بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ٹوپی کے بغیر نماز پڑھنے کا حکم


سوال

کیا بغیر ٹوپی کے نماز ادا ہو جائے گی؟ اس میں کوئی گناہ تو نہیں ہے ؟

جواب

واضح ر ہے کہ سر پر عمامہ اور ٹوپی پہننا مستحب ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عمومی اَحوال میں عمامہ یا ٹوپی کے ذریعہ سر مبارک کو ڈھانپا کرتے تھے،  اسی طرح سے صحابہ و تابعین سے بھی ٹوپی پہنا ثابت ہے، اور یہ  مستحب  ہے، اور سر کاڈھانپنالباس کا حصہ ہے، صحابہ کرام علیہم الرضوان کا  اور آج تک صلحاءِ  امت کا بھی یہی معمول ہے، اس لیے ٹوپی اسلامی تہذیب وثقافت اور  لباس کا گویا ایک حصہ ہے،عام حالات میں بھی ننگے سر رہنا  ناپسندیدہ اور خلافِ  ادب ہے، یہ غیروں کی تہذیب اور ثقافت ہے۔

نیز  نماز  ایک  نہایت  عظیم  الشان  عبادت  ہے، نماز  میں بندہ اپنے رب  کے سامنے کھڑا ہوتا ہے اور اس سے محو کلام ہوتا ہے، اس لیے نماز  کے لیے لباس میں خاص طور پر زینت  اختیار کرنے کا حکم ہے، اس کی ترغیب آئی ہے، اس لیے خاص طور پر سر ڈھانک کر نماز پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے،  کاہلی، سستی اور لاپرواہی کی بنا پر ٹوپی کے بغیر ننگے سر نماز پڑھنا مکروہ ہے، البتہ نماز ادا ہوجائے گی۔  اور اگر کبھی ٹوپی پاس نہ ہو اور فوری طور پر کسی جگہ سے  میسر بھی نہ ہو سکتی ہو تو اس صورت میں ننگے سر نماز پڑھنے کی وجہ سے کراہت نہیں ہوگی۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 641):

"(وصلاته حاسراً) أي كاشفاً (رأسه للتكاسل)، ولا بأس به للتذلل، وأما للإهانة بها فكفر.

(قوله: للتكاسل) أي لأجل الكسل، بأن استثقل تغطيته ولم يرها أمراً مهماً في الصلاة فتركها لذلك، وهذا معنى قولهم تهاوناً بالصلاة وليس معناه الاستخفاف بها والاحتقار؛ لأنه كفر شرح المنية. قال في الحلية: وأصل الكسل ترك العمل لعدم الإرادة، فلو لعدم القدرة فهو العجز".

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144210200174

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں