بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

تصویری البم بنانے کا حکم


سوال

فوٹو البم بنانا کیسا ہے،جائز ہے یا ناجائز ہے؟

جواب

واضح رہے کہ احادیثِ  مبارکہ میں جان دار کی تصویر بنانے پر سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں، ایک حدیثِ  مبارک میں رسولِ پاک صلی اللہ علیہ و سلم کا اِرشاد ہے کہ قیامت کے دن سب سے سخت عذاب تصویر بنانے والوں کو ہوگا۔ دوسری حدیث مبارک میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ جان دار کی تصویر بنانے والے کو قیامت کے دن حکم دیا جائے گا اس تصویر میں روح ڈالے اور وہ ایسا نہیں کرسکے گا، پھر اس شخص کو جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔ ایک اور حدیثِ  مبارک میں رسولِ  کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے کہ جس گھر میں جان دار  کی تصویر یا کتا ہو وہاں رحمت کے فرشتے نہیں آتے۔

اسی وجہ سے فقہاءِ  کرام نے  جاندار کی تصویر اور ویڈیو بنانے اور بنوانے کو  حرام اور ناجائز کہا ہے،خواہ کسی بھی آلہ، کیمرہ یا موبائل وغیرہ سے بنائی جائے۔ اور ایسے کام کو پیشہ بنانا بھی جائز نہیں ہے  جس میں  جان دار کی تصاویر اور ویڈیو وغیرہ بنائی جاتی ہوں یا ان کی ایڈیٹنگ کی جاتی ہو۔ اور  ضرورتِ شدیدہ کے موقع پر انسانی تصویر (مثلًا: پاسپورٹ یا شناختی کارڈ وغیرہ کی تصویر) بنوانے کی اجازت دی گئی ہے، لیکن ملحوظ  رہے کہ  مجبوری اور ضرورت کی بنا پر جو تصویریں بنوائی جاتی ہیں اس سے تصویر کشی کی حرمت ختم نہیں ہوجاتی، البتہ مجبوری میں تصویر  بنوانے والے پر گناہ نہیں ہوتا، بلکہ  گناہ ایسا قانون بنانے والوں پر ہوتا ہے۔

لہذا صورت مسئولہ میں کسی شدید ضرورت کے بغیر کسی بھی جان دار کی  تصویر کھینچنا، بنانایا بنوانا ناجائز اور حرام ہے،  خواہ  یہ تصویر کشی ہاتھ سے کی جائے یا اس کے  لیے کوئی بھی  آلہ استعمال کیا جائے، لہٰذا جاندار کی تصاویر پر مشتمل البم بنانا بھی شرعًا ناجائز اور حرام ہے۔

حدیث شریف میں ہے:

"وعن عائشة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «أشد الناس عذاباً يوم القيامة الذين يضاهون بخلق الله."

(مشكاة المصابيح، ج، 2، صفحہ: 518، رقم الحدیث: 4495، ط: المكتب الإسلامي - بيروت)

"ترجمہ: حضرت عائشہ ؓ  ، رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ  آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  قیامت کے دن سب لوگوں سے زیادہ سخت عذاب  ان لوگوں کو ہوگا جو تخلیق میں اللہ تعالیٰ کی مشابہت اختیار کرتے ہیں۔"

(مظاہر حق جدید ، ج: 4، صفحہ: 229،  ط:  دارالاشاعت)

ایک اور حدیثِ مبارک  میں ہے:

"عن عبد الله بن مسعود قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «أشد الناس عذاباً عند الله المصورون."

(مشكاة المصابيح،ج: 2، صفحہ: 519، رقم الحدیث:4497، ط: المكتب الإسلامي - بيروت)

ترجمہ: حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کویہ فرماتے ہوئے سنا کہ ”اللہ تعالیٰ کے ہاں سخت ترین عذاب کا مستوجب، مصور  (تصویر بنانے والا)ہے“۔

(مظاہر حق جدید،   ج: 4، صفحہ: 230،  ط: دارالاشاعت)

ایک اور حدیثِ مبارک  میں اشاد ہے:

"عن ابن عباس قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «كل مصور  في النار يجعل له بكل صورة صورها نفسا فيعذبه في جهنم".

(مشكاة المصابيح،ج: 2، صفحہ: 519، رقم الحدیث:4497، ط:  المكتب الإسلامي - بيروت)

"ترجمہ: حضرت ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ  میں نے رسول کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے  ہوئے سنا کہ” ہر مصور دوزخ میں ڈالا جائے گا، اور اس کی بنائی  ہوئی ہر تصویر کے بدلے ایک شخص پیدا کیا جائے گا جو تصویر بنانے والے کو دوزخ میں عذاب دیتا رہے گا۔"

(مظاہر حق جدید، ج: 4، صفحہ: 230، ط: دارالاشاعت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144405101787

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں