
میری پہلی شادی سے میرے دو بیٹے ہیں، بڑا بیٹا چار سال کا ہونے والا ہے اور دوسرا دو سال کا۔ دوسرے بیٹے کے حمل کے دوران طلاق ہوگئی تھی۔ چھوٹے بیٹے کی پیدائش کے وقت میں نے اسے باپ کے حوالے کر دیا تھا۔ دونوں بچوں کو حوالگی کے بعد اب تک تقریباً دو سال گزر چکے ہیں اور مجھے ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ علاقے کے بڑے، علماء اور کورٹ تک معاملہ گیا، کورٹ نے بھی ماں کے حق میں ملاقات اور رکھنے کی اجازت دی، لیکن وسائل کی کمی اور باپ کی جانب سے کم خرچے کی وجہ سے بچوں کو واپس دینا پڑا۔ دوسرا بیٹا بیماری کی حالت میں بھی باپ کے پاس بھیجا لیکن اس نے نہ دودھ پلانے کا انتظام کیا نہ ملاقات کروائی۔
اب دو سال بعد بھی میں اپنے دونوں بچوں سے ملاقات کی خواہش رکھتی ہوں، لیکن باپ کورٹ میں آنے کو کہتا ہے جبکہ میری دوسری شادی ہوچکی ہے اور وہاں جانا ممکن نہیں۔
شریعت کی روشنی میں وضاحت درکار ہے کہ کیا ماں کو بچوں سے ملاقات کا حق حاصل ہے اور اس مسئلے کا بہتر حل کیا ہے۔
صورتِ مسئولہ میں میاں بیوی میں جدائی کے بعد سائلہ سابق شوہر کےلیے ان کی والد ہ (سائلہ) کو بچوں سے ملاقات کرنے سے روکنا شرعاً ناجائز ہے۔
والدہ(سائلہ) جب چاہے اپنے بچوں سے ملاقات کرسکتی ہے،البتہ اس کے لیے باہمی رضامندی سے کوئی ایسی جگہ متعین کردی جائے جہاں والدہ کےلیےملاقات کرنا بھی آسان ہو، اور بچوں کو بھی سہولت سے وہاں لایا جاسکتا ہو،یا سابق شوہر اپنے گھر ہی (جہاں بچے پرورش پا رہے ہو ں)سائلہ کو بچوں سے ملاقات کےلیے اجازت دےدے۔
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"الولد متى كان عند أحد الأبوين لا يمنع الآخر عن النظر إليه وعن تعاهده كذا في التتارخانية ناقلا عن الحاوي."
(کتاب الطلاق،الباب السادس عشر في الحضانة، ج:1، ص:543، ط:رشیدیة)
فتاویٰ شامی میں ہے:
"وفي الحاوي: له إخراجه إلى مكان يمكنها أن تبصر ولدها كل يوم كما في جانبها فليحفظ.
قلت: وفي السراجية: إذا سقطت حضانة الأم وأخذه الأب لا يجبر على أن يرسله لها، بل هي إذا أرادت أن تراه لا تمنع من ذلك.
ويؤيده ما في التتارخانية: الولد متى كان عند أحد الأبوين لا يمنع الآخر عن النظر إليه وعن تعهده. اهـ. ولا يخفى أن السفر أعظم مانع. (قوله: كما في جانبها) أي كما أنها إذا كان الولد عندها لها إخراجه إلى مكان يمكنه أن يبصر ولده كل يوم. (قوله: لا يجبر على أن يرسله) وكذا يقال في جانبها وقت حضانتها ط".
(كتاب الطلاق، باب الحضانة، ج:3، ص:571، ط:سعيد)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144702100052
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن