بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سرکے بالوں پر سیاہ خصاب لگانے کاحکم


سوال

میری عمر 31 سال ہے اور شادی شدہ ہوں میرے سر کے بال سفید ہیں ،کیا بالوں کو مکمل بلیک کلر نہیں بلکہ ہلکی بلیک مائل کلر دے سکتا ہوں؟ اور برائے کرم مجھے کچھ کلر کے نام اور نمبر بتا دیجئے جو لگانا جائز ہیں۔

جواب

واضح رہے کہ داڑھی یا سر کے بال اگر سفید ہوجائیں،خواہ کسی بھی عمر  میں سفید ہوجائیں،تو خالص  سیاہ رنگ کے علاوہ کوئی بھی رنگ لگاسکتے ہیں،البتہ خالص سیاہ رنگ کا خضاب لگاناجائز نہیں ہے، احادیثِ مبارکہ میں اس کی ممانعت اور سخت وعید آئی ہے، چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:آخری زمانہ میں کچھ لوگ ہوں گے جوسیاہ خضاب لگائیں گےجیسے کبوتر کا پوٹہ،اُن لوگوں کوجنت کی خوشبوبھی نصیب نہیں ہوگی،لہذا صورت ِ مسئولہ میں  سائل اگر   اپنے سر کے بالوں کو خضاب لگانا چاہتاہے  تواسے  خالص سیاہ رنگ کے علاوہ  کسی بھی رنگ کا خضاب لگانے کی اجازت ہے   ۔

سنن ابی داود میں ہے:

"عن ابن عباس رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلّى الله عليه وسلّم: يكون قومٌ يخضِبون في آخر الزمان بالسواد كحواصل ‌الحمام، لايُريحون رائحةَ الجنّة."

(سنن ابی داود،کتاب اللباس،باب  ماجاء فی خضاب السواد،ج:4،ص:87،رقم الحدیث:4212،ط:المکتبة العصریة)

صحیح مسلم میں ہے:

"عن جابر بن عبد الله، قال: أتي بأبي قحافة يوم فتح مكة ورأسه ولحيته كالثغامة بياضًا، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: غيروا هذا بشيء، ‌واجتنبوا ‌السواد."

(صحیح مسلم،کتاب اللباس والزینة،باب في صبغ الشعر وتغییر الشیب،ج:3،ص:1663،رقم الحدیث:2101،ط:دار احیاء التراث العربی)

فقط وللہ اعلم


فتوی نمبر : 144311102219

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں