بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شادی کے بعد عورت کا اپنے نام کے ساتھ والد کے بجائے شوہر کا نام لگانا


سوال

عورت  شادی کے بعد اپنے نام  کے  ساتھ  والد کا نام ہٹا کر شوہر کا نام لکھ سکتی ہے،  مثلًا: عالیہ،  اکرم  کی  بیٹی   ہے،  وہ  اپنا نام عالیہ اکرم لکھتی تھی۔ اس کی شادی فاروق سے ہوئی تو اس نے اپنا نام عالیہ اکرم سے عالیہ فاروق لکھنا شروع کر دیا۔   براہِ کرم راہ نمائی فرمایئے!

جواب

عورت کے نام کے ساتھ  والدکا نام لگے یا شوہر کا،  درحقیقت مقصد اس سے تعارف اور شناخت  ہے، اور یہ  شناخت ان دو طریقوں سے بھی ہوتی ہے اور ان  کے  علاوہ سے  بھی ہوسکتی ہے۔ قرآن و حدیث میں بعض عورتوں کا تعارف اللہ نے ان کے شوہروں کی نسبت سے کرایا ہے۔ قرآنِ  کریم  میں  ہے:

﴿ اِمْرَاَةَ نُوْحٍ وَّ امْرَاَةَ لُوْطٍ، كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَیْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَیْنِ ﴾[التحریم:10]

 ترجمہ: یعنی حضرت نوح علیہ السلام کی بیوی اور حضرت لوط علیہ السلام کی بیوی ۔۔۔ الخ

حدیث مبارکہ  میں ہے:

  "جَاءَتْ زَینب امْرَأَةُ ابْنِ مَسْعُودٍ، تستأذن عَلیه، فَقیل: یا رَسُولَ الله، هذه  زینَبُ، فَقَالَ: أَي الزیانِبِ؟ فَقِیلَ: امْرَأَةُ ابْنِ مَسْعُودٍ، قَالَ: نَعَمْ، ائْذَنُوا لَها".(بخاری و مسلم)

حضرت ابوسعید خُدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ زینب جو امراۃ ابنِ  مسعود ہیں، یعنی حضرت ابنِ  مسعود رضی اللہ عنہ کی بیوی زینب، آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آئیں اور اجازت طلب کی، پوچھا گیا کون سی زینب؟ جواب دیا گیا کہ: امراۃ ابنِ مسعود. آپ ﷺ نے فرمایا کہ: ہاں! اُسے آنے کی اجازت ہے.

اس لیے  یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس سے کوئی شرعی ضابطہ ٹوٹتا ہو، مقصد تعارف اور شناخت ہے، لہذ ا  شادی کے بعد شناخت کے لیے عورت کے نام کے ساتھ والد کا نام رہے یا شوہر کا نام آجائے ، دونوں جائز ہیں، ہمارے برصغیر پاک وہند میں شادی کے بعد عورت کے نام کے ساتھ تعارف کے لیے شوہر کا نام لگایا جاتا ہے، اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144205200084

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں