بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تین تولہ سونا اور جہیز کا سامان ملکیت میں ہونے کی صورت میں زکوٰۃ اور قربانی کا حکم


سوال

ایک آدمی کی بیوی کے پاس تقریباً 3 تولہ سونا ہے، جب کہ باقی گھر کا سامان اور برتن وغیرہ جو شادی بیاہ میں جہیز کے طور پر ساتھ آتے ہیں، لیکن سامان مستقل گھر میں موجود ہونے کی وجہ سے استعمال نہیں ہوتا؛ کیوں کہ مرد پردیس میں  پڑھاتا ہے اور بیوی بچے ساتھ ہوتے ہیں تو گھر کا سامان سال میں ایک بار بھی استعمال میں نہ ہونے کی وجہ سے زکوٰۃ و قربانی کا کیا حکم ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں  اگر مذکورہ عورت کی ملکیت میں صرف تین تولہ سونا ہو  اور اس کے ساتھ سال کے شروع اور آخر میں نقد رقم، مال تجارت،اور چاندی نہ ہو تو اس عورت پر زکوٰۃ واجب نہیں ہوگی، اگرچہ اس کے پاس ضرورت سے زائد جہیز کا سامان موجود ہو۔

باقی قربانی واجب ہونے کا نصاب وہی ہے جو صدقۂ فطر کے واجب ہونے کا نصاب ہے، یعنی جس عاقل، بالغ ، مقیم ، مسلمان  مرد یا عورت کی ملکیت میں قربانی کے ایام میں قرض کی رقم منہا کرنے بعد ساڑھے سات تولہ سونا، یا ساڑھے باون تولہ چاندی، یا اس کی قیمت کے برابر رقم ہو،  یا تجارت کا سامان، یا ضرورت  و استعمال سےزائد اتنا سامان  موجود ہو جس کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو، یا ان میں سے کوئی ایک چیز یا ان پانچ چیزوں میں سے بعض کا مجموعہ ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر  ہوتو ایسے مرد وعورت پر قربانی واجب ہے۔

قربانی  واجب ہونے کے لیے نصاب کے مال ، رقم یا ضرورت سے  زائد سامان پر سال گزرنا شرط نہیں ہے، اور تجارتی ہونا بھی شرط نہیں ہے، ذی الحجہ کی بارہویں تاریخ کے سورج غروب ہونے سے پہلے  اگر نصاب کا مالک ہوجائے تو ایسے شخص پر قربانی  واجب ہے۔

ضرورتِ اصلیہ سے مراد وہ ضرورت ہے جو جان اور آبرو سے متعلق ہو یعنی اس کے پورا نہ ہونے سے  جان یا عزت وآبرو جانے کا اندیشہ ہو، مثلاً: کھانا ، پینا، پہننے کے کپڑے، رہنے کا مکان، اہلِ صنعت وحرفت کے لیے ان کے پیشہ کے اوزار ضرورتِ اصلیہ میں داخل ہیں۔

اور ضرورت سے زائد سامان سے مراد یہ ہے کہ وہ چیزیں انسان کی استعمال میں نہ ہوں، اور  ہر  انسان کی ضروریات اور حاجات عموماً دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں ، اور راجح قول کے مطابق ضروریات کو پوری کرنے کے لیے  اشیاء کو جائز طریقہ سے اپنی ملکیت میں رکھنے کی کوئی خاص  تعداد شریعت کی طرف سے مقرر نہیں ہے، بلکہ جو چیزیں انسان کے استعمال میں ہوں اور انسان کو اس کے استعمال کی حاجت پیش آتی ہو اور وہ اشیاء تجارت کے لیے نہ ہوں تو  ضرورت اور حاجت کے سامان میں داخل ہے۔

لہذا جو چیزیں ان انسان کے استعمال میں نہ ہوں اور اس کو ان کی حاجت بھی نہ ہوتی ہو تو وہ ضرورت سے زائد سامان میں شامل ہے، قربانی کے نصاب میں اس کی مالیت کو شامل کیا جائے گا۔

لہذا مذکورہ عورت کو والدین کی طرف سے جہیز کا جو سامان ملا ہے، اگر وہ  سال بھر میں کبھی بھی استعمال نہ ہوتا ہو  (اور ایک مرتبہ بھی استعمال نہ ہوا ہو) تو اگر سونا اور  سامان کی مجموعی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی سے زیادہ ہو تو اس عورت پر قربانی واجب ہوجائے گی۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6/ 312):

"و شرائطها: الإسلام والإقامة واليسار الذي يتعلق به) وجوب (صدقة الفطر)،

(قوله: واليسار إلخ) بأن ملك مائتي درهم أو عرضاً يساويها غير مسكنه وثياب اللبس أو متاع يحتاجه إلى أن يذبح الأضحية، ولو له عقار يستغله فقيل: تلزم لو قيمته نصاباً، و قيل: لو يدخل منه قوت سنة تلزم، وقيل: قوت شهر، فمتى فضل نصاب تلزمه. ولو العقار وقفاً، فإن وجب له في أيامها نصاب تلزم."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212200714

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں