بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 محرم 1448ھ 23 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

شوہر کا واٹس اپ اسٹیٹس پر لکھنا کہ میں نے جس سے نکاح کیا تھا اس کو طلاق دے دی


سوال

ایک لڑکی کا نکاح ہوا، ابھی رخصتی نہیں ہوئی تھی کہ لڑکا لڑکی میں ایک دن لڑائی  ہوگئی اور لڑکے نے جذبات میں آکر اپنے واٹس ایپ پر اسٹیٹس لگایا اور یہ الفاظ لکھے: میں نے جس سے نکاح کیا تھا اسے طلاق دے دی، وہ غلط لڑکی نکلی، پلیزسب سے گزارش ہے کہ مجھے اب اس سے منسوب نہ کریں۔ یہ اسٹیٹس صرف ایک منٹ کے لیے لگایا تھا کسی کو نہیں دکھلایا، صرف لڑکی کو شو کروایا، اس کے بعد ہٹا دیا،لڑکے نے منہ سے خود نہیں کہا کہ طلاق دی ہے، لڑکے نے اسٹیٹس لڑکی کو دکھانے کے لیے لگایا تھا اور ابھی رخصتی نہیں ہوئی ہے، اب کیا شرعا کوئی گنجائش ہے یا نہیں؟

جواب

صورت مسئولہ میں لڑکے نے واٹس ایپ اسٹیٹس پر جو الفاظ لکھےکہ: میں نے جس سے نکاح کیا تھا اسے طلاق دے دی،ان سے لڑکی پر ایک طلاق بائن واقع ہوگئی ہےاور دونوں کے درمیان نکاح ختم ہوگیا ہے، لڑکی پر عدت گزارنا لازم نہیں ہے، اب طلاق کے بعد مذکورہ لڑکا دوبارہ اس لڑکی سے نکاح کرنا چاہے تو  از سر نو مہر مقرر کرکے  گواہوں کی موجودگی میں تجدیدِ نکاح کرسکتا ہے، اور آئندہ کے لیے شوہر کو دو طلاقوں کا اختیار ہوگا۔

فتاویٰ شامی میں ہے:

"(وإن فرق) بوصف أو خبر أو جمل بعطف أو غيره (بانت بالأولى) لا إلى عدة (و) لذا (لم تقع الثانية) بخلاف الموطوءة حيث يقع الكل وعم التفريق."

(كتاب الطلاق، باب طلاق غير المدخول بها، ج: 3، ص: 286، ط: سعيد)

فقط والله أعلم


فتویٰ نمبر : 144704102174

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں