس کی تلاوت بھی کرسکتے ہیں۔محض تلاوت کے لیے دوبارہ وضو کرنا لازم نہیں ۔البتہ  اگر وضو اس پیشاب والے عذر کے علاوہ کسی اور وجہ سے ٹوٹا ہوتو دوبارہ وضو کرناضروری  ہوگا۔

تاہم قرآن کریم کو ہاتھ لگائے بغیر تلاوت کرنے کے لیے وضو کا ہونا شرط نہیں ہے۔

اور جیسے ہی نماز کا وقت نکل جائے تو اگلی نماز کے وقت میں کیا گیا وضو اس وقت کی تمام عبادات کے لیے کافی ہوگا۔

الجوہرۃ النیرۃ میں ہے :

’’( قوله: والمستحاضة ومن به سلس البول والرعاف الدائم إلى آخره) وكذا من به انفلات ريح واستطلاق بطن، ( قوله: فيصلون بذلك الوضوء ما شاءوا من الفرائض والنوافل )،  وكذا النذور والواجبات ما دام الوقت باقياً‘‘. (1/131) فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144108201772

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں