بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

26 ذو الحجة 1446ھ 23 جون 2025 ء

دارالافتاء

 

اسپرم بینک کے لیے سافٹ وئیر پر کام کرنا


سوال

میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہوں جو ایک امریکہ کی کمپنی کو مینجمنٹ سافٹ وئیر بنا کر دیتی ہے۔ اس کمپنی نے ایک دوسری کمپنی کو پر سرجیکل (Cooper Surgical) کو سافٹ وئیر بیچا اور سافٹ وئیر میں ترامیم کے لئے میری کمپنی سے رابطہ کیا، میری کمپنی نے مجھے بھی اس ٹیم کا حصہ بنا دیا۔ جس کمپنی کے لئے ہم سافٹ وئیر میں ترامیم کر رہے ہیں اس کا تعلق میڈیکل کے شعبے سے ہے جو کہ عورتوں کی صحت اور بانجھ پن سے متعلق مندرجہ ذیل سروسز مہیا کرتی ہے:

۱) تولیدی نگہداشت (Reproductive Care) : مانع حمل آلات ، خاندانی منصوبہ بندی کے حل۔

۲) بانجھ پن اور زچگی (Fertility & Birth) : نطفہ و بیضہ عطیہ دہندگان کی سہولت، (In Vitro Fertilization (IVF اور مصنوعی تولید یٹیکنالوجیز (Assisted Reproductive Techniques (ART ، حمل، پیدائش اور بچوں کی حفاظت سے متعلق جدید حل۔

 ۳) نوزائیدہ اسٹیم سیل بینکنگ: نوزائیدہ بچوں کے اسٹیم سیلز Stem Cells کو محفوظ کرنا (Cord Blood Registry)

۴) خواتین کی صحت اور تشخیص  (Women's & Family Care ) : تیزر فتار تشخیصی آلات، غیر معمولی رحم کی حالتوں کا علاج۔

۵) گائناکالوجیکل سرجری: لیپروسکوپک اور دیگر سرجری آلات جدید یو تیرن مانیپولیٹرز اور کاسمیٹک سکن کلوژر حل ریٹر یکٹرز، اسموک ایویکیوشن سسٹمز ، ڈوپلر بلڈ فلوما نیٹر ز وغیرہ۔

جس سافٹ وئیر مینجمنٹ سسٹم پر میں کام کر رہا ہوں وہ خاص طور پر اسپرم بینک Sperm Bank کے لئے بنایا گیا ہے جو اسپرم ڈونرز کی تفصیلات محفوظ کرنے اور میڈیکل ٹیسٹ سے لے کر اسپرم ڈونیشن Sperm Donation کے لئے منتخب ہونے اور پھر ڈونیشن دینے تک کے سفر کو محفوظ کرتا ہے۔

اسپرم بینک کی خدمات یعنی سروسز مندرجہ ذیل ہیں:

۱) یہ افراد اور خاندانوں کو بچے پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے ، خاص طور پر وہ جو قدرتی طور پر بچے پیدا نہیں کر سکتے۔

۲) یہ مردانہ نطفہ ، زنانہ بیضے ، اور نوزائیدہ بچوں کے اسٹیم سیلز کو جمع، منجمد ، اور محفوظ کرتا ہے۔

۳) یہ افراد یا جوڑوں کو اپنی فیملی شروع کرنے میں مدد دیتا ہے، جیسے کہ : سپرم ڈونیشن (نطفہ عطیہ کرنا یا حاصل کرنا)، ایگ ڈونیشن ( بیضہ عطیہ یا خریدنا)، خاندانی منصوبہ بندی کے لیے مخصوص ڈونرز کا انتخاب اور وائلز کی خرید و فروخت ، نوزائیدہ بچوں کے اسٹیم سیلز کو محفوظ کرنا۔

اسپرم بینک کی سروس دنیا بھر میں دستیاب ہے اور خاص طور پر سنگل ماؤں، LGBTQ + جوڑوں، یا بانجھ پن کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے معاون ثابت ہوتی ہے۔

حضرات مفتیان کرام سے میرے درج ذیل سوالات ہیں:

سوال نمبر 1: کیا میرا اس کمپنی کے لئے ڈونر مینجمنٹ سافٹ وئیر سسٹم پر کام کرنا جائز ہے ؟

سوال نمبر ۲: اگر میری کمپنی کہتی ہے کہ وہ مجھے کسی اور پروجیکٹ پر لگائے گی، لیکن کچھ مدت کام کرنے کے بعد ، تو کیا میرے لیے اس میں کوئی گنجائش ہے؟

سوال نمبر ۳: اگر میں اس کمپنی سے استعفی دے دوں تو مجھے ۳۰ دن کا نوٹس پیریڈ دینا ہو گا۔ اس عرصے میں کیا میں سافٹ وئیر مینیجمنٹ سسٹم پر کام کر سکتا ہوں؟

جواب

اسپرم (مادہ منویہ) بینک قائم کرنا، لوگوں کا اسپرم (مادہ منویہ) عطیہ کرنا اور پھر خواتین کا اس اسپرم کو استعمال  کرنا یہ تینوں عمل شرعا ناجائز اور حرام ہیں۔خواتین کا اولاد کے حصول کے لیے  اجنبی مرد کے اسپرم (مادہ منویہ) کو استعمال کرنا شرعا حرام اور بدترین گناہ ہے  اور یہ عمل نسب کے خلط ہونے کا ذریعہ بھی ہے۔

پس جب اسپرم بینک کا قائم کرنا ناجائز ہے تو پھر اسپرم بینک کے قیام میں ہر قسم کی معاونت ناجائز ہے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن حلال نہیں ہےلہذا:

۱) صورت مسئولہ میں سائل کے لیے مذکورہ کمپنی کے لیے ڈونر مینیجمنٹ سافٹ وئیر پر کام کرنا ناجائز ہے۔

۲) سائل اپنی کمپنی سے اپنا عذر بیان کرکے معذرت کرلے، سائل کے لیے  کچھ عرصہ کام کرنے کی شرعا  گنجائش نہیں ہے۔ہاں اگر اس بات کا اندیشہ ہے کہ اگر کام نہیں کیا تو کمپنی نکال دے گی اور سائل کے پاس نئی نوکری ملنے تک گزارے کا کوئی سبب بھی نہیں ہے تو پھر مجبوری کی صورت میں گناہ سمجھ کر کام کرلے اور ساتھ ساتھ متبادل نوکری بھی تلاش کرے اور جیسے ہی نوکری مل جائے اس نوکری کو چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہوجائے۔

۳) استعفی دینے کی صورت میں سائل پر شرعا لازم نہیں ہے کہ وہ  معاہدہ کے مطابق ۳۰ دن تک اس کمپنی کے لیے کام کرتا رہے کیونکہ معاہدہ کی پابندی وہاں ضروری ہوتی ہے جب کوئی شرعی مانع نہ ہو۔ صورت مسئولہ میں جب معاہدہ کی پاسداری کرنے کی صورت میں ناجائز کا ارتکاب ہورہا ہے تو پھر معاہدہ کی پاسداری ضروری نہیں ہے۔ 

کمپنی سائل کے عذر کو قبول کرکے سائل کو دوسرے کسی کام میں منتقل کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ سائل استعفی دے کر اپنی جان چھڑائے۔ 

فتاوی شامی میں ہے:

"(و) جاز تعمير كنيسة و (حمل خمر ذمي) بنفسه أو دابته (بأجر) .»لا عصرها لقيام المعصية بعينه.

(قوله وجاز تعمير كنيسة) قال في الخانية: ولو آجر نفسه ليعمل في الكنيسة ويعمرها لا بأس به لأنه لا معصية في عين العمل (قوله وحمل خمر ذمي)

قال الزيلعي:وهذا عنده وقالا هو مكروه " لأنه عليه الصلاة والسلام «لعن في الخمر عشرة وعد منها حاملها» وله أن الإجارة على الحمل وهو ليس بمعصية، ولا سبب لها وإنما تحصل المعصية بفعل فاعل مختار، وليس الشرب من ضرورات الحمل، لأن حملها قد يكون للإراقة أو للتخليل، فصار كما إذا استأجره لعصر العنب أو قطعه والحديث محمول على الحمل المقرون بقصد المعصية اهـ زاد في النهاية وهذا قياس وقولهما استحسان،ثم قال الزيلعي: وعلى هذا الخلاف لو آجره دابة لينقل عليها الخمر أو آجره نفسه ليرعى له الخنازير يطيب له الأجر عنده وعندهما يكره.

وفي المحيط لا يكره بيع الزنانير من النصراني والقلنسوة من المجوسي، لأن ذلك إذلال لهما وبيع المكعب المفضض للرجل إن ليلبسه يكره، لأنه إعانة على لبس الحرام وإن كان إسكافا أمره إنسان أن يتخذ له خفا على زي المجوس أو الفسقة أو خياطا أمره أن يتخذ له ثوبا على زي الفساق يكره له أن يفعل لأنه سبب التشبه بالمجوس والفسقة اهـ."

(کتاب الحظر و الاباحہ ج نمبر ۶ ص نمبر ۳۹۱،ایچ ایم سعید)

أحكام القرآن للجصاص  میں ہے:

"وقوله تعالى وتعاونوا على البر والتقوى يقتضي ظاهره إيجاب التعاون على كل ما كان تعالى لأن البر هو طاعات الله وقوله تعالى ولا تعاونوا على الإثم والعدوان نهي عن معاونة غيرنا على معاصي الله تعالى."

(سورۃ مائدۃ آیت نمبر ۲ ج نمبر ۳ ص نمبر ۲۹۶،دار احیاء التراث)

محیط برہانی میں ہے:

"ولو استأجره ليبيع له ميتة لم يجز؛ لأن بيع الميتة لا تجوز في دين من الأديان لأنه لا ثمن لها، وإذا لم يجز بيعه فقد استأجر على فعل ليس في وسعه تحصيله بحال."

(کتاب الاجارات، فصل خامس عشر، ج نمبر ۷، ص نمبر ۴۸۳، دار الکتب العلمیۃ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144612100378

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں